اور جب 96 کے ورلڈکپ میں کینیا سے اپ سیٹ شکست پر برائن لارا پر نسلی تعصب کا الزام لگا۔۔

ویب ڈیسک

ان دنوں بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کا دور دورہ ہے اور ہر محفل میں اس کا چرچا ہو رہا ہے۔ خاص طور پر جب نسبتاً کسی کمزور ٹیم کے ہاتھوں کسی مضبوط اور تجربہ کار ٹیم کو اپ سیٹ شکست ملتی ہے، تو اس پر خوب لے دے ہوتی ہے

سنہ 2023 کے ورلڈ کپ میں ہم بڑے بڑے اپ سیٹ دیکھ رہے ہیں۔ مثلاً افغانستان ورلڈ کپ کی فاتح ٹیموں انگلینڈ اور پاکستان کو ہرا چکا ہے۔ نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ ایسی ہی ایک شکست کا ذائقہ 1996 کے ورلڈکپ میں کینیا کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کو بھی چکھنا پڑا تھا، جس کا تذکرہ ونود مہتا نے اپنی کتاب میں بھی کیا ہے

ونود مہتا انڈیا کے ممتاز صحافی تھے۔ معروف مصنفہ اور دانشور اروندھتی رائے بھی ان کی مدیرانہ صلاحیتوں کی قائل ہیں۔ ونود مہتا نے صحافتی سرگرمیوں سے ہٹ کر کتابیں بھی لکھیں۔ انہی میں ان کی خود نوشت ’لکھنؤ بوائے: اے میموئر‘ بھی شامل ہے، جس میں کرکٹ کا کچھ تذکرہ کیا گیا ہے

1996 کے ورلڈکپ کے زمانے میں ونود مہتا ’آؤٹ لک‘ کے ایڈیٹر تھے۔ اس جریدے میں انیرُدھ بہل اسٹنگ اسپیشلسٹ اور تحقیقاتی رپورٹر تھے۔ ویسٹ انڈیز سے جیت کی خوشی میں کینیا کے ڈریسنگ روم میں جشن بپا ہوا تو اس میں انیرُدھ بہل کو بھی شرکت کی دعوت ملی۔ کینیا کے کئی کھلاڑیوں سے ان کے دوستانہ مراسم تھے، جن میں سے بعض ہندوستانی نژاد تھے

برائن لارا حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارک باد دینے کی غرض سے ڈریسنگ روم میں گئے۔ ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ادھر کوئی صحافی بھی ہوگا۔ ونود مہتا کے خیال میں لارا نے انیرُدھ بہل کو غالباً کینیا کا کوئی کھلاڑی ہی تصور کیا

صحافی موقعے پر موجود نہ ہو تو بھی خبر نکال لاتے ہیں یہاں تو ’ہم بھی وہیں موجود تھے‘ کی صورت تھی۔ یعنی خبر رپورٹر کے پاس چل کر آئی تھی

لارا نے کھلاڑیوں سے کہا، ”تم لوگوں سے ہارنا بری بات نہیں، تم تو سیاہ فام ہو، تم سمجھ ہی رہے ہو میں جو کہہ رہا ہوں، اگر ہم جنوبی افریقہ سے ہارتے تو یہ کلی طور پر ایک مختلف معاملہ ہوتا۔ تمہیں علم ہی ہے کہ پھر وہ گوروں والی چیز منظر میں شامل ہو جاتی ہے۔ ان سے ہار ہمارے لیے ناقابلِ برداشت ہوتی“

برائن لارا کے یہ الفاظ انیرُدھ بہل نے آؤٹ لک میں رپورٹ کیے تو طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔ لارا پر ’نسلی تعصب‘ کا الزام لگا۔ بین الاقوامی میڈیا نے مذمت کی۔ لارا نے معافی مانگی۔ البتہ ساتھ میں یہ ضرور کہا کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا

اس بات کا جواب ونود مہتا نے آؤٹ لک کے نمائندے انیرُدھ بہل کا یہ وضاحتی بیان نقل کر کے دیا کہ ’کینیا کے کھلاڑیوں اور کپتان نے ڈریسنگ روم کے جشنِ فتح میں مجھے مدعو کیا تھا۔ میں جب ڈریسنگ روم میں داخل ہوا تو لارا پہلے سے گفتگو کر رہے تھے۔ کیا مجھے ان کی گفتگو میں مداخلت کرتے ہوئے یہ کہنا چاہیے تھا کہ میں صحافی ہوں؟‘

