استعمال شدہ اشیا کے کوڑے کو لباس کے طور پر پہن کر امریکہ میں لاس اینجلس کی سڑکوں پر اور گلیوں میں گھومنے والے ماحولیاتی کارکن روب گرین فیلڈ ان مناظر سے لوگوں کی ذہن سازی کرنا چاہتے ہیں
روب گرین فیلڈ ماحولیاتی کارکن ہیں اور امریکہ میں لاس اینجلس کی سڑکوں اور گلیوں میں انوکھا طریقہ اختیار کر کے ایک خصوصی مشن پر ہیں، جہاں وہ اپنی ہی استعمال شدہ اشیا کا کوڑا جسم سے باندھے لوگوں کی ذہن سازی کر رہے ہیں
روب لوگوں کے سامنے یہ حقیقت لانا چاہتے ہیں کہ ان کا اپنا بنایا ہوا کوڑا کس قدر زیادہ ہوتا ہے
اے ایف پی کو انٹرویو میں روب کا کہنا تھا ’ہم میں سے بہت سے افراد کے لیے کوڑا آنکھوں اور ذہن سے اوجھل رہتا ہے۔‘
اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے روب کا کہنا تھا ’ہم کوڑا ٹوکری میں ڈال دیتے ہیں اور وہ دور چلا جاتا ہے اور ہم اس کے بارے میں دوبارہ نہیں سوچتے۔ اس لیے میں ایک منظر بنانا چاہتا تھا تاکہ لوگوں کو مدد ملے یہ سمجھنے میں کہ ہمارا کوڑا کتنا جمع ہوتا ہے‘
روب نے اپنے مقصد کے حصول کے لیے ایک مخصوص لباس تیار کروایا ہے، جس کی جیبوں میں کوڑا بھرا جا سکتا ہے
یہ لباس شفاف ہے اور اس میں بھرا کوڑا باآسانی نظر آتا ہے
اپنے لباس کی ساخت پر بات کرتے ہوئے روب کا کہنا تھا ’ یہ خاص طور پر بنایا گیا کوڑے کا لباس ہے کیوں کہ اوسطاً ایک انسان روزانہ پانچ پونڈز کا کوڑا بناتا ہے‘
روب نے بتایا ’آج ستائیسواں روز ہے اور میرے جسم پر 63 پونڈز وزنی کوڑا لدا ہوا ہے۔ اس لباس میں بڑھنے والی جیبیں ہیں جو ستائیس روز سے میرے ساتھ بڑھتی رہی ہیں‘
ماحولیاتی کارکن نے کوڑا جسم سے باندھ کو معمولات زندگی گزارنے کے عمل کو یاد کرتے ہوئے بتایا ’وہ بارہواں روز تھا، جب میں نے یہ لباس پہنا تو مجھے صارفیت کا بوجھ محسوس ہوا۔ مجھے خود وزن کا احساس ہونا شروع ہوا اور مجھے نظر آنے لگا اور کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ ہمارا کوڑا کتنا جمع ہوتا ہے‘
روب کو سڑکوں پر یوں کوڑا جسم سے باندھے چلتا پھرنا دیکھ کر لوگوں کی اکثریت ان کی طرف متوجہ ہوتی ہے
روب کہتے ہیں ’لوگ یہ پیغام سمجھ سکتے ہیں اور یہ مجھے مدد دیتا ہے کہ ہر طرح کے لوگوں سے مل سکوں‘
اپنی طرف لوگوں کے رویے پر بات کرتے ہوئے روب نے بتایا ’کچھ ایسے لوگ ہیں جو سمجھتے ہیں کہ میں بے گھر ہوں یا مجھے کوئی ذہنی بیماری ہے لیکن زیادہ تر لوگوں کا رویہ مثبت اور متاثر رہا ہے‘
روب گرین فیلڈ ایک سادہ طرز زندگی گزارتے ہیں اور ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہے نہ ہی کسی بینک میں کوئی کھاتہ
روب گذشتہ چند سالوں سے ماحولیات کے حوالے آگاہی پیدا کرنے کے لیے نت نئی اقدامات کرنے میں مشہور ہیں
سال 2019ع میں روب گرین فیلڈ نے مکمل ایک سال تک اپنی کی اگائی گئی خوراک کھائی تھی
لیکن کوڑے سے بھرے لباس والے کام کے لیے انہوں نے اپنی اگائی گئی خوراک کھانا ترک کر دی اور تیس روز کے لیے ایک اوسط امریکی شہری کی طرح خوراک کا استعمال کیا۔