کراچی : ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں عوام کے لیے پہلی بار گاما نائف کی مفت سہولت کا افتتاح کردیا گیا ہے
گاما نائف کے ذریعے دماغ کی سرجری بغیر کسی تکلیف اور بنا کٹ لگائے کی جاسکے گی، اس سے کینسر یا بغیر کینسر کی رسولیوں سمیت دماغ کی دیگر بیماریوں کا شعاعوں کے ذریعے مفت علاج کیا جائے گا
تفصیلات کے مطابق اوجھا کیمپس میں گاما نائف ریڈیو سرجری سینٹر کا افتتاح سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کیا
افتتاحی تقریب میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت، سیکریٹری صحت، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی، پرو وائس چانسلرز اور دیگر موجود تھے
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گاما نائف سے ایک شخص کے علاج پر ڈھائی لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں، ایک سال میں تقریباً پانچ سو لوگوں کا علاج کیا جاتا ہے، سندھ حکومت اس کا پورا خرچ اٹھائے گی، مریضوں کا علاج مکمل طور پر مفت کیا جائے گا، مخیر حضرات اس سلسلے میں حکومت سندھ کے ساتھ معاونت کریں
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اس مشین کے چار سو سے زائد یونٹ نصب ہیں اور یہ پاکستان کے پبلک سیکٹر میں ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں نصب ہونے والا پہلا گاما نائف ہے، جو کہ فخر کی بات ہے
انہوں نے کہا کہ ہم نے صحت کے شعبے میں کچھ قابل ذکر سہولیات قائم کی ہیں جیسے کہ جے پی ایم سی میں سائبر نائف، گمبٹ میں لیور ٹرانسپلانٹیشن انسٹیٹیوٹ، اور اب ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں گاما نائف وغیرہ
ڈاکٹروں کے مطابق گاما نائف درد سے پاک، خون کے بغیر اور ڈے کیئر ٹریٹمنٹ ہے جو انتہائی تیر بہ ہدف اور درست علاج ہے، گاما نائف ریڈیو سرجری کا استعمال دماغ کے بعض حالات کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے، جن میں سے کئی کا علاج صرف اوپن سرجری سے کیا جاسکتا ہے، اگر یہ آپشن دستیاب نہ ہو تو گاما نائف سنٹر میں ماہر نیورو سرجن اور ریڈی ایشن آنکولوجسٹ دماغی حالات کا علاج کریں گے
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گاما نائف ایک دن کا علاج ہے اور مریض اسی دن اپنے روزمرہ معمول پر واپس گھر جا سکتا ہے، گاما نائف سہولیات سے سالانہ پانچ سو مریضوں کا علاج ہوسکتا ہے اور ہر مریض کے علاج پر ڈھائی لاکھ روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے وائس چانسلر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مریضوں کا مفت علاج کریں اور ان کی حکومت تمام اخراجات برداشت کرے گی.