جب ایک چھوٹے سے جزیرے نے فٹبال کی سپر پاور کو بے بس کر دیا۔۔

سنگت ڈیسک

اٹلانٹا کا مرسڈیز بینز اسٹیڈیم روشنیوں میں نہایا ہوا تھا۔ ایک طرف فٹبال کی دنیا کی عظیم ترین قوتوں میں سے ایک، یعنی یورپ کا فخر اسپین تھا، اور دوسری طرف بحرِ اوقیانوس کے ایک گمنام کونے سے ابھرنے والا چھوٹا سا جزیرہ نما ملک کیپ وردے۔ دنیا اس مقابلے کو محض ایک رسمی میچ سمجھ رہی تھی، جہاں فٹبال کے بے تاج بادشاہوں نے ایک نووارد ٹیم کو کچلنا تھا، لیکن جب نوے منٹ کا کھیل ختم ہوا، تو اسکور بورڈ پر چمکنے والا 0-0 کا ہندسہ فٹبال کی تاریخ کے سب سے بڑے اپ سیٹ کی گواہی دے رہا تھا۔

فٹبال کی دنیا کے لیے یہ صرف ایک برابر میچ نہیں تھا۔ یہ ایک ایسا لمحہ تھا جس میں اعداد و شمار، عالمی درجہ بندیاں، مالی وسائل اور فٹبال کی روایتی طاقتیں سب بے معنی دکھائی دینے لگیں۔

میچ ختم ہوتے ہی جہاں پورا اسٹیڈیم شاک میں تھا، وہیں کیپ وردے کا 40 سالہ گول کیپر میدان میں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر پھوٹ پھوٹ کر رو رہا تھا۔ یہ جوسیمار جوزے ایوورا ڈیاس تھے، جنہیں دنیا ووزینیا (Vozinha) کے نام سے جانتی ہے۔

یہ آنسو کسی شکست کے نہیں، بلکہ ایک ایسی تاریخی فتح کے تھے جس نے کیپ وردے کو راتوں رات عالمی نقشے پر ایک نئی پہچان دے دی تھی، لیکن ان آنسوؤں کے پیچھے صرف کھیل کی تھکن نہیں، بلکہ ایک ماں کی جدائی کا وہ درد بھی چھپا تھا جو ہزاروں میل دور بحرِ اوقیانوس کے پار اپنے بیٹے کے لیے دعاگو تھی۔

وہ دیوار جس سے ہسپانوی طوفان ٹکرا کر پاش پاش ہو گیا

پیر، 15 جون 2026 کا یہ میچ مَردوں کی کیپ وردے قومی فٹبال ٹیم، جسے پیار سے ’بلو شارکس‘ کہا جاتا ہے، کا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا میچ تھا۔ اسپین نے روایتی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میچ کے 75 فیصد وقت پر گیند اپنے پاس رکھی اور کیپ وردے کے گول پر ایک کے بعد ایک، کل 27 حملے کیے، لیکن گول کے سامنے ووزینیا ایک ایسی ناقابلِ عبور دیوار بن کر کھڑے ہو گئے جس کا توڑ ہسپانوی فارورڈز کے پاس نہیں تھا۔

ہر سنسنی خیز حملے پر ووزینیا کا شاندار ڈائیو لگانا اور گیند کو جال سے دور دھکیلنا شائقین کی دھڑکنیں روک رہا تھا۔ میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ووزینیا نے نم آنکھوں کے ساتھ کہا، ”میں میچ کے بعد رو پڑا کیونکہ بچپن میں میری پرورش میرے دادا دادی نے کی تھی اور وہ اس تاریخی لمحے کو دیکھنے کے لیے یہاں موجود نہیں ہو سکتے تھے۔ چند سال پہلے ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ میری والدہ بھی ویزا کے مسئلے اور اس پر آنے والے اخراجات کی وجہ سے یہاں نہیں آ سکیں۔ ہم وقت پر یہ انتظام نہیں کر سکے۔“

ووزینیا کے مطابق ویزا اور سفر کے اخراجات اس قدر زیادہ تھے کہ اس کی والدہ امریکہ نہیں آ سکیں۔ بعد ازاں امریکی حکام نے کہا کہ ان کے پاس ویزا درخواست کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، تاہم کھلاڑیوں کے قریبی رشتہ دار خصوصی سہولتوں کے اہل ہیں۔

یہ تنازع اپنی جگہ، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایک گھریلو ملازمہ ماں اپنے بیٹے کو ورلڈ کپ میں تاریخ بناتے ہوئے اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھ سکی۔ اور شاید اسی وجہ سے اس کہانی نے دنیا بھر کے لوگوں کو چھو لیا۔

