نو تعمیر شدہ رام مندر طویل عرصے سے بھارت کی ہندو قوم پرست تحریک کے لیے سب سے بڑا بات چیت کا ایک نکتہ رہا ہے، لیکن سیکولر اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار انڈیا میں غیر قانونی طور پر شہید کی گئی بابری مسجد کی جگہ پر اس کی تعمیر بھارت کی مسلم اقلیت کے لیے درد کا باعث بنی ہوئی ہے
مودی اور ان کی دائیں بازو کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تیسری بار اقتدار میں آنے کے لیے الیکشن لڑنے سے چند ماہ قبل پیر کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں ہندو قوم پرستوں کے ایک عشرے پر محیط عہد کو پورا کیا
ہزاروں ہندو مذہبی رہنماؤں اور انڈیا کی اشرافیہ سے تعلق رکھنے والی طاقتور شخصیات کے ساتھ آنے کے ساتھ ہی شہر کی گلیوں میں سیکولر جمہوریت کے دعوے کی دھجیاں بھی بکھریں
شہر کے مسلمانوں اور ملک کی اقلیتی برادریوں کے درمیان یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ جدید ایودھیا میں لوٹنے والی خوشحالی میں تمام مذہبی پس منظر کے باشندے یکساں طور پر شریک نہیں ہیں
یہ مندر اس مقام پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں بابری مسجد جو اُس وقت انڈیا کی سب سے بڑی مسجد تھی، کو ہندو ہجوم نے شہید کر دیا تھا۔
لکھنؤ اور بنارس کے درمیان واقع ایودھیا ہندو دھرم کے ایک اہم مرکز کے طور پر جانا جاتا رہا ہے۔ ہندوؤں کا یہ عقیدہ ہے کہ ان کے دیوتا بگھوان رام کی شکل میں یہیں پیدا ہوئے تھے۔ شہر میں رام اوران کے خاندان سے منسوب بہت سے مندر بنے ہوئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ بیشتر مسلم حکمرانوں کے عہد میں تعمیر کیے گئے تھے۔
ایودھیا ویسے تو ہندو دھرم کے ایک اہم شہر کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن ہندوؤں کے ساتھ ساتھ مسلمان بھی صدیوں سے رہتے چلے آ رہے ہیں۔ مسلم حکمرانوں کے دور میں یہ شہر شمالی انڈیا میں مسلمانوں کی تہذیب، مذہب اور ثقافت کا ایک اہم مرکز تھا۔ رام مندر کی تحریک سے پہلے یہ ایک پر امن شہر ہوا کرتا تھا۔ ایک ملی جلی تہذیب تھی یہاں کی۔ لوگ میل ومحبت سے زندگی گزار رہے تھے۔
بہت سے مسلمانوں کے لیے، یہاں تک کہ جو ماضی سے آگے بڑھنے کے خواہاں ہیں، یہ جگہ انڈیا کی آزاد تاریخ کے سیاہ ترین واقعات میں سے ایک کی یاد دلاتی ہے
ایودھیا کی رہائشی پینسٹھ سالہ انوری بیگم کو آج بھی وہ دن یاد ہے، جب مسجد کو گرایا گیا تھا: 6 دسمبر 1992۔۔ اس واقعے کے بعد ملک بھر میں مسلم کش فسادات پھوٹ پڑے، جس میں تقریبا دو ہزار افراد مارے گئے، جن میں سے زیادہ تر مسلمان ہی تھے۔
انوری بیگم اپنے چھ بچوں اور شوہر کے ساتھ اپنے گھر پر تھیں، جس کے بعد انہیں بھگا دیا گیا اور اس کے بعد ہونے والے مسلم کش فسادات میں عمارت جل کر راکھ ہو گئی۔ انتہا پسند ہندو کارکنوں یا کار سیوکوں نے صرف ان کے گھر کو آگ نہیں لگائی تھی: ان کے شوہر کو قتل کر دیا گیا تھا، اور ان کی باقیات کبھی نہیں ملیں۔
