کراچی – موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج رات سے شروع ہونے والی بارش کے دوران اولے پڑنے کا امکان 20 سے 30 فیصد ہے
انہوں نے کہا کہ موسم سرد ہو تو آبی بخارات جم کر اولے بن جاتے ہیں، شہر میں آخری بار اولے 18 دسمبر 2017ء کو پڑے تھے
محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج سے شروع ہونے والی بارش سے سردی میں اضافہ ہو گا اور درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق موسمِ سرما کا طاقت ور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر اثر انداز ہوا ہے، اس مغربی ہواؤں کے سسٹم نے جنوبی بلوچستان میں اچھی بارش برسائی ہے
انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت کراچی میں آج شام یا رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران تیز سرد ہوائیں بھی چل سکتی ہیں
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ شہرِ قائد میں 45 سے 54 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ شہر میں کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے
انہوں نے بتایا کہ 5 جنوری کی دوپہر تک کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ 5 جنوری کے بعد بارش میں وقفہ آ جائے گا
سردار سرفراز نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 6 جنوری کی دوپہر سے ایک بار پھر سرگرم ہوگا، جس کے باعث 6 سے 7 جنوری کی صبح یا دوپہر تک بارش جاری رہ سکتی ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ اس پورے سلسلے میں شہرِ قائد میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ 8 جنوری سے شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے
سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے چند اضلاع میں آج شام یا رات سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکان کے بعد پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے آج (4 جنوری کی) رات سے 7 جنوری کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے
پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق 4 جنوری سے 7 جنوری کے دوران کراچی، سکھر، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، میر پور خاص، دادو، بدین، ٹنڈو الہٰیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جیکب آباد، شکار پور، تھر پارکر، قمبر شہد اد کوٹ اور عمر کوٹ میں تیز ہواؤں اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے
پی ڈی ایم اے سندھ نے ممکنہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو اس دوران الرٹ رہنے اور ضروری اقدام کرنے کی ہدایت کی ہے
جبکہ کراچی میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈی جی کی ہدایت پر بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے
سی اے اے کی جانب سے کراچی میں ممکنہ بارشوں سے تمام شعبوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے
سی اے اے کے جاری کیے گئے الرٹ میں کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر کراچی ایئر پورٹ پر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے
سی اے اے کے الرٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر چھوٹے طیاروں کو محفوظ جگہ پر پارک کیا جائے
سی اے اے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے طیاروں کے پروں سے وزن باندھ کر انہیں پارک کیا جائے
سی اے اے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ بارشوں کے دوران کیڑے مکوڑے جمع ہونے کی وجہ سے ایئر پورٹ اور اس کے اطراف پرندے آ سکتے ہیں
سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ فیومیگشن کا سامان تیار رکھا جائے جبکہ پرندوں کو بھگانے کے لیے برڈ شوٹرز رن وے کے اطراف الرٹ رہیں
ادھر مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے
محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم گوادر اور گرد و نواح میں داخل ہو چکا ہے
گوادر شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے
گوادر کے دیگر علاقوں پسنی، جیوانی، سر بندن، اورماڑہ، پشکان گنز، پلیری، بُرز کپّر، دشت کُرمی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے
گوادر شہر میں بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا، شہریوں کو مشکلات سامنا ہے
بارش کے بعد سے گوادر شہر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے، ضلعی انتظامیہ نے ماہی گیروں کو 6 جنوری تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت پہلے ہی کر رکھی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے 3 سے 6 جنوری تک ضلع کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے
تیز بارش کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر گوادر نے ماہی گیروں کی کشتیوں کو مشرقی ساحل سے مغربی ساحل کی طرف منتقل کرنے اور آج رات سے 6 جنوری تک ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے.