کراچی : لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پیسر شاہنواز ڈاھانی نے کوچ اینڈی فلاور کو بھی اپنا مداح بنا لیا ہے، ملتان سلطانز کے کوچ نے نوجوان پیسر کو ”سونے کے دل والا انسان“ اور ”ٹیم کا انمول رکن“ قرار دیا ہے
شاھنواز ڈاہانی کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے کہا کہ اس نے چہرے پر مسکراہٹ سجا کر مقابلوں میں حصہ لیا اور سب کے دل جیتے
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں ملتان سلطانز کے کوچ سابق زمبابوین کپتان اینڈی فلاور نے نوجوان پیسر شاہنواز ڈاھانی کی دل کھول کر تعریفیں کیں
یاد رہے کہ شاہنواز ڈاھانی پی ایس ایل 6 میں سب سے زیادہ بیس وکٹیں لے کر بہترین بولر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے
اینڈی فلاور نے کہا کہ پہلی بار اعلیٰ معیار کی کرکٹ کا تجربہ پانے والے پیسر نے چہرے پر مسکراہٹ سجا کر مقابلوں میں حصہ لیا، لیکن جب ضرورت ہوتی تو وہ سنجیدگی اختیار کرلیتے
اینڈی فلاور نے کہا کہ فیلڈ میں ان کا رویہ دیکھ کر دیگر کرکٹرز بھی لطف اندوز ہوتے، انھوں نے پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ٹی وی پر میچز دیکھنے والے لوگوں کو بھی متاثر کیا ہوگا
کوچ نے کہا کہ دھانی سونے کے دل والا انسان اور ہمیشہ اپنی ٹیم اور ساتھیوں کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا چاہتا ہے، وہ ہر لحاظ سے ہماری ٹیم کا انمول رکن ہے۔
اینڈی فلاور نے محمد رضوان کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے سامنے آکر بہترین انداز سے قیادت اور عمدہ بیٹنگ کی، کراچی میں ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا مگر رضوان نے شاندار انداز سے اسے سنبھالا.