ڈھاکا : بنگلادیش میں 51 سینٹی میٹر اونچی اور 66 سینٹی میٹر لمبی گائے کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی قطاریں لگ گئیں جس کے مالک کا دعویٰ ہے کہ قد کے لحاظ سے یہ گائے دنیا کی سب سے چھوٹی گائے ہے
عالمی خبر رساں کے مطابق بنگلا دیش کے ایک فارم ہاؤس میں پلنے والی گائے ’’رانی‘‘ کی دھوم مچی ہوئی ہے اور صرف تین روز میں اسے دیکھنے کے لیے ملک بھر سے پندرہ ہزار سے زائد افراد فارم ہاؤس پہنچے ہیں
رانی کی پرورش کرنے والے شیکور ایگرو فارم کے منیجر ایم اے حسن نے میڈیا کو بتایا کہ یہ گائے 51 سینٹی میٹر اونچی اور 66 سینٹی میٹر لمبی ہے، جب کہ اس کا وزن صرف 26 کلوگرام ہے۔ اس طرح یہ دنیا کی سب سے بونی گائے ہوئی
ایم اے حسن کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کی سب سے بونی گائے کا ریکارڈ بھارتی ریاست کیرالہ کی مانکیم کے پاس ہے جس کی اونچائی 90 سینٹی میٹر ہے جب کہ میری گائے رانی کی اونچائی 51 سینٹی میٹر ہے اس لیے اب یہ ریکارڈ رانی کے نام ہونا چاہیے
گائے کے مالک نے ’’رانی‘‘ کو دیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں اور میڈیا کے سامنے بھی گائے کی پیمائش کرکے دکھائی۔ اس موقع پر عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارت سے یہ اعزاز لینے کے لیے گنیز بک آف رکارڈ سے رابطہ کرے.