ویسٹ انڈیز کے مینجر ویزلے ہال نے انیرُدھ بہل کو ’سیکرٹ جرنلسٹ‘ ٹھہرایا اور ان کے فعل کو بزدلانہ قرار دیا

کینیا کے ڈریسنگ روم میں لارا کی گفتگو کی بات ایسے وقت میں منظر عام پر آئی، جس کے چند روز بعد ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کھیلنا تھا

ونود مہتا نے کتاب میں برائن لارا کو ویسٹ انڈین کپتان لکھا ہے، جبکہ اس ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان رچی رچرڈسن تھے

ورلڈکپ کی تاریخ میں کینیا کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کی شکست کو ایک بڑا اپ سیٹ مانا جاتا ہے۔ آئیے ایک نظر ویسٹ انڈیز اور کینیا کے میچ پر ڈالتے ہیں

سنہ 1996 میں کینیا کی ٹیم پہلی دفعہ ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی تھی۔ اس نے دو ورلڈ کپ مقابلوں کی فاتح اور ایک بار فائنل کھیلنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کو ہرا کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ ویسٹ انڈیز ٹیم ورلڈ کپ میں پہلی دفعہ کسی ایسوسی ایٹ ممبر سے میچ ہاری۔ کنییا نے پہلی دفعہ ٹیسٹ اسٹیٹس کی حامل ٹیم سے ون ڈے میچ جیتا۔ کینیا نے پہلے بیٹنگ کی اور 166 رنز بنائے۔

سب سے زیادہ 37 رنز ’ایکسٹرا‘ کے تھے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ آسان ہدف حاصل نہ کر سکی اور 93 کے اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی

حریف ٹیم سب سے زیادہ برائن لارا کی وکٹ کی متلاشی تھی۔ لارا آٹھ رنز بنا کر رجب علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ مائیکل ہینڈرسن نے لارا کی غیرذمہ داری کے حوالے سے لکھا کہ انہوں نے ’بگڑے ہوئے بچے‘ کی طرح وکٹ گنوائی

اس شکست پر ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑیوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ اسے ویسٹ انڈین کرکٹ کی پستی کی انتہا قرار دیا۔ یہ اس ٹیم کی ناکامی تھی، جس میں برائن لارا، کرٹلی امبروز اور کورٹنی والش جیسے عظیم کھلاڑی شامل تھے

کینیا کے کپتان مورس اوڈمبے عمدہ بولنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے کہا ”ویسٹ انڈین کھلاڑی ان کے لیے دیوتا سمان رہے ہیں اور یہ جیت ایک خواب کی مانند لگ رہی ہے۔“ اوڈمبے نے اس جیت کو ورلڈ کپ جیتنے کے مترادف گردانا

سنہ 1992 کے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ سے میچ ہارنے کا لارا کو بڑا رنج ہوا تھا، جس کی وجہ نسلی تعصب نہیں تھا بلکہ اس سے ٹیم سیمی فائنل کی منزل سے دور ہو گئی تھی۔ 1996 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف برائن لارا نے شاندار سینچری اسکور کی۔ مین آف دی میچ ٹھہرے اور پرانا حساب چکتا کر دیا

ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے تھا۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے 207 رنز بنائے۔ ایک مرحلے پر لگ رہا تھا کہ ویسٹ انڈیز میچ آسانی سے جیت جائے گا۔ 52 گیندوں پر اسے 43 رنز چاہیے تھے۔ آٹھ وکٹیں ہاتھ میں تھیں۔۔ لیکن پھر اس کی وکٹیں یکے بعد دیگرے زرد پتوں کی مانند جھڑتی چلی گئیں اور وہ پانچ رنز سے میچ ہار گیا

کینیا سے شکست کا داغ اور سیمی فائنل میں ہار نے ویسٹ انڈین کپتان رچی رچرڈ سن کے کیریئر کا خاتمہ کر دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close