اسلام آباد : نیشنل اکاؤنٹبلٹی بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف، سابقہ چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ملزمان ہیں
تفصیلات کے مطابق نیب کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نجف قلی مرزا کی سربراہی میں نیب کراچی کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف شکایات، انکوائریز اور تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا
جب کہ ریجنل بورڈ نے دو ریفرنسز دائر کرنے اور دو شکایات کو انکوائریز میں تبدیل کرنے کی سفارش کی، اور نیب کا کہنا ہے کہ ان تمام منظور شدہ مقدمات میں ملکی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا
نیب کےمطابق بورڈ نے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ، بورڈ آف ریونیو کے افسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی، سابق ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ ملزم غلام مصطفی پھل، ڈپٹی کمشنر اور ای ڈی او آصف میمن اور دیگر قیمتی سرکاری زمین کو کوڑیوں کی نرخ غیر قانونی الاٹمنٹ اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا
نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ نے بورڈ آف ریونیو کے افسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی اور کہا کہ ملزمان سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف، سابق چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 11 ملین امریکی ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بورڈ نے ڈپٹی کمشنر، ضلع غربی کراچی ملزم فیاض سولنگی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی اجازت دی، ملزم فیاض سولنگی پر کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام ہے.