نیو یارک اور سنگاپور دنیا کے سب سے مہنگے شہر، کراچی سب سے سستے شہروں میں شامل

ویب ڈیسک

دی اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کے سالانہ سروے کے مطابق امریکہ کا شہر نیویارک اور سنگاپور دنیا کے سب سے مہنگے شہر ہیں، جبکہ پاکستان کا شہر کراچی دنیا کے سب سے سستے شہروں میں شامل ہے

یہ پہلی بار ہے کہ نیویارک مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آیا ہے۔ گذشتہ سال کی رینکنگ میں اسرائیل کا شہر تل ابیب پہلے نمبر پر تھا، جو اب تیسرے نمبر پر آ چکا ہے

سروے کے مطابق رواں سال دنیا کے بڑے شہروں میں رہائش کا خرچ اوسطاً 8.1 فیصد تک بڑھ گیا۔ اس مہنگائی کی وجوہات میں یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے ساتھ ساتھ کورونا کی وبا کے بعد سامان کی رسد کی فراہمی پر پڑنے والا دباؤ سرفہرست ہے

مہنگائی کی اس عالمی لہر سے ترکی کا شہر استنبول سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں قیمتوں میں 86 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ بیونس آئرس میں 64 فیصد تک اور ایران کے دارالحکومت تہران میں افراطِ زر میں 57 فیصد اضافہ ہوا

امریکہ میں بھی افراطِ زر میں اضافہ ہوا اور یہی وجہ ہے کہ اس سال نیویارک نے مہنگے شہروں کی فہرست میں ترقی کی ہے

امریکہ کے شہر لاس اینجیلس اور سان فرانسسکو بھی دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں پہلے دس شہروں میں شامل ہیں۔ رواں سال کے آغاز پر امریکہ میں مہنگائی کی شرح 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی تھی

مہنگائی کے حوالے سے رواں سال کی فہرست میں امریکی شہروں کی ترقی میں ایک اور وجہ ڈالر کی قدر میں اضافہ بھی بتایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب یوکرین پر روس کے حملے کے بعد مغربی پابندیوں کی وجہ سے روسی شہروں نے بھی مہنگے شہروں کی فہرست میں ترقی کی ہے

ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ 88 اور 70ویں نمبر سے 37ویں اور 73ویں نمبر پر آ چکے ہیں۔

سروے کے نتائج
دی اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کے سالانہ سروے میں دنیا کے 172 شہروں کا موازنہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس بار یوکرین کے شہر کیئو کو اس سروے میں شامل نہیں کیا گیا

اس سروے کی سربراہی کرنے والی اپسانا دت کا کہنا ہے ”یوکرین جنگ اور روس پر مغرب کی پابندیوں کے ساتھ چین کی زیرو کورونا پالیسی نے عالمی رسد کی فراہمی میں مسائل پیدا کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایکسچینج ریٹ میں اتار چڑھاؤ اور شرح سود میں اضافے کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی بڑھی ہے“

انہوں نے بتایا ”172 شہروں میں جس طرح مہنگائی بڑھی، وہ بیس سال کے دوران سب سے زیادہ اوسط ہے۔“

2022 میں دنیا کے سب سے مہنگے شہروں کی ترتیب وار فہرست درجِ ذیل ہے:

1۔ نیو یارک، سنگا پور

3۔ تل ابیب

4۔ ہانگ کانگ، لاس اینجیلیس

6۔ زیورچ

7۔ جینیوا

8۔ سان فرانسسکو

9۔ پیرس

10۔ کوپن ہیگن

جبکہ دنیا کے سب سے سستے شہر یہ ہیں:

161۔ بنگلور / چنئی

165۔ احمد آباد

166۔ الماتے

167۔ کراچی

168۔ تاشقند

169۔ تیونس

170۔ تہران

171۔ طرابلس

172۔ دمشق

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close