بلوچی لوک شاعری کی اصناف

مشتاق رسول

شاعری، بلاشبہ ازل سے بلوچ قوم کی معاشرتی زندگی کا اہم جز رہی ہے۔ قبائلی جنگوں کا احوال، عشقیہ داستانیں، تاریخی واقعات، مذہبی داستانیں اور بہت کچھ شاعروں کے ذریعے نسل درنسل ہوتا ہوا شاعرانہ ورثے کی صورت ہم تک پہنچا ہے.

بلوچی شاعری کی کٸی اصناف ہیں، جو اپنا ایک الگ رنگ، ڈھنگ، اسلوب اور انداز لیے ہوئے ہیں، جیسے مختلف پھل ایک ہی پانی سے سیراب ہو کر بھی ایک الگ ہی ذائقے کے حامل ہوتے ہیں، بلکل اس طرح ایک ہی معاشرے سے کشید کی گئی فراست و آگہی جب مختلف اصناف کے سانچوں میں ڈھلتی ہے، تو حسِ جمالیات کی زبان پر اس کا الگ الگ ذائقہ محسوس ہوتا ہے.

کہتے ہیں کہ بقا ایک تغیّر کو ہی ہے زمانے میں، سو معاشرہ کبھی ٹھہرے ہوئے پانی کی طرح نہیں ہوتا، زمانے کی اتھل پتھل یقینی طور پر اس پہ اثر انداز ہوتی ہے اور معاشرے کا کوئی بھی شعبہ اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا. یہی وجہ ہے کہ زمانے کے مختلف ادوار و اوقات میں کی گئی بلوچی شاعری مختلف اصناف کے سانچوں میں ڈھلی نظر آتی ہے، ذیل میں ہم بلوچی لوک شاعری کی کچھ اصناف کا مختصر سا تعارف اور جائزہ لینے کی کوشش کریں گے، جو زندگی کے مختلف اوقات میں بلوچ لوک زندگی کا جزو لاینفک ہیں.

١. سپت :
بچے کی پیدائش پر مائیں انہیں سپت سے خوش آمدید کہتی ہیں۔ اکثر و بیشتر جب بچے یا بچیاں چھ دن کے ہوجاتے ہیں تو عورتیں ایک جگہ اکٹھی ہوکر سپت گاتی ہیں.
سپت گانے کا طریقہ یوں ہوتا ہے، کہ ایک یا دو عورتیں ایک یا دو مصرعوں کو ساتھ گاتی ہیں اور باقی عورتیں انہی مصرعوں کو دھراتی جاتی ہیں۔ سپت دو یا چار مصرعوں پر مشتمل ہوتا ہے.

٢. لیلو :
یہ صنف تقریباً دنیا کی ہر زبان میں موجود ہے، لیکن بلوچی شاعری میں اس کا اپنا ہی رنگ ڈھنگ ہے، جو  نرمی، گداز اور نفاست بھی لیے ہوئے ہے، اس میں بچے کے لیے محبت کا پیغام بھی ہے، اس کے لیے دعاؤں کی چھاؤں بھی ہے لیکن ساتھ ساتھ اس کے لیے بہادر بننے، کبھی ہار نہ ماننے اور ہر جبر کے سامنے سینہ سپر ہو کر کبھی نہ جھکنے کا درس بھی ہے.
لیلو (لوری) عورتیں اپنے بچوں کو سلانے کے لیے جھولا جھلانے کے وقت گاتی ہیں.
لیلو (لوری) کے چند مصرعے پیش ہیں۔
لیلو لیل کناں بچارءَ ”لولی دیتی ہوں اپنے بیٹے کو“
ھنچو بیوءِ رزدارءَ (بیو بن زردار کی طرح)
ہوت و کلمتءِ سردارءَ (ہوت اور کلمت کے سردار کی طرح)
لیلو لیل کناں بچارءَ (لوری دیتی ہوں اپنے بیٹے کو)
ھنچو سھتکءِ سھرابءَ  (سھتک بن سھراب کی طرح)
ھنچو نان دٸیں زریاءَ (سخی زری کی طرح)
لیلو لیل کناں بچارءَ  (لوری دیتی ہوں اپنے بیٹے کو)

