پاکستان میں رواں سال چھبیس فیبروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے اور اب تک پانچ اعصاب شکن اور مشکل مہینوں کے بعد بالآخر اچھی خبر آئی ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں واضح کمی کے ساتھ بیماری سے صحتیاب ہونے والے افراد کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے
منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں انفیکشن ریٹ میں کمی آ رہی ہے. انہوں نے بتایا کہ جون کے مہینے میں پاکستان میں انفیکشن ریٹ 22 فیصد تک پہنچ گیا تھا، جو کہ کم ہو کر اب 10 فیصد سے بھی نیچے آ گیا ہے۔
طبی ذرائع کےاعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے تقریباً ایک کروڑ 39 لاکھ 52 ہزار 400 سے زائد لوگ متاثر ہوئے. جن میں سے 5 لاکھ 92 ہزار 700 سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار گئے.
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان میں اب تک 2 لاکھ 59 ہزار 999 لوگ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 5 ہزار 475 تک بتائی جاتی ہے۔ لیکن اب کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے صورتحال کافی بہتر ہو رہی ہے. گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں یہ تعداد پانچ ہزار کے قریب رہی. تناسب کے اعتبار سے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی شرح 70.7 فیصد، جبکہ شرح اموات صرف2.1 فیصد رہی ہے۔