حیرت انگیز واقعہ، وہیل نے غوطہ خور کو سالم نگل کر زندہ اُگل دیا!

ویب ڈیسک

میساچیوسٹس : جمعے کے روز ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک پیشہ ور امریکی غوطہ خور کو وہیل نے سالم نگل لینے کے بعد ایک منٹ کے اندر ہی اسے سطح سمندر پر زندہ حالت میں واپس اُگل دیا

امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکی ریاست میساچیوسٹس میں پروونس ٹاؤن سے متصل سمندر میں جمعے کی صبح 56 سالہ غوطہ خور مائیکل پیکارڈ نے لابسٹر پکڑنے کے لیے غوطہ لگایا

خبر کے مطابق یہ جگہ خاصی گہری ہے جہاں سمندری تہہ میں لابسٹر پائے جاتے ہیں۔ لیکن سمندری تہہ سے تقریباً دس فٹ پہلے ہی مائیکل کو اچانک ایک ہمپ بیک وہیل نے سالم نگل کر اپنا منہ بند کر لیا

مائیکل نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ سب کچھ اچانک ہوا، مجھے پانی کے اندر زبردست تلاطم کا احساس ہوا اور اگلے ہی لمحے مکمل اندھیرا چھا گیا

انہوں نے کہا کہ مجھے محسوس ہورہا تھا کہ میں حرکت کررہا ہوں اور ساتھ ہی ساتھ میں وہیل کے منہ میں سکڑتے ہوئے پٹھوں کو بھی محسوس کر سکتا تھا

مائیکل نے بتایا کہ میں اس وہیل کے منہ میں مکمل طور پر بند ہوچکا تھا؛ وہاں مکمل تاریکی تھی۔ پہلے میں نے سوچا کہ یہاں سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں، شاید اب میں مرنے والا ہوں۔ لیکن اس لمحے مجھے اپنے بیٹوں کا خیال آیا جو ابھی صرف 12 اور 15 سال کے ہیں

انہوں نے کہا کہ یہ سوچتے ہی میں نے ہمپ بیک وہیل کے اندر ہاتھ پیر مارنے شروع کردیئے جس کے ردِعمل میں وہیل نے بھی اپنا سر ہلانا شروع کر دیا

ان کوششوں کے نتیجے میں بالآخر تقریباً چالیس سیکنڈ بعد وہ سطح سمندر پر آئی اور اس نے مائیکل کو زندہ حالت میں اُگل دیا۔ آس پاس کشتیوں میں موجود لوگوں نے مائیکل کو سمندر سے نکالا اور فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا لیکن خوش قسمتی سے اس کی کھال پر خراشیں ہی آئی تھیں جبکہ اس کی کوئی ہڈی بھی نہیں ٹوٹی تھی

واضح رہے کہ وہیل کے انسانوں کو نگلنے کے واقعات اس قدر کم ہوتے ہیں کہ اکثر انہیں ناقابلِ یقین سمجھا جاتا ہے۔ 2019ع میں ایسا ہی ایک واقعہ جنوبی افریقہ میں انڈرواٹر وائلڈ لائف فوٹوگرافر رینر شمف کے ساتھ پیش آیا جب اسے سمندر کی گہرائی میں ایک وہیل نے نگل لیا تھا لیکن چند سیکنڈ بعد ہی واپس اُگل دیا تھا

بتاتے چلیں کہ وہیل کوئی مچھلی نہیں بلکہ سمندری ’’ممالیہ‘‘ جانور ہے، یعنی مادہ وہیل بچے دیتی ہے اور انہیں دودھ پلاتی ہے

وہیل عام طور پر چھوٹی مچھلیاں، کرل اور اسکوئیڈ کھاتی ہیں لیکن انسان ان کی غذا میں شامل نہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ وہیل اگر کبھی کبھار کسی انسان کو نگل بھی لے، تب بھی وہ اسے ہضم نہیں کرتی بلکہ سالم حالت میں زندہ اُگل دیتی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close