فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈکپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق عالمی مقابلے کا فائنل نیویارک-نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
فائنل کی میزبانی کے حصول پر نیویارک اور نیو جرسی میں حکام نے جشن منایا۔ دنیا کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کھیلوں کا ایونٹ، ایک بے مثال نمائش، یہی وجہ ہے کہ اس اعلان کا بے تابی سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ مہینوں کی لابنگ کے بعد، نیویارک اور میٹ لائف اسٹیڈیم نے ڈلاس اور اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم کو ہرا کر فائنل کے انعقاد کا اعزاز حاصل کیا۔
واضح رہے کہ برسوں پہلے، جب فیفا کے اراکین نے 2026 کے ورلڈ کپ کی ذمہ داری امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کو سونپی تھی، تو نیویارک کو حتمی فیورٹ سمجھا جاتا تھا۔ لیکن 2022 اور 2023 کے دوران، اندرونی پیشین گوئیاں متزلزل ہو گئیں۔ ڈلاس ایک اور سرکردہ دعویدار کے طور پر ابھرا۔ پھر لاس اینجلس بھی کود پڑا، یوں یہ تین تگڑے گھوڑوں کی دوڑ بن گئی
فیفا نے تسلیم کیا کہ ورلڈکپ 2026 کے انعقاد میں قطر میں 2022 کے مقابلے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں 32 ٹیمیں اور آٹھ اسٹیڈیمز میں 64 میچز شامل تھے، یہ سب قطر کے دارالحکومت دوحہ کے 55 کلومیٹر کے دائرے میں تھے۔
2026 کے ایڈیشن میں 48 ٹیمیں، 104 میچز اور 16 شہر شامل ہوں گے، جو تین ممالک کے چار ٹائم زونز میں پھیلے ہوئے ہیں – جس میں کینیڈا میں 13، میکسیکو میں 13 اور امریکہ میں 78 میچز ہوں گے، صرف ابتدائی گروپ مرحلے میں ہی 72 میچز ہوں گے، جو کہ قطر سے زیادہ ہیں۔
2026 کا مکمل شیڈول، میچ اپس اور کِک آف ٹائمز کے ساتھ، دسمبر 2025 کے اوائل میں ٹورنامنٹ ڈرا کے موقع پر ظاہر کیا جائے گا۔ پینتالیس ٹیموں نے ابھی کوالیفائی کرنا ہے۔
ابتدائی راؤنڈ رابن مرحلے کے لیے 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ گروپ کی فاتح اور رنرز اپ کے علاوہ آٹھ بہترین تیسری پوزیشن والی ٹیمیں ناک آؤٹ راؤنڈ آف 32 میں جائیں گی۔
ورلڈکپ 2026 کے مقابلوں کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے۔ تینوں ممالک کے کل سولہ شہروں میں یہ میچز کھیلے جائیں گے، جب کہ زیادہ تر میچز امریکہ میں کھیلے ہونگے
ورلڈکپ میں دنیا کی بہترین 48 ٹیمیں شرکت کریں گی اور ٹورنامنٹ میں چار ٹیموں کے 12 گروپس ہوں گے، جن کے درمیان مختلف مقامات پر 104 میچز کے علاوہ 24 میچز ہوں گے۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ میکسیکو شہر کے مشہور اسٹیڈیم ایزٹیکا میں 11 جون کو کھیلا جائے گا، جب کہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک میں ہوگا۔
فیفا کے مطابق امریکی شہر اٹلانٹا اور ڈیلاس سیمی فائنل میچوں کی میزبانی کریں گے، جب کہ تیسری پوزیشن کا میچ ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں کھیلا جائے گا۔
کوارٹر فائنل مقابلے لاس اینجلس، کنساس سٹی، میامی اور بوسٹن میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ تیس سال قبل 1994 کا ورلڈکپ بھی امریکہ میں منعقد ہوا تھا اور فائنل لاس اینجلس کے قریب پاساڈینا کے روز باؤل میں کھیلا گیا تھا۔
نیویارک میں اس ورلڈکپ کے میچ پرانے جائنٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے، جسے بعد میں منہدم کر کے اس کی جگہ 2010 میں میٹ لائف اسٹیڈیم بنایا گیا تھا۔
فیفا کا میچوں کے مقامات کے بارے میں فیصلوں کا اعلان شمالی امریکہ میں براہِ راست ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا۔ اس موقع پر فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو سمیت کامیڈین اور اداکار کیون ہارٹ، ریپر ڈریک اور مشہور شوبز شخصیت کم کارڈیشین بھی شریک تھیں۔
نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل کی میزبانی کا اعزاز امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کی طرف سے ایک مضبوط بولی کے مقابلے کے بعد حاصل کیا گیا۔
نیویارک نے اپنی فائنل کی میزبانی کے لیے بولی پیش کرتے ہوئے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے شہر کے تجربے، شائقین کے لیے آسان نقل و حمل کے رابطوں اور ایک عالمی شہر کے طور پر اپنی کی پوزیشن کو اجاگر کیا تھا۔
میٹ لائف اسٹیڈیم میں 82,500 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس اسٹیڈیم میں 2016 کوپا امریکہ ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت کئی بین الاقوامی فٹبال گیمز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
نیویارک کا یہ جدید اسٹیڈیم دریائے ہڈسن کے پار ایسٹ رودر فورڈ، نیو جرسی میں، نیشنل فٹ بال لیگ کے نیویارک جائنٹس اور نیویارک جیٹس کا مسکن ہے۔
چار جولائی کو منائے جانے والے یومِ آزادی کے موقع پر ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں بھی مقابلوں کا ایک راؤنڈ منعقد کیا جائے گا، جہاں امریکی اعلانِ آزادی پر دستخط کیے گئے تھے۔
امریکہ میں کھیلے جانے والے راونڈ میچوں کا آغاز 12 جون کو لاس اینجلس کے سوفائی اسٹیڈیم سے ہوگا، جب کہ ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں بھی میچ کھیلا جائے گا۔
ٹورنٹو کو کینیڈا کی ٹیم کے پہلے کھیل کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے جب کہ وینکوور کینیڈا کا دوسرا مقام ہے جو مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