مریخ پر پہلا ہیلی کاپٹر اُڑانے کے بعد ناسا نے اس سرخ سیارے کی فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ سے آکسیجن بنانے کا سب سے پہلا تجربہ بھی کامیابی سے مکمل کرلیا ہے
یہ تجربہ مریخی گاڑی ’’پرسیویرینس روور‘‘ پر نصب خصوصی آلے "موکسی” MOXIE کے ذریعے انجام دیا گیا
’’موکسی‘‘ کا پورا نام ’’مارس آکسیجن اِن سیٹو ریسورس یوٹیلائزیشن ایکسپیریمنٹ‘‘ ہے؛ یعنی ایک ایسا آلہ جو مریخ پر دستیاب مقامی وسائل استعمال کرتے ہوئے اور وہیں رہتے ہوئے، آکسیجن تیار کر سکے
واضح رہے کہ مریخ کی فضا ہماری زمینی ہوا کے مقابلے میں بہت ہلکی ہے, جو تقریباً 95 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ پر مشتمل ہے
کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ہر مالیکیول میں ایک کاربن ایٹم کے ساتھ آکسیجن کے دو ایٹم جڑے ہوتے ہیں، جنہیں ایک دوسرے سے الگ کر کے آکسیجن حاصل کی جاسکتی ہے
’’موکسی‘‘ ابتدائی نوعیت کا مختصر تجرباتی آلہ ہے, جس کا مقصد مریخی فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ سے مؤثر طور پر آکسیجن الگ کرنے والی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرنا (ٹیکنالوجی ڈیمانسٹریشن) ہے
اس مرحلے میں کامیابی کے بعد، ان ہی اصولوں پر کام کرنے والے بڑے آلات بنا کر مریخ پر بھیجے جائیں گے
یہ سلسلہ بتدریج آگے بڑھاتے ہوئے، بالآخر اتنی بڑی مشینیں مریخ تک پہنچائی جائیں گی جو کم از کم چار انسانوں کے لیے سال بھر کی آکسیجن تیار کرنے کے قابل ہوں گی
اس تجربے میں ڈبل روٹیاں سینکنے والے گھریلو ٹوسٹر جتنے ’’موکسی‘‘ نے پہلے دو گھنٹے تک خود کو آہستہ آہستہ گرم کیا اور اپنا اندرونی درجہ حرارت 1470 ڈگری فیرن ہائیٹ (800 ڈگری سینٹی گریڈ) تک پہنچا دیا
پھر اس نے مریخ کی ہوا (کاربن ڈائی آکسائیڈ) جذب کر کے آکسیجن بنانا شروع کی اور تقریباً ایک گھنٹے میں 5.37 گرام آکسیجن تیار کرلی، جو کسی خلا نور کے 10 منٹ تک سانس لینے کے لیے کافی ہوگی. جب کہ موزوں ترین حالات میں ’’موکسی‘‘ ایک گھنٹے میں 10 گرام تک آکسیجن بنا سکتا ہے
ناسا ’’اسپیس ٹیکنالوجی مشن ڈائریکٹوریٹ‘‘ کے ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر جم روئٹر نے اس تجربے کو مریخ پر کاربن ڈائی آکسائیڈ سے آکسیجن بنانے کے ضمن میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مریخ پر انسانی بستیاں بسانے کا خواب حقیقت سے قریب دکھائی دینے لگا ہے
روئٹر کے مطابق، چار انسانوں کو مریخ تک پہنچانے کےلیے 55 ہزار پاؤنڈ راکٹ ایندھن درکار ہوگا، جس میں 15 ہزار پاؤنڈ آکسیجن شامل ہوگی۔ یہ سب کا سب زمین سے دستیاب ہوگا اور راستے میں ہی ختم ہوجائے گا
البتہ، خلانوردوں کے مریخ پر ایک سال تک رہنے کےلیے تقریباً ایک میٹرک ٹن (1000 کلوگرام) آکسیجن کی ضرورت ہوگی جسے زمین سے مریخ تک بحفاظت پہنچانے میں پورے منصوبے کی لاگت کئی گنا بڑھ جائے گی
تاہم یہی آکسیجن اگر مریخ پر موجود کسی مشین یا آلے سے تیار کرلی جائے تو نہ صرف وسائل کی بچت ہوگی بلکہ یہ حل پائیدار بھی ثابت ہوگا.