ناراض بھائی کو منانے کے لیے بہن کا 434 میٹر طویل خط!

ویب ڈیسک

’برادرز ڈے‘ کے موقعے پر اپنے بھائی کو مبارک باد نہ بھیج سکنے کا ازالہ کرنے کے لیے خاتون نے بلنگ رولز پر 434 میٹر طویل خط لکھا دیا، جس کا وزن پانچ کلوگرام سے زیادہ تھا

بھارت کے مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع رپورٹس کے مطابق ان جذبات کا اظہار بھارتی ریاست کیرالہ کی رہائشی کرشنا پریا کی طرف سے کیا گیا

ہوا کچھ یوں کہ کرشنا پریا جب 24 مئی کو منائے جانے والے برادرز ڈے کے موقع پر اپنے بھائی کو مبارکباد دینا بھول گئی تو ان کے چھوٹے بھائی اکیس سالہ کرشنا پرساد ان سے ناراض ہو گئے اور ان کے ساتھ تمام رابطے ختم کر دیئے، حتیٰ کہ انہیں واٹس ایپ پر بلاک بھی کر دیا تھا

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز وائر کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جنوبی کیرالہ ریاست میں انجینئر کے طور پر کام کرنے والی بہن نے اپنے بھائی سے اپنی محبت کا یقین دلانے کے لیے انہیں طویل خط لکھنے کا فیصلہ کیا

لکھتے لکھتے کرشنا پریا کا خط 434 میٹر طویل ہو گیا۔ جب دو دن بعد بھائی کو پارسل ملا تو اس نے شروع میں سوچا کہ یہ سالگرہ کا تحفہ ہے لیکن وہ یہ رزمیہ خط دیکھ کر حیران رہ گیا، جس کا وزن تقریبا پانچ اعشاریہ ستائیس کلوگرام تھا

پریا نے مقامی میڈیا کو بتایا ”میں اسے برادرز ڈے پر مبارکباد دینا بھول گئی۔ شام تک اس نے میری کالز اٹھانا بند کر دیں اور مجھے واٹس ایپ پر بلاک بھی کردیا۔ چنانچہ میں نے ایک خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ میں نے اے 4 سائز شیٹس پر لکھنا شروع کیا لیکن جلد ہی احساس ہوا کہ یہ ناکافی ہوگا کیونکہ مجھے بہت کچھ بتانا تھا“

وہ کہتی ہیں ”پھر میں نے بڑی شیٹس خریدنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن جب میں مارکیٹ گئی تو انہوں نے کہا کہ ان کے پاس صرف بلنگ رولز ہیں جو لمبے ہیں۔ تو میں 14 رول لے آئی۔ مجھے پورا خط لکھنے میں تقریباً بارہ گھنٹے لگے، جس کی لمبائی 434 میٹر اور وزن میں پانچ کلوگرام سے بھی زیادہ تھا“

کرشنا پریا نے خط میں خود سے سات سال چھوٹے بھائی کے لیے محبت کا اظہار کیا

پریا کہتی ہیں ”ہمارے درمیان سات سال کا فرق ہے۔ لہٰذا وہ میری عزت کرتا ہے اور ماں یا استاد کی طرح مجھ سے تھوڑا سا ڈرتا ہے۔ ہم جذباتی طور پر ایک دوسرے سے بہت وابستہ ہیں اور ہمارے تعلقات بہت دوستانہ ہیں“

”بچپن میں ہم جڑواں بچوں کی طرح تھے کیونکہ ہم خاندان میں خاص مواقع پر ایک ہی رنگ کے کپڑے پہنتے تھے“

بھائی کرشنا پرساد نے کہا ”مجھے اس وقت تکلیف اور مایوسی ہوئی جب انہوں نے اس سال برادرز ڈے کے موقع پر مجھے مبارکباد نہیں دی۔ میں نے شام کو انہیں فون کیا، لیکن وہ کام میں مصروف تھیں، اس لیے میں نے زیادہ دیر تک بات نہیں کی اور کال بند کردی۔ اس کے بعد میں نے انہیں واٹس ایپ پر بلاک کر دیا۔ جو کچھ ہوا وہ انہیں برا لگا ہوگا اور اسی وجہ سے انہوں نے خط لکھا۔ جب یہ خط مجھے ملا تو مجھے بہت خوشی ہوئی“

کرشنا پریا کا ماننا ہے کہ یہ اب تک کا سب سے طویل خط ہوسکتا ہے اور اس لیے انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو درخواست دی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close