انوری بیگم بتاتی ہیں ”ہم اپنے گھر میں بیٹھے ہوئے تھے، جب کار سیوک آئے اور حملہ کر دیا۔ میرے شوہر نے یہیں جھاڑیوں کے پیچھے چھپنے کا فیصلہ کیا جبکہ میں اور میرے بچے بھاگ گئے۔“
وہ بتاتی ہیں ”ہجوم نے انہیں بتایا کہ ’وہ پولیس افسر ہیں اور ان کے لیے باہر نکلنے میں بہتری ہے۔ ’جب وہ باہر آئے، تو انہوں نے اسے مار ڈالا۔ ہمیں اس کے جسم کا کوئی عضو نہیں ملا۔ آج تک جلی ہوئی باقیات بھی نہیں ملی ہیں۔ میں نے اسے کم از کم دو، تین دن تک شہر کے آس پاس، ندی کے کنارے تلاش کیا۔ پورا دن، رات کے آٹھ بجے تک۔۔ لیکن مجھے وہ نہیں ملا۔۔ پولیس نے میری مدد نہیں کی۔ اس کے برعکس، وہ میرے ساتھ دست درازی کرتے تھے، وہ مجھے نہیں ملے یہاں تک کہ ان کی راکھ بھی نہیں۔۔“
جب وہ دیکھتی ہیں کہ مندر حکومت کی پشت پناہی سے تعمیر کیا جا رہا ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ ملک کے آئین میں سیکولرازم ہے، ان کے لیے ناانصافی کا احساس ختم کرنا مشکل ہے۔
وہ کہتی ہیں ”انہوں نے مسجد کی جگہ مندر بنا لیا ہے، یہ مجھے تھوڑا پریشان کرتا ہے۔۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ جو ہوا سو ہوا۔۔ اس کے بارے میں سوچنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔“
تینتالیس سالہ عبدالواحد قریشی اس دن مسجد سے صرف پچاس میٹر پیچھے اپنے گھر میں تھے۔
انہوں نے کہا ”بہت زیادہ کار سیوک تھے، جو ’جے شری رام‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس وقت صورت حال بہت نازک تھی۔ اگر کسی کو میری مسلم شناخت کے بارے میں پتہ چلتا، تو وہ مجھے مار ڈالتے۔“
عبدالواحد قریشی ایودھیا سے تقریبا دس کلومیٹر دور ایک قریبی شہر کا حوالہ دیتے ہوئے بتاتے ہیں، ”ہم ایک ہندو پڑوسی کی مدد سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جو ایک ڈاکٹر تھا۔ انہوں نے ایک ایمبولینس بلائی جس میں ہمارے خاندان کے سترہ لوگ چھپ گئے اور انہیں فیض آباد چھوڑ دیا گیا۔ اس وقت، ہم اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے۔ میں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنا گھر جلتا ہوا دیکھا۔ لیکن سوچنے کا وقت نہیں تھا۔“
اس واقعہ کے بعد سے وہ ایک ایسے ملک میں ایک مسلمان کے طور پر اپنی شناخت کا بوجھ محسوس کرتے ہیں، جہاں تقریباً 80 فیصد آبادی ہندو ہے۔
وہ کہتے ہیں ”میرا مطلب ہے، مجھے چیزوں کے بارے میں سوچنا پڑتا ہے کیونکہ میں ایک مسلمان ہوں۔ میری موجودگی اور رہنے کے طریقے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔ کچھ بھی کسی بھی وقت پرتشدد ہو سکتا ہے۔۔ اس لیے میں خوفزدہ ہوں۔“
انہوں نے مزید کہا ”ہر کوئی برا نہیں ہے۔۔ لیکن ایسے لوگ بھی ہیں جو صرف مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں اور یہ محسوس کرتے ہیں کہ معاشرے میں ہر غلط چیز کے ذمہ دار وہ ہیں“
منہدم بابری مسجد سے تھوڑی دوری پر محمد شاہد کا مکان ہے۔ وہ کہتے ہیں ”رام مندر سے مجھے کیا خوشی حاصل ہو گی؟ میں نے فسادات میں اپنے والد اور چچا کو کھویا، میری مسجد چلی گئی۔ میرا کاروبار تباہ کر دیا گیا۔ مجھے کس بات کی خوشی ہو گی۔ میں نے سب کچھ کھو دیا ہے“
