اسلام آباد : ملک بھر میں کار فنانسنگ کے رجحان میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ مالی سال عوام نے کار فنانسنگ کے لیے 211 ارب اور رواں مالی 279 ارب روپے کے قرض حاصل کیے
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں گزشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران کار فناننسگ کے لیے مجموعی طور پر 279.5 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی تا مئی 2020-21ء کے دوران کارفنانسنگ کی مد میں قرضوں کا اجرا 279.5 ارب روپے تک بڑھ گیا، جبکہ مالی سال 2019-20ء کے اختتام پر قرضوں کی فراہمی کا حجم 211.11 ارب روپے رہا تھا
اس طرح مالی سال 2020ء کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال 2021ء کے پہلے گیارہ مہینوں کے دوران گاڑیوں (کاروں) کی خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی 86.5 ارب روپے یعنی 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
اعداد و شمار کے مطابق کاروں کی خریداری کے لیے اسلامک بینکوں کی طرف سے قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی قرضہ جات میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کے فراہم کردہ قرضوں کی شرح 60 فیصد تک بڑھی ہے.