کراچی : پیپلزپارٹی نے حکومت گرانے کے لئے کوششوں کے سلسلے میں نون لیگ کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدوں کی پیشکش کی ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان بیک ڈور رابطے ہوئے ہیں اور ان رابطوں میں اہم ہیش رفت بھی ہوئی ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر مرکز اور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے خواہاں ہیں، اور بیک ڈور رابطوں میں پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کی خواہش کا اظہار بھی کردیا ہے
پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کو وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے عہدوں کی پیشکش کردی ہے، اور کہا ہے کہ اگر ن لیگ ساتھ دے تو مرکز اور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی ممکن ہے، کیونکہ ہمارے پاس مرکز اور پنجاب میں نمبرز پورے ہیں، اگر آپ ساتھ دیں تو ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں پیپلزپارٹی مرکز میں وزیراعظم اور پنجاب میں وزیراعلی ن لیگ کا قبول کرے گی
پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکز اور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کے ناراض اراکین اور حکومتی اتحادی پوری طرح تیار ہیں، حکومت اور اتحادیوں کے 25 سے زائد ارکان قومی اسمبلی اور پنجاب میں 31 ارکان اسمبلی ساتھ دیں گے
دوسری جانب نون لیگی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی پیشکش کرنے والے ابتدا سینیٹ سے کریں.