بھارت: ٹی وی پروگرام سی آئی ڈی شو سے متاثر باپ کے ہاتھوں بیٹی قتل

ویب ڈیسک

کہا جاتا ہے کہ ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے ڈرامے اور پروگرامز کسی نہ کسی حد تک انسانی ذہن کو متاثر ضرور کرتے ہیں۔ اب یہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ ان سے کچھ مثبت سیکھے یا منفی رویے کو اپنائے

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص گڈو چھوٹے لال راجک نے ٹی وی پر چلنے والی کرائم سیریز ’سی آئی ڈی‘ سے متاثر ہو کر اپنی بیٹی کو قتل کر دیا

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں پولیس نے ایک بیالیس سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو ’سبق سکھانے کے لیے‘ اپنی سولہ سالہ بیٹی کو قتل کیا اور اسے خودکشی کا رنگ دیا

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مشہور ٹیلی ویژن کرائم سیریز ’سی آئی ڈی‘ کی ایک قسط سے متاثر تھا

کالمنا پولیس اسٹیشن کے انچارج ونود پٹیل نے بتایا ”گڈو چھوٹے لال راجک اپنی دوسری بیوی کوشلیا اور تین بچوں کے ساتھ رہتے تھے۔ 2016ع میں پہلی بیوی کی خودکشی سے موت کے بعد انہوں نے چند سال قبل دوسری شادی کی“

انہوں نے بتایا ”ملزم کی اہلیہ کوشلیا نے رواں سال 10 اکتوبر کو اپنے شوہر کی طرف سے مبینہ ذہنی اور جسمانی تشدد کی وجہ سے گھر چھوڑ دیا تھا“

ونود پٹیل نے بتایا کہ چھ نومبر کو ان کی بیٹی ماہی کی چھت سے لٹکی ہوئی لاش ملی

پولیس جب موقع پر پہنچی تو انہیں پانچ ’خودکشی‘ سے قبل لکھے گئے خطوط ملے، جس میں ماہی نے اپنی سوتیلی ماں، ماموں، خالہ اور دادا پر اس کی ’زبردستی شادی‘ کرنے کا الزام لگایا تھا

انہوں نے کہا کہ ان ’سوسائڈ نوٹس‘ میں اس کے ماموں سنتوش پیپارڈے پر ہراسانی کا الزام بھی لگایا گیا ہے

ونود پٹیل نے بتایا کہ پولیس کو شک ہوا اور گڈو کا فون تفتیش کے لیے قبضے میں لے لیا۔ انہیں ماہی کی زندہ تصویر ملی، جس کے گلے میں پھندا تھا۔ مزید پوچھ گچھ پر ملزم نے ماہی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا

ملزم نے اپنی بیوی کے واپس آنے سے انکار کرنے کے بعد اسے اور رشتے داروں کو سبق سکھانے کے لیے سی آئی ڈی کی ایک قسط سے آئیڈیا لیا اور ایک منصوبہ بنایا

پولیس کے مطابق ملزم نے اس منصوبے کا اپنی بیٹیوں سے ذکر کیا اور ماہی کو من گھڑت بیان کے ساتھ نوٹس لکھنے کا کہا

ناگپور کے ایڈیشنل کمشنر پولیس نوین ریڈی نے بتایا کہ چھ نومبر کو گڈو نے اپنی بیٹیوں کو صبح تین بجے جگایا اور انہیں بتایا کہ اسے پولیس کو دکھانے کے لیے ماہی کی تصویر کی ضرورت ہے۔
اس کے بعد اس نے مبینہ طور پر چھت سے رسی باندھی اور اپنی بیٹی کو میز پر کھڑے ہونے کو کہا۔ گڈو کے بارہ سالہ بیٹے زیا نے موبائل فون پر اس وقت تصویر کھینچی، جب ماہی گلے میں پھندا ڈالے کھڑی تھی۔
گڈو نے پھر میز کو لات ماری، جس کے بعد ماہی نے مدد کے لیے پکارا لیکن ملزم نے اسے نہیں بچایا

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی بیٹی کو یہ کہہ کر منصوبے میں شامل کیا تھا کہ وہ ان کے رشتہ داروں کو سبق سکھانا چاہتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close