پاس ورڈ کا عالمی دن: ایپل، گوگل اور مائیکروسوفٹ کا بغیر پاس ورڈ لاگ ان ٹیکنالوجی پر اتفاق

ویب ڈیسک

پاس ورڈ کے عالمی دن کی مناسبت سے ٹیکنالوجی کی دنیا کے دیو قامت اداروں ایپل، گوگل اور مائیکروسوفٹ نے روایتی پاس ورڈ کو ختم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے مستقبل قریب میں بہتر لاگ ان ٹیکنالوجی کا اعلان کیا ہے، جن میں ایف آئی ڈی او ٹیکنالوجی سرِفہرست ہے

اس طرح بہت جلد عالمی پیمانے پر ’پاس ورڈ لیس‘ ٹیکنالوجی عام ہوجائے گی

پاس ورڈ کے بغیر ٹیکنالوجی موبائل، ڈیسک ٹاپ اور براؤزر پلیٹ فارم سمیت تمام فورم پر کام کرسکے گی۔ اسی طرح ایندروئڈ، کروم، سفاری، ایج، میک او ایس اور آئی او ایس سمیت دیگرآپریٹنگ سسٹم کے لیے بھی آسانی سے استعمال کیا جا سکے گا

اس حوالے سے ایپل کے پلیٹ فارم پراڈکٹ مارکیٹنگ کے سینیئر سربراہ کا کہنا ہے کہ اس سے پاس ورڈ چوری ہونے اور ڈیٹا کو نقصان کا ازالہ کیا جاسکے گا۔ یوں شفافیت اور بہترین سیکیورٹی ممکن ہوسکے گی

گوگل نے خیال پیش کیا ہے کہ اس میں فون کو مرکزی لاگ ان آلے کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔ یعنی فون کھولئے، یا اس میں پاس ورڈ شامل کیجئے، یا پِن نمبر شامل کیجئے یا کوئی پیٹرن بنائیں تو وہ تمام سروسز پر ازخود سائن ان کرا دے گا۔ اب ہر پلیٹ فارم پر جاکر پاس ورڈ لکھنے کا جھنجھٹ ختم ہو جائے گا

اس میں ایک کرپٹو ٹوکن ’پاس کی‘ کے طور پر استعمال ہوگا۔ یہ ٹوکن عین بلاک چین طرز پر بنایا جائے گا۔ چونکہ ایک آلہ بطور پاس ورڈ استعمال ہوگا اس طرح ہیکنگ، فشنگ اور پاس ورڈ چوری کی وارداتوں میں کمی لانا ممکن ہوگا۔ یعنی آئی فون کی پاس کی سے مائیکروسوفٹ ونڈوز پر چلنے والے کروم براؤزر پر لاگ ان ممکن ہوگا

تمام پلیٹ فارم پر یکساں طور پر کام کرنے والی ٹیکنالوجی کو ایف آئی ڈی او کا نام دیا گیا ہے، جو فون کھلا ہونے کی صورت میں ہی کام کرے گی اور ایک ہی ڈیوائس سے سارے پلیٹ فارم پر لاگ ان کرنا ممکن ہوگا۔ فون کھونے کے صورت میں نیا فون کلاؤڈ پر رکھی دوسری ڈجیٹل کی سے ہم آہنگ (سِنک) ہوجائے گا۔ اچھی بات یہ ہے کہ کئی پلیٹ فارم پر ایف آئی ڈی او سپورٹ موجود ہے

تاہم ایف آئی ڈی او پر پہلی مرتبہ سائن ان ہی ہونا پڑے گا اور عین اسی جگہ سے آپ کے کوائف اور پاس ورڈ چوری ہوسکتے ہیں۔ ایف آئی ڈی او الائنس کے سربراہ سمپتھ سری نواس نے کہا ہے کہ 2022 کے آخر یا 2023 تک پاس ورڈ کے بغیراکاؤنٹ ٹیکنالوجی وضع کرلی جائے گی

پاس وَرڈ کا عالمی دن

واضح رہے کہ پاس وَرڈ کا عالمی دن ہر سال مئی کے پہلے جمعرات کو منایا جاتا ہے

یہ عالمی دن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین نے کمپیوٹر صارفین کو اپنے پاس ورڈز اپ-ڈیٹ اور انہیں محفوظ بنانے کی ترغیب دینے کے لیے مخصوص کیا تھا

کمپیوٹر سیکیورٹی کے محقق مارک برنیٹ نے اپنی 2005 کی کتاب ‘پرفیکٹ پاس وَرڈز’ میں تجویز پیش کی تھی کہ لوگوں کو ای میل اور دیگر اہم اکاؤنٹس کے لیے اپنے پاس ورڈز کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے سالانہ “پاس ورڈ ڈے” کا انتخاب کرنا چاہیے

انٹیل سیکورٹی نے مذکورہ بالا کتاب سے متاثر ہو کر مئی 2013ع میں مئی کے پہلے جمعرات کو پاس ورڈ کا عالمی منانے کا اعلان کیا

تاہم یہ دن ایک غیر سرکاری چھٹی کے دن کی طرح ہے، جس کا مقصد محض پاس ورڈ بنانے کے منفرد طریقوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور اکاؤنٹس کے لیے نئے پاس ورڈ استعمال کرنا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close