’ملازمت کے بجائے اپنا کاروبار‘، پاکستان میں نوجوان کمپنی کیسے رجسٹر کروا سکتے ہیں؟

ویب ڈیسک

سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ایک برس کے دوران ایس ای سی پی میں 27 ہزار 542 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جس میں سب سے زیادہ آئی ٹی کی کمپنیاں شامل ہیں۔

یہ کمپنیاں پاکستان سمیت بیرون ملک رہنے والے سمندر پار پاکستانیوں نے بھی رجسٹرڈ کروائی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 24-2023 کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں چار ہزار 129 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔ رجسٹریشن ڈیجیٹلائزڈ ہونے کے بعد 99.8 فیصد کمپنیاں آن لائن ہی رجسٹر ہوئیں۔

کمپنی رجسٹر کروانے کا طریقہ کار کیا ہے؟ اس سوال کا جواب تو ہم آگے چل کر دیں گے، لیکن پہلے چند بنیادی نکات کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔

پاکستان میں سرکاری یا پرائیویٹ شعبے میں ملازمت کرنے کے بجائے اپنا کاروبار کرنا زیادہ بہتر ہو سکتا ہے، لیکن اس کا انحصار متعدد عوامل پر ہے۔ اپنا کاروبار کرنے کے لیے صرف یہ وجہ کافی نہیں ہے کہ اس سے آپ کو اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کی آزادی ملتی ہے اور آپ کسی کے تابع نہیں ہوتے

اپنا کاروبار کرنے سے آپ اپنی صلاحیتوں، اپنے وقت اور وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال کر سکتے ہیں۔ کامیاب کاروبار سے آپ کو زیادہ مالی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔آپ کے منافع کی کوئی حد نہیں ہوتی، جبکہ ملازمت میں تنخواہ محدود ہوتی ہے۔

اپنا کاروبار کرنے سے آپ نہ صرف اپنے لئے بلکہ دوسروں کے لئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ کاروبار کرتے وقت آپ مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں جو آپ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ آپ کو مختلف مہارتوں کا تجربہ ہوتا ہے جو ملازمت میں ممکن نہیں۔

جب اپنا کاروبار شروع کرنے کی بات آتی ہے تو سب سے پہلے ہمارے ذہن میں جو سوال آتا ہے، وہ ہے ’لیکن کیسے؟‘ یقیناً اس کے لیے سرمایہ بنیادی شرط ہے، لیکن ضروری نہیں کہ یہ بہت زیادہ ہو۔ قلیل وسائل اور کم سرمائے سے شروع کیے گئے کاروبار کی کامیابیوں اور ترقی کی مثالوں کی کوئی کمی نہیں۔

کاروبار شروع کرنے کے لئے درکار سرمایہ کے لئے مختلف ذرائع جیسے بینک قرضے، سرمایہ کار، یا ذاتی بچتوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

لیکن یہ بہت ضروری ہے کہ اپنے کاروبار کے متعلق مکمل تحقیق کریں۔ ایک مضبوط کاروباری منصوبہ تیار کریں جو مالیات، مارکیٹنگ، اور عملیات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہو۔

اپنے کاروبار کو قانونی طور پر رجسٹر کریں۔ تمام ضروری لائسنس اور اجازت نامے حاصل کریں۔

اپنے کاروبار کی مارکیٹنگ کے لئے مختلف طریقے استعمال کریں، جیسے سوشل میڈیا، ویب سائٹ، یا تشہیر۔ صنعت کے متعلقہ لوگوں سے نیٹ ورکنگ کریں تاکہ آپ کو مارکیٹ کے بارے میں بہتر سمجھ آ سکے۔

کاروبار میں مستقل مزاجی اور صبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن مستقل مزاجی سے کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔

مثال کے طور پر اگر آپ کپڑوں کا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو سب سے پہلے مارکیٹ ریسرچ کرنی ہو گی کہ کس قسم کے کپڑے زیادہ مقبول ہیں، کس قیمت پر آپ فروخت کر سکتے ہیں، اور آپ کا ہدف مارکیٹ کون ہو گی۔ پھر آپ ایک کاروباری منصوبہ تیار کریں، سرمایہ کا انتظام کریں، قانونی تقاضے پورے کریں، اور مارکیٹنگ کی حکمت عملی تیار کریں۔

اپنا کاروبار شروع کرنے سے قبل تمام پہلوؤں پر غور کریں اور اچھی طرح سے منصوبہ بندی کریں تاکہ آپ کا کاروبار کامیاب ہو سکے۔

آئیے اب جانتے ہیں کہ کاروبار کرنے کے لیے کمپنی خاص طور پر آئی ٹی کمپنی رجسٹر کروانے کا طریقہ کار کیا ہے؟

اپنے کاروبار کے لئے کمپنی رجسٹر کروانے کے طریقہ کار کے بارے میں سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جوائنٹ ڈائریکٹر اور ترجمان کا کہنا کہ ایس ای سی پی میں کمپنیاں آن لائن رجسٹر کروائی جا سکتی ہیں، چاہے آپ پاکستان میں ہوں یا بیرونِ ملک، کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل آن لائن ہی مکمل ہوتا ہے۔

اُن کے مطابق آن لائن طریقہ کار میں صارف کو اپنی اور کمپنی کی تمام تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہیں، جس کے مطابق کمپینوں کی رجسٹریشن کا عمل آگے بڑھتا ہے۔

ایس ای سی پی کا کمپنی کی آن لائن رجسٹریشن کا سسٹم صارف کی جانب سے مہیا کی جانے والی دستاویزات کی ایف بی آر، نادرا اور پی ٹی اے سے خود بخود تصدیق کر لیتا ہے

