بھارت، آسٹریلیا میچ کے دوران دیپن کی روز کو شادی کی پیشکش، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

نیوز ڈیسک

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کو تو شکست ہوئی لیکن اسٹیڈیم میں موجود ایک بھارتی تماشائی نے آسٹریلوی لڑکی روز کا دل جیت لیا

سڈنی میں اتوار کو آسٹریلوی ٹیم نے بھارت کو جیت کے لیے 390 رنز کا ایک بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں انڈین ٹیم مشکل میں دکھائی دے رہی تھی کیونکہ وہ پہلا ون ڈے بھی اسی طرح کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ہار چکی تھی

بیس اوورز کے اختتام پر انڈیا کے 126 رنز پر دو آوٹ تھے، لیکن میچ دیکھنے والے ہر شخص کی نظریں گراؤنڈ سے ہٹ کر تب سٹینڈز پر مرکوز ہو گئیں، حتیٰ کہ گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کے کچھ کرکٹرز کا دھیان بھی بظاہر کچھ دیر کے لیے اس مقابلے سے ہٹ گیا، جب انڈین کِٹ میں ایک لڑکا اپنے ساتھ آئی ایک دوست، جو بظاہر آسٹریلیا کی حمایت کر رہی تھیں، کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے گھٹنے پر بیٹھ کر لڑکی کو ایک انگوٹھی پیش کرتا نظر آیا،  کمنٹیٹر ایڈم گلکرسٹ نے بھی کہہ دیا کہ ’مہربانی کریں اور لڑکے کو ہاں کر دیں

لڑکی نے جب ہاں کہا تو دونوں بغل گیر ہوئے اور ان کے ساتھ وہاں بیٹھے دیگر شائقین نے بھی انھیں اس نئی خوشی پر مبارکباد دی۔ اس پر کمنٹیٹر نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لڑکے نے کافی دلیرانہ اقدام اٹھایا کیونکہ یہ ہمیشہ ایک خطرناک کھیل ہوتا ہے

بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا نے اس جوڑی یعنی دیپن اور روز کا انٹرویو کیا جس میں ان سے اس بارے میں پوچھا گیا۔ انٹرویو میں بتایا گیا کہ دیپن کا خاندان انڈیا میں یہ میچ دیکھ رہا ہو گا اور انہوں نے بھی ضرور یہ سب منظر دیکھا ہو گا

دیپن نے بتایا کہ ہم دونوں کرکٹ کے فینز ہیں اور اس کام کے لیے اس سے بہتر جگہ نہیں ہو سکتی تھی

دیپن کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ڈیڑھ سال سے ایک ساتھ ہیں، لیکن وہ گذشتہ ایک ماہ سے شادی کی پیشکش کے لیے منصوبہ بنا رہے تھے

جب کہ روز کا کہنا تھا کہ انہیں اس منصوبے کے بارے میں علم نہیں تھا، لیکن اب وہ بہت خوش ہیں

بعد ازاں شادی کی اس منفرد پیشکش کی ویڈیو سوشل میڈیا کی بدولت پوری دنیا میں پھیل گئی اور اکثر لوگوں نے اس جوڑے کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ بہت دلچسپ تبصرے بھی کیے

نیل نامی ایک صارف نے لکھا کہ انڈین ٹیم آج یہ میچ ہار گئی لیکن اس انڈین فین نے سب کے دل جیت لیے۔ ایک انڈین صارف نے تو یہ تک کہہ دیا کہ درحقیقت یہ میچ انڈیا جیت گیا ہے

پریانشو کہتے ہیں کہ ’یہ آسٹریلیا میں انڈیا کی طرف سے سب سے کامیاب ہدف کا تعاقب ہے۔ ایک پاکستانی صارف سلمان سکندر نے لکھا کہ دیسی لوگوں کے پاس شادی کے علاوہ کوئی کام نہیں

اس دوران کئی صارفین نے مزاحیہ کمنٹس بھی کیے۔ جیسے ایک صارف نے لکھا کہ یہ واحد انڈین ہے، جو آج کچھ جیت کر گھر لوٹے گا

جبکہ سوبیر ارورا کہتے ہیں کہ یہ کھلاڑی تو خطرہ مول لیتا ہے۔ دیپک کمار کہتے ہیں کہ انڈیا کو آج اپنا مین آف دی میچ مل گیا

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس واقعے کی ویڈیو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بھی لگائی گئی اور کیپشن میں لکھا ’یہاں خواب پورے ہوتے ہیں‘ جبکہ اس ویڈیو میں یہ چیز بھی دلچسپ تھی کہ لڑکی کے ہاں کہنے پر گلین میکسویل سمیت کچھ آسٹریلوی کھلاڑیوں نے بھی تالیاں بجا کر جوڑے کو مبارکبار پیش کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close