سندھ بھر کی تمام یونین کونسلوں کو نادرا کے مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس سے منسلک کر دیا گیا ہے
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے نادرا حکام اور محکمہ بلدیات سندھ کے افسران کے مشترکہ اجلاس منعقد کیے جاتے رہے جس کے تحت سندھ کی تمام یونین کونسلز کو نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے رئیل ٹائم اپ گریڈیشن کے تحت منسلک کرنا مقصود تھا جس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوچکی ہے
نجم شاہ نے کہا کہ پہلے پیدائش، اموات، نکاح و طلاق کے سرٹیفکٹس کے اجرا کے لیے مینیول طریقہ کار رائج تھا تاہم اب صوبے کی تمام یونین کونسلز نادرا کے مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس سے منسلک کرکے فعال کردی گئی ہیں، کسی بھی یونین کونسل سے ایک بار جاری ہونے والاسرٹیفکٹ دوبارہ کسی صورت ملک کی کسی اور یونین کونسل سے جاری نہیں ہو سکے گا
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس منفرد اور عوامی بہبود کے منصوبے کو نہ صرف ڈیزائن کیا بلکہ عوام کی سہولت کے لیے باقاعدہ فعال بھی کر دیا گیا ہے
نجم احمد شاہ نے مزید بتایا کہ ریئل ٹائم اپ گریڈیشن پراسس کے تحت محض ایک گھنٹے میں درج شدہ کوائف نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے تصدیق کے بعد یونین کونسلوں میں نمودار ہوجائیں گے جس کے بعد پورے ملک کی کسی بھی دوسری یونین کونسل یا ٹاؤن کمیٹی سے ان ہی کوائف پر مشتمل بوگس یا جعلی سرٹیفکٹ کا اجرا ممکن نہیں ہو گا.