واشنگٹن : امریکا کے معتبر ریگولیٹری ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جانسن اینڈ جانسن کی ایک ٹیکے (ون ڈوز) والی کورونا ویکسین سے اعصابی بیماری گیلین بیری سینڈروم ہونے سے متعلق انتباہ جاری کیا ہے
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے انتباہ جاری کیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین لگوانے والوں میں 42 دن بعد اعصابی بیماری گیلین بیری سینڈروم کی علامات ظاہر ہوئی ہیں
ایف ڈی اے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اب تک ایک سو افراد میں گیلین بیری سینڈروم کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے پچانوے افراد کو حالت تشویشناک ہونے کے سبب اسپتال میں داخل ہونا پڑا جب کہ اس موذی مرض سے ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے
حکام نے تجویز دی ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد اگر کمزوری یا جسم کے حصے خصوصاً ہاتھ اور پیر سُن ہوجائیں تو فوری طور پر معالج سے رابطہ کریں کیوں کہ یہ علامت بڑھ کر دہرا دکھائی دینے، چلنے پھرنے، بولنے، چبانے اور نگلنے میں مسئلہ پیدا کرسکتی ہے
واضح رہے کہ امریکا میں گیلین بیری سینڈروم سے تین سے چھ ہزار افراد متاثر ہوتے ہیں جن میں سے اکثر صحت یاب ہوجاتے ہیں۔ اس اعصابی بیماری میں مدافعتی نظام اعصابی خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں اور فالج لاحق ہو سکتا ہے۔
جانسن اینڈ جانسن کی جانب سے تاحال اس پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا.