کراچی : سپر ہائی وے پر قائم کراچی کی بڑی مویشی منڈی میں جانور خریداری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، اطلاعات کے مطابق مویشی منڈی میں اب فروخت کے لیے صرف پانچ فیصد جانور ہی رہ گئے ہیں
ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی سپر ہائی وے میں جانوروں کی بڑے پیمانے پر فروخت کی وجہ سے بیوپاری بھی خوش نظر آئے اور خریداروں کے چہرے بھی کھل اٹھے، مویشی منڈی میں جانور خریداری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، مویشی منڈی میں آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں نیچے آگئی ہیں
ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاولہ کا کہنا ہے کہ 9 جون سے لگنے والی مویشی منڈی میں آخری روز تک سات لاکھ قربانی کے جانور لائے گئے اور 41 روز سے سجنے والی مویشی منڈی میں فروخت کے لیے صرف پانچ فیصد جانور بچے ہیں
انہوں نے بتایا کہ اکثر بیوپاری اپنے تمام جانور فروخت کر کے گھروں کو روانہ ہو گئے ہیں، دوسری جانب اس سال شہریوں میں بھی خریداری کا مثبت رجحان دیکھا گیا ، سہراب گوٹھ مویشی منڈی کے 48 بلاکس میں سے 85 فیصد پنڈال خالی ہوچکے ہیں
ترجمان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے روز بھی مویشی منڈی میں قربانی کے لیے جانور دستیاب تھے، مویشی منڈی میں 70 سے 80 ہزار روپے میں بھی جانور آسانی سے دستیاب ہیں، مویشی منڈی میں 40 سے 50 ہزار کا جانور بھی فروخت ہوا، اس وقت اچھی نسل کے بکرے بھی 25 ہزار میں فروخت ہورہے ہیں۔