مظاہروں کے متعلق کپتان کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا: ایرانی فٹبالر

ویب ڈیسک

قطر میں فٹبال ورلڈکپ کھیلنے کے لیے موجود ایران کی ٹیم ملک میں جاری مظاہروں پر گفتگو کے بعد تنازعے کا شکار ہے

ورلڈکپ کے لیے ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی کریم انصاری فرد نے صحافیوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کی ٹیم کے کپتان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی علی رضا جہاں بخش نے جمعرات کو کہا تھا ’گول کا جشن منانا کھلاڑی کا ’ذاتی‘ انتخاب ہے وہ جیسے چاہے منائے‘ کریم انصاری فرد اپنے کپتان کی اسی بات کے تناظر میں وضاحت کر رہے تھے

انہوں نے زور دیا کہ ان کے ساتھی مقابلے پر توجہ دے رہے ہیں نہ کہ ایران میں حکومت مخالف مظاہروں پر

اس سوال کے جواب میں کہ ایرانی ٹیم اپنے ملک میں مظاہروں کو کس نظر سے دیکھتی ہے، کریم انصاری فرد نے کہا ’میں علی رضا جہاں بخش کی حمایت کرتا ہوں کیونکہ کل ان سے بھی یہی سوال پوچھا گیا تھا لیکن ان کے جواب کے باوجود آپ نے من چاہی بات لکھی۔

’ہم کچھ کہتے ہیں، آپ کچھ اور لکھتے ہیں اور اس کی تشریح دوسرے طریقے سے کی جاتی ہے، لہٰذا اگر میں آج کچھ کہوں گا تو اسے دوبارہ کسی اور طریقے سے لکھا جائے گا‘

انصاری فرد نے کہا ’ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہم ایک ٹیم ہیں اور طاقت اور اتفاق ہماری بنیادی خوبی ہے‘

انہوں نے کہا ’ہمارے کھلاڑی اور میں ہمیشہ ایک دوسرے کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گے اور ہمیشہ سچ بولیں گے۔‘

یاد رہے کہ برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق ایران کے کپتان احسان حاجصفی نے انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’انہیں اپنی ٹیم سے خوشی ہوگی کہ وہ ایک ایسے ملک میں تبدیلی کے لیے ایک قوت کے طور پر کام کرے، جہاں حکومت کے خلاف مظاہروں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے‘

اتوار کی رات ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہمارے ملک کے حالات درست نہیں اور ہمارے لوگ خوش نہیں

’ہم یہاں ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں ان کی آواز نہیں بننا چاہیے یا ہمیں ان کا احترام نہیں کرنا چاہیے

’ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے، وہ ان کی طرف سے ہے۔ ہمیں لڑنا ہوگا۔ ہمیں ایران کے بہادر عوام کو نتیجہ دکھانے کے لیے گول کرنے ہوں گے۔ مجھے امید ہے کہ لوگوں کی توقعات کے مطابق حالات بدلیں گے‘

رپورٹ کے مطابق سوالات لینے سے پہلے انہوں نے واضح انداز میں ان لوگوں کے لیے حمایت کا اظہار کیا، جنہوں نے حالیہ ہنگامہ آرائی کے دوران اپنے پیاروں کو کھو دیا تھا

انہوں نے کہا کہ میں تمام سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں، ہم ان کی حمایت کرتے ہیں اور ہمیں ان سے ہمدردی ہے

واضح رہے کہ ایران فیفا ورلڈکپ 2022 کا اپنا پہلا میچ پیر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close