ایران کی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں مظاہروں کی لہر کے آغاز سے اب تک چار نوجوانوں کو پھانسی دی جا چکی ہے
ایران سے متعلق خبروں پر نظر رکھنے والی ہیومن رائٹس ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی کے مطابق مجموعی طور پر اب تک بائیس افراد کو موت کی سزا سنائی جا چکی ہے
7 جنوری کو ایک بائیس سالہ کراٹے چیمپیئن محمد مہدی کریمی کی سزائے موت پر عمل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کو اپنا دفاع کرنے کے لیے محض پندرہ منٹ دیے گئے تھے اور گرفتاری کے صرف پینسٹھ دن بعد ان کو پھانسی دے دی گئی
واضح رہے کہ ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کی ابتدا ستمبر میں اس وقت ہوئی جب مہسا امینی نامی خاتون کی پولیس کی حراست میں موت ہوئی جن کو درست طریقے سے حجاب نہ پہننے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا
محمد مہدی کو ایران کی نیم فوجی تنظیم کے ایک رکن کے قتل کے الزام میں تین نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کیس میں گرفتار سولہ دیگر ملزمان کے ساتھ ان کے خلاف مقدمہ تین دن تک بغیر وقفے کے چلتا رہا
ایران میں ملزم کو قانونی نمائندگی کا حق دیا جاتا ہے لیکن اس طرح کے حساس مقدمات میں یہ نمائندگی مکمل طور پر آزادانہ نہیں ہوتی بلکہ عدالت کی جانب سے ایک منظور شدہ فہرست میں سے کسی وکیل کی تعیناتی کردی جاتی ہے
ایسے مقدمات میں صحافیوں اور خاندان کے اراکین کو عدالت میں داخلے سے روک دیا جاتا ہے اور بند دروازے کے پیچھے کی کہانی کا واحد ذریعہ صرف وہ فوٹیج ہوتا ہے جو عدالتی حکام خود جاری کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اکثر یہ فوٹیج ایڈٹ کی جاتی ہے
اس مقدمے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محمد مہدی پریشانی کے عالم میں اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے سکیورٹی فورس کے رکن کے سر پر پتھر مارا تھا
عدالت کی جانب سے ان کے دفاع کے لیے نامزد وکیل اس دعوے کی نفی نہیں کرتے اور جج سے معافی کی درخواست کرتے ہیں
محمد مہدی پھر یہ کہہ کر بیٹھ جاتے ہیں کہ ان کو ’بیوقوف‘ بنایا گیا
یوں سکیورٹی فورس کے رکن کے سر پر پتھر مارنے پر محمد مہدی کو ’زمین پر فساد‘ کا مرتکب پایا گیا، جس کی سزا موت ہے
ایران میں عام طور پر حکام کی جانب سے خاندان پر دباؤ ہوتا ہے کہ وہ خاموش رہیں لیکن محمد کے والد ماشا اللہ کریمی نے ایرانی اخبار اعتماد کو انٹرویو دیا
اس انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ جس دن محمد کو سزا سنائی گئی، اس نے ان کو فون کیا اور روتے ہوئے کہا ’بابا، انہوں نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ مجھے موت کی سزا ہوئی ہے۔ امی کو کچھ مت بتانا۔‘
ماشا اللہ کریمی نے اپنے بیٹے کو معصوم قرار دیتے ہوئے اعتماد اخبار کو بتایا کہ انہوں نے حکومت کی جانب سے تعینات وکیل سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان کو کوئی جواب نہیں ملا
محمد کے خاندان نے ان کے بعد ملک میں انسانی حقوق کے نامور وکیل محمد حسین کو کیس کے لیے نامزد کرنے کی کوشش کی
محمد حسین کے مطابق ’محمد نے جیل سے مجھے تین بار فون کیا اور اپنی نمائندگی کرنے کے لیے کہا۔ ان کے والدین نے بھی کیس لینے کے لیے مجھ سے بات کی۔‘
