بے گھری مجھ سے پتہ پوچھ رہی ہے میرا۔۔

عارف حسن (ترجمہ: امر گل)

جب آپ ماڑی پور روڈ سے ہاکس بے کی طرف جاتے ہیں، تو سمندر سے تقریباً دو کلومیٹر دور ایک کنکریٹ کی دیوار سڑک کے بائیں جانب دکھائی دیتی ہے۔ یہ دیوار ہاکس بے ڈرائیو تک پہنچ کر بائیں جانب مڑ جاتی ہے اور تقریباً ایک کلومیٹر تک جاری رہتی ہے۔ دیوار سے گھیرے گئے علاقے میں مچھیروں کے کئی چھوٹے گاؤں شامل ہیں۔ دیوار سے محصور علاقے میں سڑکیں بنائی جا رہی ہیں، اور اس علاقے سے بہنے والے نالے کو بند کر دیا گیا ہے۔ جہاں پانی نالے سے سمندر کی طرف پھیلتا تھا، وہ جگہ بھی بند کر دی گئی ہے۔ اس علاقے کا بیشتر حصہ وسیع مینگروو جنگلات پر مشتمل ہے۔

اس علاقے اور اس کے ارد گرد کے گاؤں کے باسی براہوی یا بلوچی بولنے والے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یہاں انگریزوں کے برصغیر میں آنے سے پہلے سے آباد ہیں۔ ان کے کئی خاندان چھوٹی کشتیوں کے مالک ہیں، جن میں وہ کم گہرے پانیوں میں جا کر مچھلیاں پکڑتے ہیں اور پھر اپنی مچھلیاں خلیج کے مختلف پیروں پر لے جا کر بیچتے ہیں۔ دیگر لوگ بڑے جہازوں پر بطور معاون کام کرتے ہیں جو گہرے سمندر میں جاتے ہیں۔ انہیں روزانہ کی بنیاد پر یا شکار کے تناسب سے ادائیگی کی جاتی ہے۔

مچھلی کی خوردہ اور تھوک تجارت گاؤں والوں کے لیے بڑا کاروبار ہے، لیکن مچھیروں اور آڑھتیوں کے درمیان غیر مساوی تعلقات کی وجہ سے گاؤں والے مالی طور پر غریب ہیں اور ’غربت کے کلچر‘ کا شکار ہیں۔ زیادہ تر گاؤں میں تعلیمی یا صحت کی سہولیات نہیں ہیں، اور جو ہیں وہ بھی ٹھیک سے فعال نہیں ہیں۔

گاؤں والے خوفزدہ ہیں۔ افواہ ہے کہ پورا علاقہ کے ڈی اے اسکیم 42 کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں بے دخل کیا جائے گا اور ان کا روزگار چھین لیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں وہ نہ صرف بے گھر ہو جائیں گے بلکہ سڑک پر آ جائیں گے۔ افواہ ہے کہ دیوار سے گھیرے گئے علاقے میں کثیر المنزلہ اپارٹمنٹس، کلبز اور اعلیٰ درجے کے کھانے پینے کے ریستوران ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ سچ ہے تو نئے لوگ مختلف مہارتوں کے ساتھ ان کی جگہ لے لیں گے۔

بار بار وہ اس بات کا ذکر کرتے ہیں کہ زرعی علاقوں، جیسے کہ گڈاپ میں ہوا ہے، ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔ گڈاپ کے دیہات میں بسنے والے قدیمی باشندوں نے اپنا سب کچھ کھو دیا، بشمول ان کی برادری اور ثقافت کے۔ ان میں سے کئی اپنے زمینوں سے بے دخل ہونے کے دوران مارے گئے۔ وہ بے گھر بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کوئی سہارا نہیں ہے کیونکہ ان اسکیموں کو حکومت، سیاستدانوں اور بڑے سرمایہ داروں کی حمایت حاصل ہے۔

ماہی گیر کمیونٹی کے روزگار اور برادری سے متعلقہ خدشات کے علاوہ، علاقے کا ماحول تباہ ہو جائے گا۔ تیمر (مینگروو) کے جنگلات ختم ہو جائیں گے اور ان کے ساتھ ہی وہ جنگلی حیات بھی، جن کی حفاظت کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ایف کوششیں کر رہی ہے۔ شور اور انسانی سرگرمیوں کی شدت کی وجہ سے سبز کچھوے کی نسل بڑھانا ناممکن ہو جائے گا، اور وہ بھی فلیمنگوز، پانگولنز، سارس، اور بطخ کی طرح چینا کریک اور سینڈ اسپٹ کے بیک واٹرز سے غائب ہو جائیں گے۔

ساحل اب خوشحال ولاز پر مشتمل ہیں جو زیادہ تر ہوٹل کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔ اصل میں، بائی لاز کے تحت صرف ایک منزلہ جھونپڑی کی اجازت تھی، جس کی چھت ہٹائی جا سکے۔ اس سے ساحل کا ارضی اور سماجی ماحول محفوظ رہتا تھا۔ اس کی بحالی کا مطلب ہوگا درجنوں ولاز کی مسماری، جو ممکن نہیں ہے۔

تاہم، ہم اب بھی کوشش کی جا سکتی ہے اور کے ڈی اے اسکیم 42 کے لیے خصوصی بائی لاز اور زوننگ ضوابط تیار کیے جا سکتے ہیں جو اسے ایک کنکریٹ کا جنگل بننے سے روکیں اور ماحول کی پاکیزگی کی حفاظت کر سکیں، خاص طور پر نباتات و حیوانات اور ان سب چیزوں کی۔

یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ کراچی کے ماسٹر پلان 2020 میں، جو کہ سٹی کونسل نے منظور کیا تھا، شہر کے سمندری محاذوں کی حفاظت کے لیے خصوصی دلچسپی لی گئی تھی۔ اس میں یہ تجویز دی گئی تھی کہ علاقے کی نباتات و حیوانات، ماہی گیری کی کمیونٹیز، کم اور درمیانی آمدنی والے کراچی والے جو ساحلوں پر آتے ہیں اور وہ لوگ جو ان کو خدمات فراہم کرتے ہیں، کسی بھی ساحل کی ترقی کے اہم شراکت دار ہیں۔ کے ایس ڈی پی 2020 کے تحت، سمندر، تیمر کے جنگلات یا مٹی کے فلٹس، جو مچھلی اور کچھوے کی نرسریاں ہیں، سے کسی قسم کی زمین کی بازیابی کی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ، تمام ساحلوں تک ماہی گیر برادریوں اور عوام کی رسائی ہونی چاہیے۔ ساحلی سڑک کے سمندری جانب، بلند پانی کے نشان اور اس کے 150 میٹر سے آگے تک کے درمیان کسی بھی تعمیرات کی اجازت نہیں ہے۔

جب کے ایس ڈی پی کو فریم کیا جا رہا تھا، ساحلوں کی حفاظت کے لیے ایک شہری تحریک چل رہی تھی۔ اب یہ تحریک ختم ہو چکی ہے۔ لوگ تھک چکے ہیں کیونکہ وہ غیر معینہ مدت تک ڈیولپرز، سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے گٹھ جوڑ کے خلاف نہیں لڑ سکتے۔ کراچی کے ساحلی علاقوں اور اس کے خوبصورت ماحول کو شہر کے باسیوں کے لیے بچانے کے لیے، مضبوط ادارہ جاتی انتظامات کی ضرورت ہے جو بدعنوانی کے خلاف لڑ سکیں، جو ہماری زندگی کے ہر پہلو میں سرایت کر چکی ہے۔

بشکریہ ڈان نیوز

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close