بحریہ ٹائون کی طرف سے گوٹھ مسمار کرنے کی گونج سندھ اسمبلی میں

نیوز ڈیسک

بحریہ ٹائون کی طرف سے قدیمی گوٹھ مسمار کرنے اور ان پر قابض ہونے کی گونج سندھ اسمبلی میں بھی سنائی دی، پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ اور جی ڈی اے کی نصر ت سحر عباسی نے قرارداد پیش کرنے اور بحث کروانے کا مطالبہ کر دیا، حکومت نے جمعرات کو رپورٹ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے

رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تاخیر سے اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ گڈاپ کے زمیندار فیض محمد گبول کے بیٹے مراد گبول نے اسمبلی پہنچ کر ممبران سے شکایت کی ہے کہ گڈاپ میں نور محمد گبول سمیت دیگر گوٹھوں کو بحریہ ٹائون انتظامیہ مسمار کرنا چاہتی ہے اور لوگ مزاحمت کر رہے ہیں، اسمبلی میں بحث کرنے کی اجازت دی جائے

حلیم عادل شیخ نے حکومت سندھ اور بحریہ ٹائون کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی، لیکن اسپیکر نے ان کو اجازت نہ دی اور حلیم عادل شیخ کا مائک بند کروا دیا

بعد میں نصرت سحر عباسی بھی بات کرتی رہی، لیکن اسپیکر نے ان کو بات کرنے کی اجازت نہ دی اور کہا کہ پہلے اور دوسرے کوارٹر کی بجٹ پر بحث جاری ہے، دو دن بعد بحث ختم ہوگی تو پھر بات کرنا

بعد میں پارلیمانی امور کے وزیر مکیش کمار چاولا نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لیا ہے اور جمعرات کو رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی، معاملے پر سیاست نہ چمکائی جائے، اگر سندھ کے لوگوں کا اتنا احساس ہے تو گیس، این ایف سی اور بجلی کے مسائل پر بات کی جائے، سندھ کے لوگوں کو پتا ہے کہ کون حلالی ہے اور کون حلالی نہیں، سندھ کے عوام نے ہم کو منتخب کرکے بھیجا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close