محمد حسین کے مطابق انہوں نے مقامی عدالت اور سپریم کورٹ کو خط لکھا لیکن ان کے خطوط کو رد کر دیا گیا
محمد حسینی کو بھی اسی طرح کے مقدمے میں سزا پانے کے بعد پھانسی کی سزا دی گئی۔ ان کے والدین حیات نہیں ہیں اس لیے خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر کوئی مہم تو سامنے نہیں آئی لیکن کئی افراد نے ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا ہوا تھا کہ ’ہم سب محمد کا خاندان ہیں۔‘
معلوم ہوا ہے کہ وہ بائی پولر ڈس آرڈر کا شکار تھے
تاہم محمد حسینی کو اس وقت آزادانہ طور پر دفاع کا حق ملا جب سپریم کورٹ نے ان کی سزائے موت کی توثیق کر دی
وکیل علی شریف زادہ ان سے جیل میں ملے جس کے بعد انھوں نے ٹؤٹر پر اس ملاقات کا احوال بتایا ’وہ روتا رہا۔ اس نے تشدد کے بارے میں بتایا کہ کیسے آنکھوں پر پٹی باندھ کر اسے مارا گیا، سر میں لاتیں ماری گئیں اور وہ بے ہوش ہو گیا‘
ان کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک ایسا شخص ہے جس سے تشدد کے بعد اعترافی بیان لیا گیا جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔‘
علی شریف زادہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے کاغذات جمع کروائے تو ان سے کہا گیا کہ وہ سات جنوری کو عدالت واپس آئیں
تاہم ان کا کہنا ہے کہ جب وہ سات جنوری کو روانہ ہوئے تو ان کو پتہ چلا کہ محمد حسینی کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ ان کو بھی حکام نے حراست میں لے لیا اور اس وقت وہ ضمانت پر رہا ہیں
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایرانی میں ایسے مقدمات میں تشدد سے اعتراف کروایا جاتا ہے
ذرائع نے بتایا ہے کہ ریاست کی جانب سے نامزد وکیل ایک تفتیش کار کی طرح برتاؤ کرتا ہے اور ملزم کا دفاع کرنے کی بجائے اس پر دباؤ بڑھاتا ہے
ناروے میں موجود ایران ہیومن رائٹس نامی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق اس وقت 190 افراد کے سر پر پھانسی کی سزا کی تلوار لٹک رہی ہے۔ ان میں سے 60 افراد کی اوسط عمر 27 سال ہے جبکہ تین کی عمر 18 سال سے کم ہے
ایران کے سوشل میڈیا پر اس صورت حال میں کئی دردناک تصاویر سامنے آ رہی ہیں۔ ایک تصویر میں ماشااللہ کریمی اپنے بیٹے کا پیلے رنگ کا جمپر تھامے ان کی قبر پر جھکے ہوئے ہیں۔ انھوں نے ایک ہاتھ میں محمد کی تصویر تھام رکھی ہے جبکہ دوسرے ہاتھ سے اپنا گلا دبا رکھا ہے
1500 امیجز نامی ایک نامعلوم گروہ کی جانب سے بعد میں سوشل میڈیا پر بتایا گیا کہ محمد مہدی پر قید کے دوران تشدد کیا گیا
اس پوسٹ میں بتایا گیا کہ محمد نے جیل میں ملاقات کے دوران اپنے خاندان کو بتایا تھا کہ کس طرح گارڈز کے تشدد سے وہ بیہوش ہو گئے تھے
پوسٹ میں کہا گیا کہ محمد کے مطابق گارڈز نے انہیں مردہ سجھ کر ایک جگہ چھوڑ دیا لیکن کچھ ہی دیر بعد ان کو احساس ہوا کہ ابھی وہ زندہ ہیں
محمد نے یہ بھی بتایا کہ ’سکیورٹی ایجنٹ تفتیش کے دوران ان کے جسم کے نازک اعضا کو چھو کر انھیں ریپ کرنے کی دھمکی دیتے تھے۔‘
ایران کے نظام قانون میں جب ایک عدالت موت کی سزا سناتی ہے تو معاملہ منظوری کے لیے ملک کی سپریم کورٹ جاتا ہے
تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے اس فیصلے کی توثیق کے بعد بھی اپیل کی جا سکتی ہے۔