انھوں نے ان سب مصائب کے باوجود ایودھیا نہیں چھوڑا۔ وہ کہتے ہیں ”میں اپنے آباؤ اجداد کا وطن نہیں چھوڑ سکتا۔۔ جو ہوگا، اس کا سامنا کریں گے“
انڈیا کی سپریم کورٹ نے 2019 میں ایک تاریخی فیصلے میں رام مندر کی تعمیر کے لیے متنازع جگہ ہندو گروپوں کو دے دی تھی۔
یہ فیصلہ سنانے والے پانچ ججوں، جنہیں اب تقریب میں مدعو کیا گیا ہے، نے یہ بھی لکھا کہ لاکھوں نہیں تو ہزاروں ہندوؤں کا مسجد کو منہدم کرنا اس کے 1991 کے حکم کی براہ راست خلاف ورزی ہے، جس میں متنازعہ مقام کو جوں کا توں برقرار رکھنے کا حکم دیا گیا تھا
ان کا کہنا تھا کہ مسجد کو ’مسمار‘ کرنا ایک ’سوچی سمجھی حرکت‘ اور ’قانون کی بالادستی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘
مسجد کو شہید کر کے اس کی جگہ بنائے گئے مندر کے عظیم الشان افتتاح سے پہلے ہی اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے ہندو ایک جنون کی کیفیت میں تھے
ایک میڈیکل کانفرنس میں شرکت کے لیے ایودھیا آنے والی ڈاکٹر اور یاتری، سمتا پانڈے اور ان کی دوست سنیتا اگروال اسے فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے وہ کہتی ہیں: ”سب سے پہلے، ہم سبھی ہندو ہیں۔ اس لیے بھگوان رام کو گھر لانا ہمارے مذہب کے لیے لازم ہے۔ مودی جی جو کچھ کر رہے ہیں وہ ہمارے مذہب کے لیے بہت بڑی بات ہے۔ اور یہ نہ قابل تصور تھا کہ اس میں اتنا وقت لگے گا، اور اب ہماری خواہشات پوری ہو رہی ہیں۔“
ان کے لیے حکومتی سرپرستی یا اس جگہ مندر کی تعمیر کوئی مسئلہ نہیں ہے، جہاں کبھی مسجد کھڑی تھی۔ نہ ہی وہ اس خیال کے بارے میں فکرمند ہیں کہ انڈیا سیکولرازم کے آئینی وعدے سے دور ہو رہا ہے۔
حکومت کے ایک مذہب کی طرف جھکاؤ کے بارے میں پوچھے جانے پر، وہ کہتی ہیں، ”یہ ایک اچھی بات ہے۔“ وہ سمجھتی ہیں کہ انڈیا کو ہندو ریاست قرار دیا جانا چاہیے
بی جے پی کے نچلی سطح کے ارکان کے اس طرح کے مطالبات کے باوجود، حکومت انڈیا کو ہندو ریاست قرار دینے کے کسی بھی منصوبے سے بظاہر انکار کرتی ہے۔۔ لیکن عملی طور پر سیکولر ریاست ہونا اب محض ایک دعویٰ رہ گیا ہے
گپتا کہتے ہیں ”یہ سیکولر لفظ۔۔ یہ سیکولرازم اصطلاح۔۔ مجھے سمجھ نہيں آ رہی۔ آپ کس سیکولرازم کی بات کر رہے ہیں!؟“
انہوں نے کہا کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ یہاں کبھی ایک مندر تھا اور یہ ایک بڑا مندر تھا۔۔ اور ہم ایک ایسا مندر بنانے جا رہے ہیں جو اتنا ہی بڑا تھا
انہوں نے اے ایس آئی کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا، جس کا حوالہ سپریم کورٹ آف انڈیا نے اپنے 2019 کے فیصلے میں دیا تھا۔
اس فیصلے نے اے ایس آئی کے اس دعوے کو تقویت بخشی کہ اس مقام پر ایک مندر ہو سکتا ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ آثار قدیمہ کے آزاد ماہرین نے اس دعوے سے اختلاف کیا ہے
