رونالڈو النصر کلب میں کس بات سے ناخوش ہیں؟

ویب ڈیسک

سعودی پرو لیگ میں پرتگال کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی شمولیت کو رواں برس کے آغاز میں کھیلوں کی دنیا کی سب سے بڑی خبر کے طور پر دیکھا جا رہا تھا تاہم تین ماہ گزرنے کے بعد النصر کلب ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے اور رونالڈو کلب کے ڈرا ہونے والے گذشتہ میچ میں فیلڈ پر خاصے ناخوش دکھائی دیے

واضح رہے کہ رونالڈو کے لیے گذشتہ ایک سال بہت غیر معمولی رہا اور اس دوران ان کے اپنی ٹیم کے کوچز، یہاں تک کہ مخالف ٹیموں کے مداحوں کے ساتھ بھی تنازعات سامنے آتے رہے ہیں

تاہم اب ایک بار پھر یہ اطلاعات ظیں کہ وہ سعودی ٹیم النصر کے کوچ روڈی گارشیا سے بھی کچھ زیادہ خوش نہیں ہیں اور اس حوالے سے اگلے سیزن کے لیے دیگر کوچز کے ساتھ بھی اس بارے میں رابطے کیے جا رہے ہیں

اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ سعودی ٹیم النصر اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے

خیال رہے کہ کلب فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ میں سعودی عرب سے کوئی کلب صرف اسی صورت میں شامل ہو سکتا ہے، جب کلب سعودی پرو لیگ میں فتح حاصل کرے

بدقسمتی سے رونالڈو گذشتہ برس بھی چیمپیئنز لیگ نہیں کھیل پائے تھے کیونکہ اس وقت پریمیئر لیگ کی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ چیمپیئنز لیگ میں کوالیفائی نہیں کر پائی تھی، جس کا وہ حصہ تھے

واضح رہے کہ رونالڈو کے کوچز کے ساتھ تنازعات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ان کی مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوچ ایرک ٹین ہیگ کے ساتھ بھی تلخیاں پیدا ہوئی تھیں، جن کے بارے میں انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا

اس کے بعد فٹبال ورلڈکپ 2022ع میں رونالڈو کو فرسٹ ٹیم سے فرنینڈو سینٹاس کی جانب سے ڈراپ کیا گیا تھا، جس کے بعد رونالڈو اس حوالے سے ناخوش دکھائی دیے تھے اور جب پرتگال کو مراکش سے شکست ہوئی تو رونالڈو کو کیمرے پر روتے ہوئے میدان چھوڑتے دیکھا گیا تھا

اب تک رونالڈو نے النصر کی طرف سے بارہ میچ کھیلے ہیں، جن میں وہ گیارہ گولز کر چکے ہیں

اس سے قبل، النصر کو اریبیئن سپر لیگ کے سیمی فائنل میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب وہ فٹبال کلب الاتحاد سے پوائنٹس ٹیبل میں تین پوائنٹس پیچھے ہے اور اس وقت ٹورنامنٹ میں مزید صرف سات میچ باقی ہیں

گذشتہ میچ میں النصر نے الفیہا کے ساتھ میچ ڈرا کیا تھا، جو پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت گیارہویں نمبر پر ہے اور اس میچ کے بعد رونالڈو کو غصے میں میدان چھوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا

رونالڈو کے اس ردِ عمل پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث کی جا رہی ہے

خیال رہے کہ رونالڈو کی سعودی پرو لیگ میں شمولیت کو صرف کھیل کے حوالے سے ہی نہیں بلکہ سیاسی اعتبار سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ایسے میں ان کی اس لیگ اور اس ٹیم میں طاقت کسی بھی کوچ یا انتظامیہ کے شخص سے زیادہ دیکھی جا رہی ہے

اس حوالے سے ردِ عمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے رونالڈو کے بارے میں بات کرتے ہوئے ماضی میں مبینہ طور پر رونالڈو کے باعث ہٹائے جانے والے کوچز کا ذکر کیا ہے۔ ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈو کو کیونکہ ہر کوچ سے مسئلہ ہوتا ہے اس لیے اب ٹیم کو انہیں ہی کوچ رکھ لینا چاہیے

اسی طرح ایک صارف نے لکھا ”مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو دراصل ایک کلب کا نام ہے!“

اطلاعات کے مطابق النصر کلب سے رونالڈو فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی تنخواہ سالانہ 177 ملین پاؤنڈ سے زیادہ وصول کر رہے ہیں

خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو سائن کرنے کے بعد النصر نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف ہمارے کلب کو بڑی کامیابی کی طرف گامزن کرے گا بلکہ ہماری لیگ، ہمارے ملک اور آنے والی نسلوں، لڑکے اور لڑکیوں کی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بھی حوصلہ افزائی کرے گا۔‘

یقیناً اس ڈیل نے رونالڈو کو تاریخ کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا فٹبالر بنا دیا ہے لیکن سعودی عرب بھی ان کی عالمی شہرت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے

سنہ 2016 میں محمد بن سلمان کے ’وژن 2030‘ کے تحت کھیلوں کو ترجیحات میں شامل کیا گیا تھا

مڈل ایسٹ اکانومی نامی ویب سائٹ نے رونالڈو کی شمولیت کے موقع پر لکھا تھا کہ رونالڈو 2030 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بولی کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ خاص طور پر جب رونالڈو کی آمد کے ساتھ ہی اب میڈیا کی پوری توجہ سعودی فٹبال کی طرف مبذول ہو گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close
Close