لاڑکانہ ایکسپریس شاہنواز ڈاہانی وکٹیں اڑانے میں سر فہرست

نیوز ڈیسک

پی ایس ایل کے حالیہ میچوں میں شاندار بالنگ کے ذریعے 20 وکٹیں لینے والا شاہنواز ڈاھانی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے، سندھ میں لاڑکانہ کی وجہ شہرت ویسے تو سیاست ہے، لیکن شاہنواز ڈاہانی بھی آج کل لاڑکانہ کی شہرت کی وجہ بنے ہوئے ہیں

ملتان سلطانز کے نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز ڈاھانی ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ کے ٹاپ بولر بن گئے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف آخری میچ سے قبل ہی 18 وکٹیں حاصل کرلی تھیں اور اب وہ 20 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست بن چکا ہے

اس سے قبل لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ شاہنواز ڈاھانی نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے صرف 5 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے ساتھ پی ایس ایل 6 میں ان کی وکٹوں کی تعداد 9 میچز میں 18 ہوگئی تھی

شاہنواز ڈاہانی سے قبل یہ اعزاز لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی کے پاس تھا جنہوں نے اسی میچ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لے کر اپنی وکٹوں کی تعداد 16 کرلی تھی

شاہنواز ڈاھانی نے یہ 18 وکٹیں 14 رنز کی اوسط سے حاصل کیں، پی ایس ایل میچز میں دو مرتبہ شاہنواز دھانی اننگز میں چار، چار وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے اب تک 14 جبکہ لاہور قلندرز کے جیمز فاکنر نے 13 وکٹیں حاصل کی ہیں

شاہنواز ڈاھانی نے ٹاپ وکٹ ٹیکر بننے کے بعد کہا ہے کہ ان کے لیے یہ فخر کا موقع ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ فائنل تک ٹاپ وکٹ ٹیکر کی فضل محمود کیپ اپنے پاس رکھیں

اس کارکردگی کے بعد ملتان سلطان کی ٹیم کا فاسٹ بائولر ڈاہانی سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے. ٹوئیٹر پر شاہنواز ڈاہانی کے حق میں دو ٹرینڈ چل رہے ہیں جن میں پاکستان کی نام ور شخصیات نے شاہنواز ڈاہانی پر تبصرے کیئے ہیں

ڈاہانی کے عنوان سے شروع ہونے والا ٹرینڈ پاکستان کا آٹھواں ٹرینڈ تھا، اس کے بعد لاڑکانہ ایکسپریس سے شروع ہونے والا ٹرینڈ تیسرے نمبر پر آ گیا، اس ٹرینڈ میں شاہنواز ڈاہانی کی وڈیوز، تصاویر اور دیہی زندگی سے وابستہ معلومات شیئر کی گئی ہے

معروف سابق کرکٹر راشد لطیف نے لکھا کہ ڈاہانی اس وقت پاکستان میں سب سے تفریح والا بائولر ہے، راشد لطیف کے ٹوئیٹ پر معروف صحافی اویس توحید نے لکھا کہ یہ دلچسپ لاڑکانہ ایکسپریس میرے آبائی شہر سے ہیں

ٹی وی اینکر حامد میر نے لکھا ویل ڈن لاڑکانہ ایگل.
عابد ملک نے لکھا کہ لاڑکانہ ٹیلنٹ نے لیڈنگ بالنگ کی ہے. سندھ کے معروف سماجی کارکن سعید سانگری نے ہیرو آف پی ایس ایل لکھا، اس طرح کسی نے سندھ کا فخر لکھا تو کسی نے پاکستان کا فخر، کسی نے عظیم لڑکا لکھا تو کسی نے ولیج بوائے لکھا

شاہنواز ڈاہانی پر سوشل میڈیا میں طرح طرح کے تبصرے جاری ہیں. صرف ٹویٹر ہی نہیں فیس بک، انسٹا گرام اور دیگر سوشل سائیٹس پر بھی شاہنواز ڈاہانی پاکستان سپر لیگ کا ہیرو بنا ہوا ہے

جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ سندھ کے کرکٹرز کو قومی ٹیم میں موقع دیا جائے ، ممکن ہے کہ شاہنواز ڈاہانی کی بہترین کارکردگی دیگر نوجوان کو موقع ملنے کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہو.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close