استعفیٰ نہیں، سرپرائز: عدم اعتماد کی ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپنے پتے شو کروں گا، وزیراعظم

نیوز ڈیسک

اسلام آباد – وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کی ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپنے تمام پتے ظاہر کروں گا

اسلام آباد میں وزیراعظم سے صحافیوں نے ملاقات کی۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا، نیوٹرل والی بات دراصل اچھائی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کے تناظر میں کی

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے ایک جلسے کے دوران کہا تھا کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے، اللہ نے ہمیں نیکی کا ساتھ دینے اور برائی کے خلاف جہاد کرنے کا حکم دیا ہے

وزیراعظم نے کہا کہ فضل الرحمان سیاست کا بارہواں کھلاڑی ہے اور اس کے اب ٹیم سے باہر ہونے کا وقت آ گیا ہے

عمران خان نے زور دیا کہ فوج کو غلط تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، مضبوط فوج ملک کی ضرورت ہے ، فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوجاتے، سیاست کے لیے فوج کو بدنام نہ کیا جائے

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی کی سیاست چوری اور چوری چھپانا ہے، زرداری کے پاس پیسے کے علاوہ کون سا نظریہ ہے، شہباز شریف جیسے بڑے مجرم کے ساتھ میں کیوں بیٹھوں گا

عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگ اپنی کرپشن بچانے کے لیے میرے خلاف اکٹھے ہوئے ہیں، اپوزیشن کی سیاست ختم ہونے جا رہی ہے

انہوں نے کہا کہ کسی کی غلط فہمی ہو سکتی ہے کہ گھر بیٹھ جاؤں گا، کیا چوروں کے دباؤ پر استعفی دے دوں، میں کسی صورت استعفی نہیں دوں گا، کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کردوں، پیشگوئی کر رہا ہوں کہ عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے، ہر حکمران جماعت سے لوگ ناراض ہوتے رہتے ہیں

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ اپوزیشن نے دباؤ میں آکر اپنے سارے پتے ظاہر کر دیے، عدم اعتماد کی تحریک کی ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپنے تمام پتے ظاہر کروں گا، اپوزیشن کو معلوم ہی نہیں کہ عدم اعتماد کے دن ان کے کتنے لوگ رہ جائیں گ

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار سے پچاس سالہ دوستی ہے، ان سے ابھی نہیں کچھ عرصہ پہلے ملاقات ہوئی ہے

علاوه ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہوئے سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں طے پایا کہ 27 مارچ کے جلسے میں عوام کو بتایا جائے کہ کس طرح چور اور ڈاکو عوام پر مسلط ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ یہ مافیا ملک میں ترقی نہیں چاہتا، ہم اپنا فیصلہ عوام کی عدالت پر چھوڑتے ہیں

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ناراض اراکین سے بھی دوبارہ رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عدالت کے ذریعے ان ناراض اراکین کو تاحیات نااہل کروانے پر زور دیا جائے

اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ کسی بھی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز دوں گا

انہوں نے کہا کہ لڑائی ہونے دیں پتہ چل جائے گا کہ کون استعفیٰ دیتا ہے، سپریم کورٹ ریفرنس اس لیے بھیجا ہے کہ ووٹوں کی خرید و فروخت میں رکاوٹ آئے

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا رکھی ہے، تحریک عدم اعتماد سے متعلق کارروائی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کا اجلاس 25 مارچ، 2022 بروز جمعہ دن 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے

اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے جانے کے بعد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تند وتیز سیاسی بیانات دیے جانے کا سلسہ جاری ہے اور ہر ایک فریق تحریک عدم اعتماد کی کارروائی میں کامیابی کے دعوے کرتا نظر آرہا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close