کیا آپ یقین کریں گے کہ جاپانی شہر تاگاساکو میں ایک قصائی کی دکان پر ملنے والے گائے کے گوشت کے کباب حاصل کرنے کے لیے بتیس سال تک انتظار کرنا پڑتا ہے
جی ہاں، یہ بلکل سچ ہے! جاپان میں گوشت کی مصنوعات فروخت کرنے والی ایک کمپنی کا بڑے گوشت کے کباب (بیف کروکیٹس) کا ڈبہ خریدنے کے لیے ویٹنگ لسٹ تقریباً ایک دہائی سے بڑھ کر بتیس سال سے زیادہ عرصہ تک پہنچ چکی ہے
جاپان کے شہر تاکاساگو (ہیوگو پرفینکچر) میں آساہیا نامی قصائی کی دوکان 1926ع سے گوشت کی مصنوعات فروخت کر رہی ہے، تاہم گائے کے گوشت کے ’کوبے کباب‘ اس کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مصنوعات میں سے ایک ہے
امریکی نیوز چینل سی این این کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑے گوشت (کوبے بیف) اور مقامی طور پر اگائے جانے والے آلوؤں سے بنے کباب کے گاہکوں کے لیے انتظار کا دورانیہ بتیس سال سے بھی بڑھ گیا ہے
اس سال اپریل میں ایک خاتون نے ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ انہیں نو سال بعد کباب وصول ہو گئے ہیں
خاتون نے 8 ستمبر 2013ع کو کبابوں کا آرڈر دیا تھا، تب انہیں ساڑھے سات سال کے انتظار کا کہا گیا تھا، تاہم کباب بنانے میں استعمال ہونے والے آلوؤں کی ایک فصل خراب ہونے کی وجہ سے یہ وقفہ طویل ہو گیا
آرڈر کے نو سال بعد کباب وصول کرنے والی خاتون نے یہ بات ٹویٹ میں کہی ”وہ کباب، جن کا میں نو سال سے انتظار کر رہی ہوں، آ گئے ہیں“
کبابوں کی مقبولیت کو ان کی کم قیمت سے جوڑا جا سکتا ہے
آساہیا نے جب پہلی بار یہ مخصوص کباب متعارف کروائے تو ایک دانے کی قیمت صرف 1.80 امریکی ڈالر (تقریباً چار سو روپے) تھی، حالانکہ ایک پیس میں استعمال ہونے والے گائے کے گوشت کی قیمت تقریبا 2.70 امریکی ڈالر (تقریباً چھے سو روپے) بنتی تھی
اب بات نو برس کے انتظار سے کافی آگے جا چکی ہے۔ قصائی کی ویب سائٹ پر گاہکوں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ آج کبابوں کا آرڈر دیتے ہیں، تو ہوسکتا ہے انہیں بتیس سال تک انتظار کرنا پڑے
تیسری نسل میں آساہیا کے مالک شیگیرو نیتا بتاتے ہیں ”ہم اپنی دکان کی حکمت عملی کے طور پر اس امید کے ساتھ سستے اور مزیدار کباب بناتے ہیں کہ گاہک پہلی بار لطف اندوز ہونے کے بعد ہمارا کوبے بیف خریدیں گے“
انہوں مزید کہا ”دکان نے 2016ع میں کباب کے آرڈر لینا بند کر دیا تھا، کیونکہ انتظار کی فہرست چودہ سال سے زیادہ ہو گئی تھی، لیکن انہیں بہت ساری کالیں موصول ہوئیں، جن میں کہا گیا کہ ان کی فروخت جاری رکھی جائے
اگرچہ اب ان کبابوں کی قیمت پہلے سے زیادہ ہے، لیکن اب بھی یہ عام لوگوں کی قوت خرید سے باہر نہیں
ان مخصوص کبابوں کے ڈبے، جس میں پانچ دانے ہوتے ہیں، کی قیمت 18.40 امریکی ڈالر (چار ہزار روپے سے زیادہ) ہے
گاہکوں کو کباب موصول ہونے سے ایک ہفتہ قبل ایک خط کے ذریعے ڈیلیوری کی اطلاع دی جاتی ہے، جس میں خریداروں کے لیے انتظار کے حالیہ وقت کا بھی بتایا جاتا ہے۔