اسلام آباد : پاکستان میڈیکل کمیشن کے زیر انتظام ہونے والے پری میڈیکل کے ’’ایم کیٹ ‘‘ (M-cat ) امتحانات میں ناکارہ سسٹم کے باعث سینکڑوں ذہین اور اہل طلبا و طالبات کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے
آن لائن سسٹم میں انٹرینٹ کی بار بار بندش اور سسٹم ڈائون ہونے کی وجہ سے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کے لئے امتحان دینا ناممکن سا ہو گیا ہے
متاثرہ امیدواروں کے مطابق پاکستان بھر کے 17 میڈیکل کالجوں کی مجموعی طور پر 3200 سیٹوں کے لئے ہزاروں امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں، جن کے لئے لاہور ، ملتان اور اسلام آباد میں امتحان کا انعقاد کیا جا رہا ہے 30 اگست سے 30 ستمبر تک جاری رہنے والے امتحانات کے لئے صرف اسلام آباد میں 45 ہزار امیدوار ہیں جن کے لئے اسلام آباد کی ایک مارکی میں امتحانی سینٹر بنایا گیا ہے
امیدواروں کے مطابق آن لائن سسٹم کے تحت ہونے والے اس امتحان میں ایک امیدوار کو 210 سوالات پر مشتمل پرچہ دیا جاتا ہے جسے 3 گھنٹے میں حل کرنا ہوتا ہے اس طرح انتظامیہ ایک وقت میں 200 سے 300 امیدواروں کا امتحان لیتی ہے لیکن جیسے ہی امیدوار پرچہ حل کرنا شروع کرتے ہیں کچھ ہی دیر میں سسٹم ڈائون ہو جاتا ہے اور اس دوران جس امیدوار نے جتنے سوالات کے جواب دیئے ہوتے ہیں، وہ ریکارڈ پر آجاتے ہیں لیکن سسٹم ڈائون ہونے کے بعد دوبارہ بحال ہونے پر حل کئے گئے سوالات سسٹم میں شامل نہیں ہوتے اس طرح سسٹم کا اپ ڈائون مسلسل چلتا ہے اور امیدواروں کو پیپر حل کرنے کے باوجود نمبر صرف انہی جوابات کے دیئے جاتے ہیں جو انہوں نے پہلی مرتبہ حل کئے ہوتے ہیں ۔