ویزا بانڈ کی تلخی اور عالمی سیاست کا سایہ

اس تاریخی کارکردگی کے پیچھے ایک سفارتی اور معاشی تنازع بھی ابھر کر سامنے آیا۔ دراصل، کیپ وردے ان ممالک کی فہرست میں شامل تھا جن کے شہریوں کے لیے امریکی انتظامیہ نے 15 ہزار ڈالر کا ویزا بانڈ جمع کروانے کی شرط رکھی تھی، عذر یہ دیا گیا کہ غیر قانونی قیام کو روکا جا سکے۔ اگرچہ بعد میں ورلڈ کپ ٹکٹ ہولڈرز کے لیے اس میں استثنا کا اعلان کیا گیا، لیکن تب تک ایک غریب گھریلو ملازمہ کے لیے ہوائی سفر، رہائش اور میچ کے ٹکٹوں کے اخراجات برداشت سے باہر ہو چکے تھے۔

یہ معاملہ اس وقت بین الاقوامی میڈیا کی سرخیوں میں آیا جب امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز نے سوشل میڈیا پر لکھا، ”کسی ماں کو اپنے بچے کو تاریخ رقم کرتے دیکھنے کے موقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے“ اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اس معاملے میں مداخلت کی اپریل کی۔ اب امریکی محکمہ خارجہ متحرک ہو چکا ہے تاکہ اتوار، 21 جون کو یوراگوئے کے خلاف ہونے والے اگلے میچ کے لیے ان کی والدہ کو میامی پہنچایا جا سکے۔

 کیپ وردے: بحرِ اوقیانوس میں بکھرے دس جزائر

کیپ وردے (Cape Verde) کا یہ کارنامہ اس وقت تک سمجھ نہیں آ سکتا جب تک آپ اس ملک کے پس منظر سے واقف نہ ہوں۔

کیپ وردے، جسے سرکاری طور پر کابو وردے کہا جاتا ہے، مغربی افریقہ کے ساحل سے تقریباً 600 کلومیٹر دور بحرِ اوقیانوس میں واقع دس بڑے آتش فشانی جزیروں پر مشتمل ایک ملک ہے۔ اس کا دارالحکومت پرایا (Praia) ہے جبکہ ساؤ وِسینتے اور مینڈیلو ثقافتی مراکز سمجھے جاتے ہیں۔

ملک کا کل رقبہ تقریباً چار ہزار مربع کلومیٹر ہے اور آبادی لگ بھگ پانچ سے ساڑھے پانچ لاکھ کے درمیان ہے، جو دنیا کے کسی بڑے شہر کے ایک چھوٹے سے حصے کے برابر بنتی ہے، جس کے باعث یہ دنیا کے چھوٹے ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والے ممالک میں بھی یہ سب سے کم آبادی والے ممالک میں شامل ہے۔

1975 میں پرتگال سے آزادی حاصل کرنے کے بعد کیپ وردے نے افریقہ کے نسبتاً مستحکم جمہوری ممالک میں اپنی جگہ بنائی۔

معاشی طور پر یہاں قدرتی وسائل اور قابلِ کاشت زمین کی شدید قلت ہے، جس کی وجہ سے ملک کا زیادہ تر دارومدار سیاحت اور بیرونِ ملک مقیم شہریوں کی طرف سے بھیجی جانے والی غیر ملکی ترسیلاتِ زر پر ہے۔ ایسے محدود معاشی اور جغرافیائی حالات کے باوجود، اس ملک کی قومی فٹبال ٹیم نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

قدرتی وسائل کی کمی، محدود زرعی زمین اور بار بار خشک سالی کے باوجود کیپ وردے نے افریقہ کی نسبتاً کامیاب معیشتوں میں جگہ بنائی ہے، عالمی مالیاتی ادارے اسے ”اپر مڈل انکم“ معیشت قرار دیتے ہیں۔ ملکی جی ڈی پی تقریباً 2.8 ارب ڈالر اور فی کس آمدنی پانچ ہزار ڈالر سے زیادہ ہے، لیکن اس سب کے باوجود ورلڈ کپ دیکھنے امریکہ جانا ایک عام کیپ وردین شہری کے لیے اب بھی ایک خواب جیسا ہے۔

کیپ وردے فٹبال فیڈریشن کے صدر ماریو سیمیڈو کہتے ہیں، ”ہمارے ملک کے کسی عام رہائشی کے لیے ورلڈ کپ دیکھنے جانا ایک ناقابلِ برداشت مالی بوجھ ہے، یہاں کا سفر اور رہائش سب بہت مہنگا ہے۔“

اسی لیے ووزینیا کی والدہ کی کہانی دراصل صرف ایک خاندان کی نہیں بلکہ پورے ملک کی معاشی حقیقت کی عکاسی کرتی ہے۔

 فٹبال: قومی شناخت کا دوسرا نام

کیپ وردے میں فٹبال محض کھیل نہیں، یہ قومی شناخت کا حصہ ہے۔

ملک کی آبادی سے کہیں زیادہ کیپ وردین باشندے یورپ، امریکہ اور دنیا کے مختلف ممالک میں آباد ہیں۔ اسی وسیع ڈائسپورا نے قومی ٹیم کو نئی طاقت دی۔

گزشتہ ایک دہائی میں کیپ وردے نے منظم انداز میں دنیا بھر میں موجود اپنی نسل کے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کا حصہ بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ٹیم میں پرتگال، فرانس، نیدرلینڈز اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کیپ وردین نژاد کھلاڑی شامل ہیں۔