ترجمان نے کہا کہ یوں تو ایس ای سی پی کے پاس اس بات کے ٹھوس اعداد و شمار نہیں کہ کتنے فیصد نوجوانوں نے کمپنیاں رجسٹر کروائی ہیں، تاہم بظاہر نوجوانوں کا رجحان آئی ٹی کی جانب زیادہ دکھائی دیتا ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سروسز فراہم کرنے والے نوجوان انٹر پرینیور آرزش اعجاز کہتے ہیں حالیہ عرصہ کے دوران نوجوان یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہو کر ای کامرس، سافٹ ویئر ہاؤس یا آئی ٹی کے کسی دوسرے کام سے متعلقہ اپنی کمپنی کھول لیتے ہیں، جن کی مختلف جگہوں پر رجسٹریشن کروائی جاتی ہے۔ یہ کمپنیاں ایس ای سی پی سمیت پاکستان سافٹ ویئر بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں میں رجسٹر کروائی جاتی ہیں۔

آرزش اعجاز کے مطابق نوجوانوں کا آئی ٹی کے شعبے کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے اور اس بات کی توثیق رجسٹر ہونے والی نئی آئی ٹی کمپینوں کی صورت میں ہو رہی ہے۔ ”نوجوان ملازمت اختیار کرنے کے روایتی انداز اپنانے کی بجائے انٹر پرینیور شپ کی جانب توجہ دے رہے ہیں جو کہ ملک کے لیے ایک خوش آئند بات ہے۔“

اِن کمپنیوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کمپنی بنانے کے لیے یہ لازمی نہیں ہے کہ پاکستان میں ہی اس کی رجسٹریشن کروائی جائے، بلکہ ان کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن امریکہ اور دوسرے ممالک میں بھی کروائی جا سکتی ہے۔

آرزش اعجاز نے بتایا کہ اکثر کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئے بغیر بھی اپنی سروسز فراہم کرتی ہیں، تاہم شفافیت کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنیوں کی رجسٹریشن ضروری ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے ماہر ملک عدیل الرحمان کے خیال میں پاکستان میں رجسٹر ہونے والی آئی ٹی کمپنیاں ویب ڈیزائننگ، مشین لرننگ اور گرافک ڈیزائننگ جیسی سہولیات فراہم کرتی ہیں۔ مزید برآں یہ کمپنیاں اپنے بی پی اوز بھی چلا رہی ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کے شعبے میں گریجوئیشن حاصل کرنے والے طلبہ فوری طور پر اپنی کمپنی کھولنے کے قابل نہیں ہوتے۔ تاہم کچھ عرصہ تک متعلقہ تجربہ حاصل کرنے کے بعد نوجوان اپنی چھوٹی کمپنی کھولنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 24-2023 میں 27 ہزار 542 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئی ہیں۔ جس کے بعد ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد دو لاکھ 22 ہزار 697 ہو گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 58 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ جبکہ 39 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بعد دوسرے نمبر پر ٹریڈنگ کے شعبے میں 3666 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ تیسرے نمبر پر ریئل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ کنسٹرکشن کے شعبے میں 3302 کمپنیاں رجسٹر کروائی گئی ہیں۔

نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 68 کمپنیوں میں شراکت داری کی گئی ہے۔ چین، افغانستان، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا، ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے کمپنیوں میں شراکت داری کی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق 31 غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان میں کاروبار کے لیے دفاتر بھی قائم کیے ہیں۔

پاکستان میں اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے کمپنی رجسٹر کروانے کا عمل کچھ مراحل پر مشتمل ہے۔ درج ذیل مراحل کی پیروی کریں:

1. کمپنی کے نام کا انتخاب اور اس کی دستیابی کی تصدیق:

* سب سے پہلے، کمپنی کا نام منتخب کریں اور اس کی دستیابی کی تصدیق کریں۔

* ایس ای سی پی- SECP (Securities and Exchange Commission of Pakistan) کی ویب سائٹ پر "Company Name Availability” کا سیکشن چیک کریں۔

2. آن لائن رجسٹریشن:

* ایس ای سی پی – SECP کی آن لائن رجسٹریشن پورٹل پر جائیں اور سائن اپ کریں۔

* فارم بھر کر اپنی شناخت اور پتہ وغیرہ کی تصدیق کریں۔

3. مطلوبہ دستاویزات تیار کریں:

* میمورنڈم آف ایسوسی ایشن (Memorandum of Association) اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن (Articles of Association) تیار کریں۔

* دیگر مطلوبہ دستاویزات میں شناختی کارڈز، ایڈریس پروف، اور ممکنہ طور پر این ٹی این (National Tax Number) شامل ہیں۔

4. درخواست جمع کروائیں:

* تیار شدہ دستاویزات کو SECP پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔

* رجسٹریشن فیس جمع کروائیں۔

5. سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن حاصل کریں:

* تمام دستاویزات کی تصدیق کے بعد، SECP کی طرف سے سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن جاری کیا جائے گا۔

* یہ سرٹیفکیٹ آپ کی کمپنی کی قانونی حیثیت کی تصدیق کرتا ہے۔

6. این ٹی این حاصل کریں:

* فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا نیشنل ٹیکس نمبر (NTN) حاصل کریں۔

7. دیگر لائسنس اور اجازت نامے:

* اگر آپ کے کاروبار کے لیے دیگر لائسنس یا اجازت ناموں کی ضرورت ہے، تو متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطہ کریں۔

یہ مراحل مکمل کرنے کے بعد، آپ پاکستان میں اپنے کاروبار کو قانونی طور پر چلانے کے قابل ہو جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close