65 سالہ رام بلاس پانڈے، جو بابری مسجد کی شہادت کے لیے آنے والے انتہا پسند ہندو بلوائیوں کے سہولت کار رہے۔ بی جے پی کی نظریاتی شاخ راشٹریہ سویم سیوک دل (آر ایس ایس) کے ساتھ 1983 سے وابستہ ہونے کے بعد، وہ کہتے ہیں کہ ایودھیا میں کارکنوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ایودھیا میں آنے والے کار سیوکوں کے کھانے اور رہائش کا خیال رکھیں، اور شہر کی سڑکوں پر معلومات جمع کریں
تین دہائیوں کے بعد بھی انہیں مسجد کو منہدم کرنے والوں کی مدد کرنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں، ”میں مندر کی تعمیر سے مطمئن ہوں۔ میں اور میرے دوسرے ہندو بھائیوں اور بہنوں نے چالیس سال پہلے جو تحریک شروع کی تھی، وہ آخر کار ختم ہو گئی ہے اور بھگوان رام آ رہے ہیں۔ اس سے بہتر کچھ بھی نہیں ہے۔“
اس سب کے باوجود وہ ڈھیٹ پن سے یہ بھی اصرار کرتے ہیں کہ مسجد کے انہدام کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ’یہاں دو برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ درحقیقت یہاں کے مسلمان ہمارے بھائیوں کی طرح زندگی بسر کر رہے ہیں۔“
لیکن ایودھیا کے سینتیس سالہ رہائشی محمد سہراب کا تجربہ ایسا نہیں رہا۔ وہ کہتے ہیں، ”آپ کو ہر جگہ امتیازی سلوک محسوس ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر آپ دکان کھولیں گے تو آپ کی شناخت پہلے مسلمان کے طور پر ہوگی اور آپ کا کاروبار نہیں چلے گا۔ اگر آپ ہوٹل کھولتے ہیں، تو لوگ آپ کی دکان پر کھانے کے لیے نہیں آتے۔۔ آپ کہیں بھی نہیں جا سکتے، ایک بار جب وہ آپ کو مسلمان کے طور پر پہچان لیتے ہیں… ہندو شہر میں کہیں بھی جا سکتے ہیں، لیکن مسلمان نہیں۔“
ایودھیا وقف بورڈ کے صدر محمد اعظم قادری کا کہنا ہے کہ ’جب سے رام مندر کے حق میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے زمینی مافیاؤں کی نگاہیں صرف قبرستان اور وقف کی املاک پر لگی ہوئی ہیں۔ کئی ایسے قبرستان اور وقف کی جائیدادیں ہیں جن پر لوگ قبضہ کر چکے ہیں۔ یہاں ایسی خبریں بھی آ رہی ہیں کہ رام مندر کی مزید توسیع کی جائے گی۔ ہمیں خدشہ ہے کہ اس میں ہمارے بہت سے قبرستان اور مقبرے وغیرہ بھی لے لیے جائیں گے۔‘
قاضیانہ محلے کی لیلت النسا مندروں میں چڑھاوے اور سادھوؤں کے پہننے کی مخصوص لکڑی کے چپل بناتی ہیں۔ ان کا گھر رام مندر کی باہری دیوار سے ملا ہوا ہے۔
انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کا گھر بھی لیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہم یہ سن رہے ہیں کہ ہم لوگوں کو بھی یہاں سے ہٹا دیا جائے گا۔ ہم تو یہاں سے کہیں نہیں جائیں گے۔ ہم تو یہیں رہیں گے، خواہ کچھ بھی ہو۔‘
واضح رہے کہ سال 2019 کے سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کے لیے چھوڑ دی جانی چاہیے، لیکن اپنی نئی مسجد کی تعمیر کے لیے مسلم گروپوں کو زمین کا ایک ’علیحدہ ٹکڑا‘ دیا جانا چاہیے۔ شہر کی حدود میں دھنی پور گاؤں میں تقریبا 25 کلومیٹر دور، ویران جگہ پر پانچ ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی تھی، اور اسے اتر پردیش سنی سینٹرل وقف بورڈ کے حوالے کر دیا گیا تھا، جو مسلمانوں کا ایک ریاستی انتظامی ادارہ ہے