2013 میں پہلی مرتبہ افریقن کپ آف نیشنز میں شرکت کرنے والی یہ ٹیم اب ورلڈ کپ تک پہنچ چکی ہے۔

ووزینیا: دیر سے شروع ہونے والا ایک بے مثال کیریئر

ووزینیا کی اپنی زندگی کی کہانی کسی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں ہے۔ عام طور پر فٹبالرز اپنے کیریئر کا آغاز نوعمری میں ہی کر دیتے ہیں،

ووزینیا نے خود اعتراف کیا کہ وہ 25 برس کی عمر تک پیشہ ورانہ فٹبالر نہیں بن سکے تھے۔ کئی مرتبہ انہیں لگا کہ خواب ختم ہو چکا ہے، لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی۔

مینڈیلو کی گلیوں سے نکلنے والا یہ نوجوان بعد میں انگولا، مالدووا، قبرص، سلوواکیہ اور پرتگال کے کلبوں تک پہنچا۔ آج وہ پرتگال کے کلب چاویش کے لیے کھیلتا ہے جبکہ 2012 سے قومی ٹیم کا مستقل حصہ ہے۔

وہ ایک دیر سے ابھرنے والا اسٹار (Late Bloomer) ہے، جس نے اپنی انتھک محنت، فولادی اعصاب اور شاندار اضطراری صلاحیتوں (Reflexes) کی بدولت خود کو افریقہ کے بہترین گول کیپرز میں شامل کروایا۔

اور اب ورلڈ کپ میں اسپین کے خلاف میچ نے اسے عالمی شہرت عطا کر دی۔ چند گھنٹوں میں اس کے سوشل میڈیا فالوورز لاکھوں میں جا پہنچے اور دنیا بھر کے فٹبال شائقین انہیں ”اٹلانٹا کی دیوار“ کہنے لگے۔

آج 40 سال کی عمر میں، جہاں زیادہ تر کھلاڑی ریٹائرمنٹ کی زندگی گزارتے ہیں، ووزینیا دنیا کے سب سے بڑے اسٹیج پر اپنے ملک کے لیے ڈھال بنا ہوا ہے۔ اسپین کے خلاف میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد ووزینیا نے کہا، ”ہم ایک بہت چھوٹی جگہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ورلڈ کپ تک پہنچنے کا ہمارا سفر بھی بہت مشکل تھا۔ آج اسپین جیسی ٹیم کے خلاف کھیل کر ہمارا خواب پورا ہوا ہے۔“

 ایک برابر میچ جس نے تاریخ بدل دی۔

میچ ختم ہو چکا تھا۔ اٹلانٹا کے اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین جشن منا رہے تھے۔

اور کہیں دور ساؤ وِسینتے کے ساحلی قصبوں میں لوگ رات بھر ناچتے رہے، جھنڈے لہراتے رہے اور گاڑیوں کے ہارن بجاتے رہے۔ ایک مقامی مداح مگالی مونٹیرو نے روتے ہوئے کہا، ”میں اتنا روئی ہوں کہ اب آنسو نہیں بچے، مجھے اپنے لوگوں پر فخر ہے، کیونکہ یہ ورلڈ کپ ہمارا ہے!“

بحرِ اوقیانوس کے اُس پار ایک ماں ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھی مسکرا رہی تھی۔ اس نے ایک دن پہلے کہا تھا کہ کوئی گیند اس کے بیٹے کے گول میں داخل نہیں ہوگی۔

دنیا نے اسے ماں کا جذباتی دعویٰ سمجھا تھا۔ اگلے دن معلوم ہوا کہ وہ پیش گوئی نہیں کر رہی تھی۔ وہ اپنے بیٹے کو جانتی تھی۔

اور شاید اسی لیے، اسپین کے خلاف کیپ وردے کی اس تاریخی رات کی اصل ہیرو صرف ووزینیا نہیں، بلکہ وہ ماں بھی ہے جس نے ہزاروں کلومیٹر دور بیٹھ کر اپنے بیٹے کو تاریخ بنتے دیکھا۔

فٹبال میں بعض اوقات جیت سے زیادہ اہم ڈرا ہوتا ہے۔ اسپین کے خلاف یہ 0-0 کا نتیجہ کیپ وردے کے لیے ایسی ہی ایک کامیابی تھا۔

یہ نتیجہ صرف ایک پوائنٹ نہیں تھا۔ یہ اعلان تھا کہ عالمی فٹبال اب صرف روایتی طاقتوں کی جاگیر نہیں رہی۔ یہ اعلان تھا کہ پانچ لاکھ آبادی والا ایک ملک بھی اربوں ڈالر کی فٹبال انڈسٹری کو چیلنج کر سکتا ہے۔ یہ اعلان تھا کہ خوابوں کا جغرافیہ آبادی، دولت یا رقبے سے طے نہیں ہوتا۔

____________________________

فٹ بال کے 90 منٹ: ایک سمجھوتے سے عالمی جنون تک کا سفر

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button