ن لیگ میں اختلاف، شہباز شریف ناراض، پارٹی صدارت چھوڑنے کی دھمکی

نیوز ڈیسک

اسلام آباد : آزاد کشمیر انتخابات میں پارٹی کی طرف سے اپنی حکمت عملی نظر انداز کیے جانے پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف سخت ناراض ہو گئے ہیں اور انہوں نے پارٹی کی صدارت کا عہدہ چھوڑنے کی دھمکی بھی دے دی ہے

سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور اپنے فرزند حمزہ شہباز کے روکنے پر فی الحال شہباز شریف خاموش ہیں،‏ حمزہ شہباز نے شہباز شریف کو معاملہ نوازشریف کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں شکست کے بعد مریم نواز اب کم از کم ایک سال تک خاموش رہیں گی، فی الحال وہ کورونا رپورٹ مثبت انے کے باعث قرنطینہ ہوگئی ہیں اور انہوں نے سیاسی مصروفیات بھی ترک کر دی ہیں

ن لیگ میں دراڑ کے حوالے سے جب چیئرمین راجہ ظفر الحق اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال ، ترجمان مریم اورنگزیب اور عطا تارڑ سے رابطہ کیا گیا تو چاروں میں سے کسی نے فون اٹینڈ نہیں کیا

دوسری جانب نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے ن لیگ میں دو بیانیے ہونے کا اعتراف کیا ہے نجی ٹیلی ویژن چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ یہ بات درست ہے ن لیگ میں بیانیہ کے حوالے سے کنفیوژن ہے

محمد زبیر کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو دیوار کے ساتھ چن دیا گیا ہے ایسی صورتحال میں پارٹی کے اندر اختلاف رائے ہونا فطری بات ہے کہ کون سا بیانیہ لے کر چلیں۔

اس حوالے سے سینئر صحافی و تجزیہ کار فہد حسین کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو اپنے کنفیوژن کی قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے، لوگ پوچھ رہے ہیں پارٹی کی پالیسی مزاحمت ہے یا مفاہمت ہے، ن لیگ کے اندر لوگ کنفیوژن میں بٹ چکے ہیں

جب کہ وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ ساری زندگی سلیکٹ ہوتی رہی اس لئے انہیں ہر کوئی سلیکٹڈ لگتا ہے، سلیکشن ن لیگ کا طرہ امتیاز ہے انہی کو مبارک ہو، ن لیگ کو کشمیر کے بعد سیالکوٹ میں بدترین شکست ہوئی ہے

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی عوام نے ن لیگ کے بلند و بانگ دعوؤں کو خاک میں ملادیا، ن لیگ جس وسطی پنجاب کو اپنا گڑھ کہتی تھی وہاں ان کا گڑھا بنا ہوا ہے، ن لیگ کی شکست کی وجہ نواز شریف کا نفرت انگیز بیانیہ ہے، نواز شریف لندن میں حمد اللہ جیسے ’را‘ کے ڈیلی ویجرز سے مل رہے ہیں

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے آزاد کشمیر میں پوری انتخابی مہم چلائی ہم نے انہیں اپنی کارکردگی بتانے سے نہیں روکا تھا، مریم اپنی تقاریر میں پچاس پچاس بار عمران خان کا نام لیتی تھیں لوگوں نے اس کا نتیجہ دے دیا

ن لیگ کی حکمت عملی سے پی ڈی ایم کا بیڑا غرق ہوا، شہباز شریف آزاد کشمیر انتخابات سے اب تک کہیں نظر نہیں آئے

نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ ن لیگ نے سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں عام انتخابات سے صرف چار ہزار کم ووٹ لیے، ن لیگ کا بیانیہ پٹ چکا ہوتا تو ہمیں 54 ہزار ووٹ نہیں ملتے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close