ہونڈا موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں چار ماہ میں تیسری بار اضافہ

نیوز ڈیسک

کراچی : اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک مرتبہ پھر موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، جن کا اطلاق 21 جولائی 2021ع سے ہوگا

خیال رہے کہ اٹلس ہونڈا کی جانب سے گزشتہ چار ماہ میں تیسری مرتبہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے

پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں پانچ ہزار روپے تک کا اضافہ کیا ہے

پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول موٹرسائیکل ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں دو ہزار چار سو روپے کا اضافہ کیا گیا ہے

مذکورہ اضافے کے بعد ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت ساڑھے چوراسی ہزار روپے سے بڑھ کر چھیاسی ہزار نو سو تک پہنچ جائے گی

موٹرسائیکل بنانے والی کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی جی 125 کی قیمت میں تین ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک لاکھ انتالیس ہزار پانچ سو سے بڑھ کر ایک لاکھ بیالیس ہزار پانچ سو ہوجائے گی

ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت میں تین ہزار روپے جبکہ پرائڈر کی قیمت میں ڈھائی ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے

جس کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت نوے ہزار پانچ روپے سے بڑھ کر ترانوے ہزار پانچ سو روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ سترہ ہزار پانچ سو روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ بیس ہزار روپے ہوجائے گی

اسی طرح سی جی 125 کی قیمت تین ہزار روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ سڑسٹھ ہزار پانچ سو سے بڑھ کر ایک لاکھ ستر ہزار پانچ سو روپے ہوجائے گی

سی بی 125 ایف اور سی بی 150 ایف کی قیمتوں میں پانچ ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے

مذکورہ اضافے کے بعد سی بی 125 ایف کی قیمت دو لاکھ پانچ سو روپے سے بڑھ کر دو لاکھ پانچ ہزار پانچ سو جبکہ سی بی 150 ایف کی قیمت دو لاکھ پچپن ہزار پانچ سو سے بڑھ کر دو لاکھ ساٹھ ہزار پانچ سو ہوجائے گی

خیال رہے کہ رواں برس ہونڈا اٹلس کی جانب سے متعدد مرتبہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ نہیں بتائی گئی

ایک طرف آٹو پالیسی 2026-2021 کے بعد سے گاڑی بنانے والی تمام کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی کردی ہے لیکن موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے

تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے بائیک انڈسٹری کے لیے ٹیکس میں کمی یا کسی مراعات کا اعلان نہیں کیا گیا اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہونڈا اٹلس کی دیکھا دیکھی دوسری کمپنیاں بھی بظاہر کسی جواز کے بغیر موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close