نیویارک میں ٹی۔20 ورلڈ کپ کے لئےنیا اسٹیڈیم، آئی سی سی ورلڈ کپ کے شیڈول کو پیچیدہ کیوں قرار دے رہی ہے؟

ویب ڈیسک

جون میں شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی۔20 ورلڈ کپ کے 8 میچز ریاست نیو یارک کھیلے جائیں گے۔ جس کے لیے نیویارک شہر سے متصل لانگ آئی لینڈ میں آئی سی سی کی جانب سے ایک پارک میں ایک عارضی اسٹیڈیم بنایا جا رہا ہے۔ جہاں 9 جون کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمز مد مقابل ہوں گی۔

آئی سی سی کے 2024 کے مردوں کے ٹی۔20 ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی اور کل 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز مل کر کر رہے ہیں۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس 20 ورلڈ کپ کے شیڈول کو اب تک کا ’سب سے پیچیدہ‘ شیڈول قرار دیا ہے

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں ریکارڈ 20 ٹیمیں حصہ لیں گی، جو 2022 کے ایڈیشن میں 16 ٹیموں سے زیادہ ہیں۔

اس ٹورنامنٹ کے میچز امریکی شہر نیو یارک سمیت شمالی امریکہ بھر میں نو مقامات پر کھیلے جائیں گے، جس میں نساؤ کاؤنٹی میں 34 ہزار نشستوں پر مشتمل اسٹیڈیم بھی شامل ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ ہفتے لانگ آئی لینڈ گراؤنڈ کی نقاب کشائی کی گئی۔ یہ میدان ورلڈکپ کے آٹھ شیڈول میچوں میں سے 9 جون کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ کی میزبانی کرے گا۔ یہ ڈراپ ان پچوں کے ساتھ ایک عارضی اسٹیڈیم ہوگا تاہم یہ فلڈ لائٹس سے لیس نہیں ہوگا۔

آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلے نے ایک آن لائن میڈیا راؤنڈ ٹیبل میں نامہ نگاروں کو بتایا ”ہم نیویارک میں ہیں کیونکہ نیویارک کرکٹ شائقین کا ایک مرکز ہے اور ہم اس مقام پر سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والے کرکٹ میچوں میں سے کچھ لا رہے ہیں۔“

میزبان امریکہ یکم جون کو ڈیلس میں اپنے ہمسایہ ملک کینیڈا کے مقابلے میں افتتاحی میچ کھیلے گا، جبکہ ویسٹ انڈیز اپنی مہم کا آغاز گیانا میں پاپوا نیو گنی کے خلاف کرے گا۔ فائنل 29 جون کو برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

کرس ٹیٹلے نے کہا ”میرے تجربے کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے لیے یہ اب تک کا سب سے پیچیدہ میچ شیڈول رہا ہے۔ میچوں کی تعداد اور ٹیموں کی تعداد کے اعتبار سے یہ اب تک کا سب سے بڑا ٹی 20 ورلڈ کپ ہے۔“

انڈین ویب سائٹس نے برِصغیر کے شائقین کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دن دو سے چار بجے کے درمیان شروع ہونے والے میچوں کے اوقات کا اعلان کیا ہے۔

تاہم ٹیٹلے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابھی میچوں کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ابھی تک میچوں کے آغاز کا وقت جاری نہیں کیا ہے۔

امریکہ میں کرکٹ کے شائقین اس ایونٹ کا بہت شدت سے انتظار کر رہے ہیں کیونکہ امریکہ میں رہنے والوں کو عالمی سطح کی کرکٹ پہلی بار دیکھنے کو ملے گی۔

ٹی۔20 ورلڈ کپ کے یہ مقابلے امریکہ کی تین بڑی ریاستوں، ٹیکساس، نیویارک اور فلوریڈا میں ہوں گے، جہاں کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔

ریاست نیو یارک میں یہ مقابلے لانگ آئی لینڈ کی ناساؤ کاؤنٹی میں بنائے جانے والے ایک عارضی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ یہ علاقہ نیویارک شہر سے قریب ہے اور مین ہیٹن سے تیس میل مشرق میں واقع ہے۔ یہاں جنوبی ایشیائی کمیونٹی ایک بڑی تعداد میں آباد ہے۔ توقع ہے کہ پاکستان، بھارت۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچوں میں ان کی دلچسپی بھی زیادہ ہوگی۔

نیویارک میں ہونے والے میچز میں سری لنکا، ساؤتھ افریقہ، آئرلینڈ، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش،امریکہ اور کینیڈا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ناساؤ کاؤنٹی کے کاؤنٹی ایگزیکٹیو بلیک میں بروس نے ایک پریس کانفرنس میں آئی سی سی کے نمائندوں اور اس ایونٹ کے لیے کاؤنٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کے ہمراہ عارضی اسٹیڈیم کے ڈیزائنز کی نقاب کشائی کی۔

کاؤنٹی انتظامیہ کے مطابق ناساؤ کاؤنٹی کے ملکیتی آئزن ہاور پارک کے تقریبا 40 ایکڑ حصے کو اور تقریباً 127 ایکڑ پر محیط کینٹیاگو پارک کے لگ بھگ 7 ایکڑ کو کرکٹ ورلڈ کپ میچوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس اسٹیڈیم میں تقریباً 34 ہزار نشستں رکھی جائیں گی۔ عارضی اسٹیڈیم ماڈیولر اسٹیل اور ایلومینیم ٹیکنالوجی سے بنایا جائے گا۔ یہ تعمیرات بڑے خیموں اور ماڈیولر اسٹرکچرز پر مشتمل ہوں گی۔

یہ پروجیکٹ تعمیراتی کمپنی ’پاپولوس‘ کی ٹیم نے ڈیزائن کیا ہے جو دنیا نے کچھ معروف ترین سٹیڈیم بنانے کے لیے مشہور ہے۔ اسی کمپنی نے انڈیا کے شہر احمد آباد میں نریندر مودی سٹیڈیم اور لندن کا ٹوٹنہم ہاٹ پور سٹیڈیم ڈیزائن کیا ہے۔ اس سے پہلے پاپولوس نے نیویارک میں بیس بال سٹیڈیم نیویارک یانکیز اور نیو یارک میٹس تعمیر کیے ہیں۔

ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے لیے ایڈیلیڈ اوول اور ایڈن پارک کی طرز کی ڈراپ اِن سٹائل سکوائر پچ فلوریڈا میں تیار کی جا رہی ہے جسے مئی کے اوائل میں نیویارک منتقل کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں آئی سی سی جانب سے اس اسٹیڈیم کے آرکیٹیچر کے انچارج ڈان لاکربی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر فروری میں شروع ہوگی اور مئی کے آخر تک اسے مکمل کر کے مقامی ٹیموں کے ساتھ مقابلوں میں ٹیسٹ کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تکمیل کے بعد یہ اسٹیڈیم انگلینڈ کے کسی بھی کرکٹ اسٹیڈیم اور ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم سے بھی بڑا ہوگا ، جس نے 2011 میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی کی تھی۔

آئی سی سی امریکہ کو کرکٹ کی ایک نئی مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہی ہے، جہاں کرکٹ کے شائقین کی تعداد 3 کروڑ سے زائد ہے۔

ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا پہلا میچ تین جون کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close