٣. نازینک :
نازینک شادی بیاہ اور دیگر خوشی کے موقعوں پر گائی جانے والی صنف ہے۔

٤. سوت :
شاعری کی یہ صنف یعنی سوت ہمنواؤں کے ساتھ گائی جاتی ہے۔ گانے والا شخص شروع کے مصرعے گاتا ہے اور ہمنوا انہی مصرعوں کو ابتدا میں لاڑے لڑے کے ساتھ دھراتے ہیں۔ ایک سوت جو اپنے وقت سے لے کر آج تک مشہور ہے۔
لاڑے لڑے لا لاڑے لڑے لڑے
کَس گوں کَسءَ چوش نہ کنت
(کوئی کسی کے ساتھ یوں نہیں کرتا)
دوستءَ فراموش نہ کنت
(دوست کو فراموش نہیں کرتا)
کَس نہ روت گورءَ۔
(کوٸی نہیں جا رہا گوادر)
زھیران ۓ بنداں چادرءَ
(کہ اپنی یادیں اور بے قراریاں اس کی چادر میں باندھ کر بھیجوں)
موسیقی کی لحاظ سے موسیقار کہتے ہیں کہ سوت کلاسیکی اور جدید موسیقی کا مکسچر ہے۔ سوت گانے کی ابتدا اگرچہ مرد حضرات سے ہوئی، لیکن بعد میں عورت فنکاراؤں نے بھی سوت گانے میں اپنا لوہا منوایا۔

٥. زھیروک یا زھیریگ:
شاعری کی یہ صنف ملک سے دوری، اپنوں کی جدائی اور غم میں کہی جاتی ہے۔

٦. لٸیکو :
مسافری، پریشانی، وطن اور عزیز و اقارب سے دوری کے درد میں کہی جاتی ہے۔

٧. موتک :
موتک کے اردو میں معنی ہیں مرثیہ، موتک کسی کی موت پر کہا جاتا ہے، جس میں  اس کی خوبیوں کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ رنج و غم کا اظہار بھی کیا جاتا ہے۔

یوں تو بلوچی شاعری کا کینواس بہت وسیع ہے، لیکن ہم نے مندرجہ بالا بیان میں صرف بلوچی لوک شاعری کی کچھ اصناف کا مختصر سا تعارف پیش کیا ہے. جدید دور نے جہاں زندگی کے مختلف شعبوں میں جدت کے رنگ بھرے ہیں، وہیں بلوچی شاعری اور موسیقی بھی اس سے لبریز نظر آتی ہے. دوسری زبانوں کی شاعری کی طرح بلوچی شاعری بھی جدید تخلیقات سے مزیّن ہے، کیونکہ جس طرح انسان کی زندگی میں مختلف مرحلے اور تبدیلیاں آتی ہیں، بلکل اسی طرح شاعری میں بھی جدیدیت اور تبدیلی آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچی شاعری نے جدید اصناف کو بھی اپنے دامن میں سمیٹا ہے، جن میں غزل، ہائکو، نظم، آزاد نظم، نثری نظم، نعت، حمد اور دیگر مذہبی سپت شامل ہیں۔  جن بلوچی شعراء نے بلوچی شاعری کو نیا رخ دیا ہے، ان میں گل خان نصیر، محمد  حسین عنقا، سید ظہور شاہ ہاشمی، ملک طوقی، عطا شاد، آدم عقانی، مراد ساحر ، ظفر علی ظفر، کریم دشتی،  بشیر بیدار، مبارک قاضی ، منیر مومن اور دوسرے شعراء کے نام قابلِ ذکر ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close
Close