اس کے باوجود ایودھیا کے زیادہ تر حصوں میں ترقی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، بڑے ہوٹلوں کی بنتی نئی شاخیں اور مقامی لوگ اپنے گھروں کو ہوم سٹے میں تبدیل کر رہے ہیں، لیکن شہر کے مرکز سے دور مسجد کی تعمیر ابھی تک شروع نہیں ہو سکی
سنی وقف بورڈ کی ایودھیا ضلع کمیٹی کے صدر اعظم قادری کہتے ہیں، ’حکومت نے مسجد کی تعمیر کے لیے مختص پانچ ایکڑ زمین پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ اگر رام مندر جیسی صرف 10 فیصد توجہ مرکوز کی جاتی تو مسجد کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہوتا۔‘
ایودھیا شہر میں آنے والے مزید یاتریوں کو جگہ دینے کی تیاری کر رہا ہے، جہاں سال کے آخر تک روزانہ ایک لاکھ عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے، مسلمانوں کا کہنا ہے کہ وہ خود کو الگ تھلگ محسوس کرتے ہیں۔
اعظم قادری کہتے ہیں ”یہ بہت اچھی بات ہے کہ یہاں بہت ترقی ہو رہی ہے۔ لیکن ہم اس سے خوش نہیں ہیں۔ مسلمان اس سے مطمئن نہیں ہیں۔ ہم نے ترقیاتی کاموں کے بارے میں وزیر اعظم کو خطوط بھی لکھے ہیں۔ انہوں نے نعرہ لگایا: ’سب کے ساتھ مل کر، سب کے لیے ترقی اور سب کا بھروسہ‘ لیکن چیزیں اس لائن پر آگے نہیں بڑھ رہی ہیں۔ حکومت کا ہدف صرف ایک کمیونٹی کی ترقی ہے۔“
دھنی پور کے رہنے والے پینتالیس سالہ محمد سہراب خان مسجد کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ ضروری منظوری حاصل کرنے اور منصوبہ بندی کی اجازت حاصل کرنے میں انتظامی رکاوٹوں کو قرار دیتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ’یہ پانچ میناروں پر مشتمل مسجد ہوگی اور اس کا نام محمد بن عبداللہ ہوگا۔ ایک مفت کینسر ہسپتال کے ساتھ ساتھ لا کالج اور میڈیکل کالج بھی ہوگا۔ وہاں ایک کمیونٹی باورچی خانہ بھی ہوگا۔
ڈیزائن کو ابھی تک منظوری نہیں دی گئی ہے ، لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس سال مئی تک تعمیر شروع ہو سکتی ہے۔
سہراب جب یہ کہتے ہیں تو ایک طرح سے انڈیا کے مسلمانوں کی بے بسی ان کے الفاظ سے عیاں ہوتی ہے، ”ہمارے ساتھ اس معنی میں ظلم کیا گیا کہ مندر وہاں تعمیر کیا گیا جہاں موجود مسجد کو غیر قانونی طور پر توڑا گیا تھا۔ ایک کمیونٹی کے طور پر، ہم بھی احساس ہے۔ لیکن مذہبی تناؤ کے معاملے میں، میں یہ کہوں گا کہ یہاں سب ٹھیک ہے۔ آخر کار حالات پرامن ہو گئے ہیں۔“
چالیس برس سے ایودھیا کے مسلمان خوف اور اندیشوں کے بیچ زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ اب بس یہی سوچ رہے ہیں کہ جو بھی ہے اب ان کے لیے حالات بہتر ہو جائیں۔
ایک مقامی صحافی علمدار عابدی کہتے ہیں ”مسلمان اس لیے ’خوش‘ ہیں کہ مندر بن جانے سے ماضی میں جو جو کشیدگی اور فسادات کا ماحول رہتا تھا، اس سے نجات مل گئی۔۔“