کراچی : محکمہ تعلیم سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لئے جائیں گے
ترجمان کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا
ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لئے جائیں گے، اور گیارہویں جماعت کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لئے جائیں گے
تمام امتحانات میں صرف اختیاری مضامین کے پیپرز ہوں گے۔ جب کہ پہلی سے آٹھویں تک کے امتحانات اسکولوں میں ہوں گے، تاریخ کا اعلان اسکول اپنے طور پر کر سکیں گے
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ امتحانات کے 45 روز کے بعد پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ نویں اور گیارہویں کے نتائج کا اعلان دسویں اور بارہویں کے بعد کیا جائے گا
اختیاری مضامین میں اگر کوئی طالبعلم فیل ہوتا ہے تو اس کو پاسنگ مارکس دئیے جائیں گے اور لازمی مضامین کے مارکس اختیاری مضامین کے مارکس کی بنیاد پر دئیے جائیں گے
جب کہ تھیوری امتحانات کے بعد ہی پریکٹیکل امتحانات لئے جائیں گے، پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولز اور کالجز میں ہی ہوں گے.