فیسبک میں بہت بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان!

ویب ڈیسک

میٹا کی ملکیتی دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیسبک نے نئے صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بہت بڑی تبدیلی کرتے ہوئے دو مختلف ہوم فیڈز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے

فیسبک کے بانی مارک زکربرگ نے اپنی وڈیو پوسٹ میں ہوم فیڈ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ”لوگوں کی شدید خواہش پر ویب سائٹ پر ہوم فیڈ کو تبدیل کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین اپنے دوستوں اور قریبی رشتے داروں سمیت اپنے پسندیدہ پیجز کی معلومات تک یقینی رسائی حاصل کر پائیں گے“

مارک زکربرگ کے مطابق اب سے فیسبک ایپلیکیشن پر دو فیڈز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جس میں سے ایک فیڈ پر صارفین کو صرف ذاتی مواد نظر آئے گا جبکہ دوسری فیڈز پر مختصر وڈیوز یعنی ریلز جیسے فیچرز کا مواد زیادہ نظر آئے گا

اسی حوالے سے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے بتایا کہ مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کو ایپلیکیشن پر ایک نیا آپشن نظر آئے گا، جس کے تحت وہ اپنی پسند کے ہوم فیڈ پر جا سکیں گے

صارفین کو آپشن میں ذاتی اور پروفیشنل ہوم فیڈز جیسے آپشن نظر آئیں گے اور صارف دونوں میں سے کسی بھی ہوم پیج پر اپنی مرضی کے مطابق جا سکیں گے اور پھر مرضی کے مطابق وہاں سے نکل بھی سکیں گے

مذکورہ فیچر کے لیے صارفین کو ایپلیکیشن یا پھر ویب سائٹ پر شارٹ کٹ بار بھی نظر آئے گا اور وہ وہاں سے بھی اپنی پسند کی ہوم فیڈ پر جا سکیں گے

ابتدائی طور پر مذکورہ فیچر موبائل ایپلیکیشن اور بعد ازاں اسے ویب سائٹ پر بھی متعارف کرایا جائے گا

نئے فیچر پر صارفین کو ترتیب وار رسائی دی جائے گی، اس فیچر کا آغاز امریکا سمیت دیگر ممالک سے شروع کردیا گیا ہے

ہوم فیڈز کی تبدیلی کا فیچر فیسبک پر گزشتہ کچھ عرصے میں بہت بڑی تبدیلی ہوگی، اس سے قبل سوشل ویب سائٹ نے ہوم فیڈ پر زیادہ تر نشریاتی اداروں اور پیجز کو رسائی دی تھی اور دوستوں اور اہل خانہ کے مواد کو کم کر دیا تھا

واضح رہے کہ حال ہی میں فیسبک نے ایک اور فیچر کا بھی اعلان بھی کیا تھا، جسے فیس بک کا اب تک کا سب سے بڑا اور اہم فیچر قرار دیا جا رہا ہے

فیسبک نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ جلد ہی وہ صارفین کو اپنے اصلی نام سے کم از کم پانچ فیسبک پروفائل یا اکاؤنٹ بنانے کی اجازت دے گا

اس وقت تک کوئی بھی شخص اپنے اصلی نام سے صرف ایک اکاؤنٹ بنانے کا اہل ہے، تاہم جعلی اور فرضی ناموں سے کوئی بھی شخص بہت سارے اکاؤنٹس بنا سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close