سندھ کے محکمہ کالجز نے صوبے کے تمام سرکاری کالجوں میں پڑھنے والی طالبات کو موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی تربیت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کالجز کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ موٹر سائیکل ڈرائیونگ سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والی طالبات کی فہرست محکمے کو بھیجی جائے
واضح رہے یہ مراسلہ اس منصوبے کی کڑی ہے، جو سندھ کے سرکاری کالجوں کی طالبات کو موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی تربیت دینے کے لیے سندھ کے محکمہ کالجز، محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ طور پر تشکیل دیا ہے
محکمہ کالجز سندھ کے مطابق یہ منصوبہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شروع کیا گیا اور ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے موٹر سائیکل، ہیلمٹ اور دیگر درکار سامان ویمن ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ مہیا کرے گا، جبکہ محکمہ کالجز طالبات کی فہرست اور ڈرائیونگ سیکھنے اور اس کی مشق کے لیے میدان مہیا کرے گا
منصوبے کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی مانجھی کا کہنا ہے ”سرکاری کالجز کی طالبات کو موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی تربیت دینے سے مثبت تبدیلی آئے گی“
انہوں نے کہا ”سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے، ایسی صورت میں طلباء خاص طور پر لڑکیوں کو آنے جانے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔ اس تربیت کے بعد کوئی بھی طالبہ اپنے ساتھ کسی اور لڑکی کو کالج لا سکتی ہے“
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیت کے بعد سندھ کے سرکاری کالجز میں لڑکیوں کے تعداد میں اضافہ ہوگا
ان کا کہنا تھا ”ڈرائیونگ سیکھنے کے بعد لڑکیاں نہ صرف آسانی سے کالج آ سکتی ہیں بلکہ وہ اپنے خاندان کے روزمرہ کی زندگی میں معاون بن سکتی ہیں“
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد علی مانجھی نے کہا کہ کالجز میں موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی تربیت پورا سال نہیں بلکہ مخصوص وقت کے لیے کرائی جائے گی۔ امتحانات، داخلہ یا سالانہ چھٹیوں کے دوران یہ تربیت معطل رہے گی
منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے محکمہ کالجز کے ڈپٹی ڈائریکٹر قاسم راجپر نے بتایا کہ محکمے کی جانب سے مراسلہ ارسال کرنے کے بعد صوبے بھر کے سرکاری کالجز کی جانب سے موٹر سائیکل ڈرائیونگ سیکھنے میں دلچسپی لینے والی طالبات کی لسٹیں آنا شروع ہوگئی ہے
قاسم راجپر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ہمیں نواب شاہ کے کالجز سے فہرست ملی ہے، جس کے مطابق تین سو سے زائد طالبات نے موٹر سائیکل ڈرائیونگ سیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ کہ ان طالبات کے ساتھ کالجز کی خواتین اساتذہ بھی ڈرائیونگ سیکھنا چاہتی ہیں
انہوں نے کہا ”ہمیں صرف نواب شاہ سے سے زائد خواتین اساتذہ کی جانب سے ڈرائیونگ سیکھنے کی درخواست موصول ہوئی ہے“
قاسم راجپر نے بتایا کہ سندھ میں کل 343 سرکاری کالجز ہیں۔ جن میں 134 بوائز اور 142 گرلز کالجز ہیں۔جبکہ 67 کالجز مشترکہ ہیں جن میں طلبہ اور طالبات ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان تمام سرکاری کالجز میں تقریباً ڈھائی لاکھ طلبہ اور طالبات زیر تعلیم ہیں۔