وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں میں بھیجے جانے کی ہدایت کر دی ہے
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شدید بارشوں سے متاثرہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے تمام 6 اور حیدر آباد کے 9 اضلاع سمیت سندھ بھر کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا، یاد رہے کراچی میں شدید ترین بارشوں میں 3 روز کے دوران مختلف حادثات میں 40 سے زائد افراد کی اموات ہوئی تھیں
سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے ضلعی شرقی، وسطی، جنوبی، غربی، ملیر اور کورنگی، حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، جامشورو، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری اور دادو کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے
اس کے علاوہ میرپورخاص ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور خاص، عمر کوٹ اور تھرپارکر جب کہ نوابشاہ ڈویژن کے 2 اضلاع شہید بے نظیر آباد اور سانگھڑ کو بھی آفت زدہ قرار دیا گیا ہے
نوٹیفکیشن میں آفت زدہ قرار دئے گئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے معاوضے کی ادائیگی کے لئے بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے
اس سے قبل سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی ہدایت کی
وزيراعلیٰ سندھ کو بريفنگ دیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او نے بتایا کہ ڈیفنس کے 25 سے 30 سب اسٹیشنز میں پانی چلا گیا، سندھ حکومت نکاسی میں مدد کرے، پانی نکلتے ہی بجلی بحال کردیں گے
وزیراعلیٰ سندھ نے اس پر کے ایم سی کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک سب اسٹیشن میں پانی کلیئر کرے. انہوں نے کہا کہ مل جل کر سب اسٹیشنز اور ڈی ایچ اے کے علاقوں سے پانی نکالتے ہیں، ہمیں قدرتی آفت میں مل جل کر ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی حیدرآباد اور سندھ کے دیگر علاقوں میں اتوار سے مزید دو روز بارش کا امکان ہے، مون سون کے موسم میں اب تک کراچی میں 460 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے.