فٹبال میں میراڈونا کے حریف سمجھے جانے والے عہدساز برازیلین فٹ بالر پیلے نے میراڈونا کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جذباتی پیغام میں کہا ہے کہ ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹبال کھیلیں گے.
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر معروف برازیلین فٹ بالر پیلے نے لیجنڈری فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی تصویر شیئر کی ہے، جس میں وہ جیت کا جشن مناتے نظر آرہے ہیں
برازیلین فٹ بالر پیلے نے انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی موت کی خبر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ آج میں نے اپنا ایک عزیز دوست اور دنیا نے ایک لیجنڈ کھو دیا ہے
فٹ بالر پیلے نے کہا کہ ابھی مجھے اور بھی بہت کچھ کہنا ہے لیکن یہاں سب سے اہم یہ ہے کہ خدا ڈیاگو میراڈونا کے اہلخانہ کو صبر عطا کرے
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے ہم وطن عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈیاگو ہماری یادوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا
لیو میسی نے انسٹاگرام پر اپنے ہم وطن لیجنڈری اور ساحر فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کھا ہے کہ ارجنٹائن اور دنیائے فٹبال کے لیے آج ایک انتہائی افسوسناک دن ہے کیوںکہ میراڈونا ہمیں چھوڑ گیا ہے لیکن وہ نہیں گیا کیونکہ ڈیاگو ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں میراڈونا کے اہل خانہ اور دوست احباب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لیونل میسی کا مزید کہنا تھا کہ میں ان کے ساتھ لطف اندوز ہونے والے تمام عمدہ لمحات کو ہمیشہ یاد رکھوں گا
نانور اسٹار پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ صدی کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ آج میں اپنے ایک دوست کو الوداع کہتا ہوں اور دنیا ایک تا دوام ذہین فٹبالر کو الوداع کہتی ہے
انہوں نے اپنے میں لکھا ہے کہ میراڈونا بہترین فٹبالرز میں سے ایک تھے، وہ اس کھیل کے ایک بے مثال جادوگر تھے۔ میراڈونا ہم سب کو بہت جلد چھوڑ گئے لیکن وہ ہم میں اپنی عظمت بھی چھوڑ گئے ہیں جبکہ ان کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا کوئی پُر نہیں کر پائے گا۔
پرتگالی سپر اسٹار نے اپنے اس فیوریٹ سپر اسٹار کو مخاطب ہو کر لکھا ہے "آپ کبھی بھلائے نہیں جائیں گے۔”
دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے بھی ٹوئٹر پر ڈیاگو میراڈونا کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ فٹبال اور کھیلوں کی دنیا آج اپنے ایک بہترین کھلاڑی سے محروم ہوگئی ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’ ڈیاگو میراڈونا آپ کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔‘
سابق بھارتی کپتان سوراوگنگولی نے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے ہیرو اب مزید نہیں رہے
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سوراو گنگولی نے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے ساتھ ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ہجوم کےدرمیان اپنی فتح کا جشن مناتے نظر آرہے ہیں
سابق بھارتی کرکٹر سوراو گنگولی نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں لکھا کہ ’میرا ہیرو اب مزید اس دُنیا میں نہیں رہا
سوراو گنگولی نے شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف ڈیاگو میراڈونا کی وجہ سے ہی فٹ بال میچز دیکھتا تھا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر فیصل صالح حیات، کرنل (ر) احمد یار خان لودھی، اعظم خان، قومی ٹیم کے سابق کپتان عیسیٰ خان، کلیم خان، کھلاڑیوں اور فٹبال آرگنائزرز نے عظیم فٹبالر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیاگو میراڈونا دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی تھے۔انھوں نے کہا کہ ان کا انتقال فٹبال کا بڑا نقصان ہے، ان کی کھیل کے لیے خدمات کو دنیا میں یاد رکھا جائے گا
ان کا کہنا تھا کہ سینئر اور جونیئر لاٹ نے نہ صرف ان کو اپنا آئیڈیل بنایا بلکہ ان سے بہت کچھ سیکھا، بلاشبہ انہیں فٹ بال کا لیجنڈ آف دی سنچری قرار دیا جاسکتا ہے.