لاڑکانہ : دنیا بھر سے ہر سال نت نئے عالمی رکارڈز سامنے لانے والے ادارے گنیز بک آف ورلڈ رکارڈز نے حال ہی میں ایک ایسے منفرد پاکستانی گھرانے کو شامل کیا ہے جس کے نو افراد ایک ہی تاریخ یعنی یکم اگست کو پیدا ہوئے تھے
تفصیلات کے مطابق گنیز بک آف ورلڈ رکارڈز کی ویب سائیٹ پر بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کے رہائشی ہائی اسکول ٹیچر امیر علی منگی، ان کی بیوی خدیجہ اور سات بچے سندھو، سسئی، سپنا، عامر، امبر، عمار اور احمر ایک ہی تاریخ یکم اگست کو پیدا ہوئے
امیر علی منگی کے بچوں کی عمریں سترہ سے اٹھائیس کے درمیان ہیں۔ ان کی جڑواں بیٹیاں سسئی اور سپنا یکم اگست 1998 کو پیدا ہوئیں، اور 2003 کو ان کے جڑواں بیٹے عمار اور احمر پیدا ہوئے، یہ بھی یکم اگست ہی کا دن تھا
گنیز بک آف ورلڈ رکارڈز کی ویبسائٹ پر دی گئی تفصیلات کے مطابق امیر علی منگی کا گھرانہ دنیا بھر میں واحد گھرانہ ہے جو ایک ہی تاریخ پر پیدا ہوا
یکم اگست 1968 کو پیدا ہونے والے امیر علی منگی کہتے ہیں ”میرا برج اسد ہے اور ایک اور آٹھ میرے لکی نمبر ہیں، میری زندگی میں ایک اور آٹھ کے ہندسوں کا بڑا عمل دخل رہا ہے۔ نہ صرف ہم سب ایک ہی تاریخ کو پیدا ہوئے بلکہ میری شادی بھی یکم اگست کو ہوئی۔‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ہائی اسکول میں جوائنگ بھی 18 تاریخ کو دی۔ ان کا ماننا ہے کہ ”جس سال میں ایک اور آٹھ کے ہندسے آتے ہیں وہ میرے لیے بڑا اچھا سال ہوتا ہے، جیسے 2018ع میں میرے بہت سے رکے ہوئے کام مکمل ہوگئے“
امیر علی منگی علم نجوم میں دلچسپی رکھنے کے ساتھ شاعر بھی ہیں، شاعری میں ان کا تخلص ’آزاد‘ ہے اور ان کے مطابق ان کی لکھی غزلوں کی ایک کتاب چھپائی کے مرحلے میں ہے۔ انہوں نے اب تک اکنامکس، انٹرنیشل رلیشنس، ماس کمیونیکیشن سمیت ماسٹرز کی 12 ڈگریاں لی ہیں.
پاکستان کے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے امیر علی منگی نے کہا. ”2022 کا سال پاکستان کے لیے بڑا بھاری ہوگا، جبکہ 2023 بڑا زبردست سال ہوگا“