بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

ویب ڈیسک

تامل ناڈو – بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کُنور کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں

بھارتی فضائیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ”انتہائی افسوس کے ساتھ یہ واضح ہوگیا ہے کہ جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر گیارہ افراد واقعے میں ہلاک ہوگئے ہیں“

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈی ایس ایس سی پر ڈائریکٹنگ اسٹاف گروپ کپٹن ورون سنگھ ایس سی بھی زخمی ہیں اور وہ اس وقت ملیٹری ہسپتال ویلنگٹن میں زیر علاج ہیں

بھارتی فضائیہ نے کہا کہ جنرل بپن راوت ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج ولنگٹن (نیلگری ہلز) میں اسٹاف کورس کے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کے لیے جا رہے تھے

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دوپہر کے قریب بھارتی فضایہ کا ایم آئی-17 وی فائیو ہیلی کاپٹر عملے کے 4 افراد اور دیگر مسافروں کو لے کر جار رہا تھا اور تامل ناڈو میں کونور کے قریب حادثے کاشکار ہوا

بھارتی فضائیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا ہے

بھارتی میڈیا نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز، فضائیہ کے پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے

بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں گرا

این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بھارت کے آرمی چیف جنرل جے جے سنگھ کا کہنا تھا کہ لاشیں جھلسی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے لاشوں کی شناخت کی جائے گی

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دفاعی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے

بھارتی وزیراعظم نے ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے

واضح رہے کہ حادثے کی اطلاعات بعد ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی فوج کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے سوا تمام 13 مسافروں کی ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے

بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ حادثے میں چیف آف ڈیفنس شدید زخمی ہیں اور اُن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے

ہیلی کاپٹر گِرنے کی وجہ اور مناظر کے حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک عینی شاہد نے کہا کہ ’اس نے ہیلی کاپٹر کو درختوں سے ٹکرا کر شعلوں میں پھٹتے دیکھا۔‘

اس واقعے کے ایک عینی شاہد کرشنا سوامی نے کہا کہ ’میں نے سب سے پہلے ایک زوردار شور سنا، جب میں یہ دیکھنے باہر آیا کہ کیا ہوا ہے، تو میں نے ہیلی کاپٹر کو ایک درخت سے ٹکراتے دیکھا

عینی شاہد نے کہا کہ ’وہاں ایک بہت بڑا آگ کا گولہ تھا اور پھر وہ دوسرے درخت سے ٹکرا گیا۔ میں نے دو تین لوگوں کو ہیلی کاپٹر سے باہر آتے دیکھا، وہ مکمل طور پر جل چکے تھے اور گرنے لگے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے مقامی لوگوں کو فون کیا اور ہم نے مدد کرنے کی کوشش کی، اس کے بعد فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کو اطلاع دی گئی

بھارتی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پر دو وڈیوز شیئر کی گئیں ہیں جن میں جنرل بپن راوت کے گِر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر دیکھا جاسکتا ہے

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقامی افراد کی جانب سے ہیلی کاپٹر کی آگ بھجانے کی کوشش کی جارہی ہے

اس کے علاوہ مقامی افراد ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر ہیلی کاپٹر کے ملبے سے زخمی اور جاں بحق افراد کو نکالنے کی کوشش بھی کررہے ہیں

تباہ ہونیوالے بھارتی ملٹری ہیلی کاپٹر کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایم آئی 17وی 5 روسی ساختہ 2 انجن والا ہیلی کاپٹر تھا

ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹر بلند مقام پر آپریشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ایم آئی 17وی 5ہیلی کاپٹر کسی بھی موسم میں استعمال کیا جا سکتا ہے

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹر کی بڑی کھیپ 2013ء سے 2018ء کے درمیان خریدی تھی۔

بھارتی ماہرین کے مطابق ایم آئی 17وی 5ہیلی کاپٹر قابل بھروسہ، محفوظ، اور بڑا ہیلی کاپٹر ہے، ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹرز صدر، وزیراعظم سمیت وی آئی پیز کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے

اس حادثے کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے کئی سوالات اٹھائے ہیں

بھارتی میڈیا نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے سابق ایم آئی 17 پائلٹ امیتابھ رنجن سے استفسار کیا تو انہوں نے حادثے کی بڑی وجہ موسم کی خرابی کو قرار دیا

انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر جس علاقے میں حادثے کا شکار ہوا وہ پہاڑی علاقہ ہے جہاں اکثر موسم خراب رہتا ہے

سابق ایم آئی 17 پائلٹ نے یہ بھی کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی دوسری وجہ تکنیکی خرابی ہوسکتی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close