نیویارک: کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرین نے دنیا کی مختصر ترین طبی چپ بنائی ہے جسے عام سوئی میں رکھ کر جسم میں اتارا جاسکتا ہے
جسم کے اندر جاکر یہ درجہ حرارت، آکسیجن کی سطح اور دیگر اہم اشیا کو نوٹ کرسکتی ہے۔ اس میں ’نیورل ڈسٹ‘ نامی جدید سینسر شامل کر کے ہاتھوں ہاتھ اعصابی سگنل معلوم کئے جاسکتے ہیں
کولمبیا یونیورسٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دنیا کا مختصر ترین طبی چپ کا مکمل نظام ہے، جس کا ہر حصہ مکمل طور پر کام کرتا ہے اور اس کی جسامت صرف 0.1 مکعب ملی میٹر ہے۔ اسے صرف خردبین سے ہی دیکھا جاسکتا ہے اور یہ بہت کم توانائی استعمال کرتا ہے
اس میں آر ایف (ریڈیو فری کوئنسی) کی بجائے الٹراساؤنڈ امواج کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے ایک پیزوالیکٹرک ٹرانسڈیوسر نصب ہے جسے اینٹینا کہا جاسکتا ہے۔ اس طرح یہ الٹراساؤنڈ کے ذریعے رابطہ کرتا ہے
جب اسے زندہ چوہوں پر آزمایا گیا تو اس نے جسم کے اندر کا درجہ حرارت یا اس میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ کیا
اس کامیابی کے بعد اسے انسانوں پر بھی آزمایا جاسکے گا۔ تھوڑی سی تبدیلی کے بعد اس سے بلڈ پریشر، خون میں شکر اور سانس کے افعال بھی نوٹ کئے جاسکیں گے
یقیناً دنیائے طب میں یہ ایک اہم پیشرفت ہے جس میں جسم کے اندرونی ماحول میں انتہائی مختصر ترین چپ بنائی گئی ہے.