کراچی بار ایسوسی ایشن نے بحریہ ٹاؤن کراچی کے خلاف قرارداد منظور کر لی ہے
تفصیلات کے مطابق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن ملک ریاض کی طرف سے بحریہ ٹاؤن کے نام پر کراچی سمیت سندھ کے غیور عوام کی اراضی پر ناجائز قبضے کو سختی سے مسترد کرتی ہے
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے عوام کی طرف سے سندھ بھر میں احتجاج کے باوجود ، بحریہ ٹاؤن انتظامیہ اب بھی مقامی لوگوں کو مستقل طور پر ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنارہی ہے جو قابل برداشت نہیں ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ملک ریاض نہ صرف زمینوں پر غیرقانونی قبضہ کررہا ہے بلکہ وہاں بسنے والے لوگوں کے مکانات اور کھیتوں کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے اور ان کی زندگی کو جہنم بنا رہا ہے۔ ملک ریاض وہ شخص ہے جس نے سیاستدانوں اور لالچی دلالوں کی مدد سے سندھ کی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کیا
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ سب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناک کے نیچے کیا جارہا ہے لیکن وہ ابھی تک اس معاملے پر خاموش ہیں اور بحریہ ٹاؤن کی طرف سے زمینوں پر قبضے کا سلسلہ جاری ہے
کراچی بار ایسوسی ایشن نے حکومت پاکستان اور سندھ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ زمینوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کرے تاکہ اس قسم کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے اور ملک ریاض سمیت دیہات پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے.