انہوں نے چند منٹ کی ویڈیو میں اتنے کام، اتنی کامیابیاں گنوائیں کہ مجھے لگا بس اب یہ کہیں گے کہ اور پھر میں نے اپنے سینگ سمیٹے، اڑان بھری اور دوسرے ملک جا اترا۔۔ پھر رودادِ اڑان سنائیں گے۔۔ لیکن نہیں، وہ اب اپنے ساتھ گزرے مزید واقعات بتا رہے تھے۔ جن سے پتا چلا کہ پر اور سینگ نکلنے کے سوا، دنیا کا ہر واقعہ ان صاحب کے ساتھ پیش آ چکا ہے۔ میرے ارمانوں پر پانی تو کیا، کیچڑ پڑ گیا۔۔ ناکامی کا سایہ چہرے پر پھیلا محسوس ہوا۔
ابھی یہ غبار اترا نہیں تھا کہ ایک خاتون اسپیکر کا لیکچر شروع ہو گیا۔ اول تو وہ مٹکتی ہوئی آئیں اور لال ہوتے ہونٹوں کو کمال مہارت سے گولائی بخشی اور جب منہ کھولا تو مجھ پر اوس پڑ گئی۔ بس پوچھیے مت! خیر وہ بھی بالوں کو کانوں کے پیچھے ٹھونستی، کیٹ واک کرتی، ماہرانہ انداز میں کامرانیوں کے قصے سنا رہی تھیں۔ دو نالی بندوق سی ٹانگیں آپس میں چہ میگوئیاں کر رہی تھیں۔
انہوں نے پھر پٹاری کھولی اور بتایا کس کس میدان میں جھنڈے گاڑے اور کیا کیا قصہ ہوا؛ کون کون سے پہاڑ سر کیے۔ اب پھر مجھے لگا کہ یہ بھی بولیں گی کہ ان کے سارے معرکے ایک طرف اور شکل بدل کر، شعلہ بنتے ہی روپوش ہو جانا ایک طرف۔۔۔ اور پھر بتلایا جائے گا کہ آپ بھی اس طور آگ لگا کر کامیابی سمیٹ سکتے ہیں، گندگی باقی سمیٹ لیں گے۔ لیکن یہاں بھی ارمان ندی میں بہہ گئے، جب پتا چلا کہ سوائے یوں اچانک غائب ہوجانے کے، ان کے ساتھ بھی سارے کام ہو چکے ہیں۔
لیکچروں کا سلسلہ ابھی جاری تھا۔ تالیوں کی گونج میں کوئی نیا گھسا پٹا قصہ تھا۔ سامنے بیٹھے مجمع کی رگوں میں چلتا خون دماغ کی بتی جلا، بجھا رہا تھا۔ کیا اس طور کامیابیاں سمیٹی جا سکتی ہیں؟ والدین کی نصائح جو تجربات کے خون سے سینچی ہوئی ہیں، ان کو تو ردّی کی ٹوکری کی نذر کر دیا۔ وجہ یہی ہے ناں کہ وہ دیتے ہیں، کچھ لیتے نہیں۔ مفت میں ملی چیز کی وقعت ہی کیا۔۔ یہاں پیسہ لے کر دیتے ہیں، گرچہ فقط خواب فروش ہیں مگر زور و شور ہے۔
دوسروں کی کامیابیوں کے قصے سنا کر جیب بھرنا کوئی ان سے سیکھے۔ ایک لیکچر کے ہزاروں روپے اینٹھ کر نئے لیکچر کی تیاری اور ہماری معذور قوم کی کثرت، کہ اپنی ہی کمزوریوں، خامیوں پر لہراتے پھریرے دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔ سحر انگیزیوں میں کانوں کو مزہ تو آتا ہے، مگر حاصل وصول کچھ نہیں۔ اک خبط ہے، جو ہم پر سوار ہے۔
میں کئی لیکچرز سن چکا۔ اگر کوئی چیز سمجھدانی میں اتری تو وہ تالیوں کی گونج تھی، باقی سب دھواں تھا یا پھر خالی کھوکھے، کورے کاغذ۔۔ ہاں البتہ شوق ضرور جاگا کہ چلو اتنی ناکامیاں تو ہیں ہی کہ موٹیویشنل اسپیکر بنا جائے۔ باتونی بھی ہیں اور جھوٹ بھی سرشت میں داخل ہے۔۔ لیکن دوسرے لمحے قسمت کو کوسا اور توبہ کر لی۔
کیا آپ نے مسخرے دیکھے ہیں؟ بہروپیے؟ جو دوسروں کی کامیابیوں کے قصے مٹک مٹک کر سناتے اور بے وقوف بناتے ہیں۔ اسٹیج پر اِدھر سے اُدھر بندر کی طرح خوخیاتے پھرتے ہیں اور اپنی کامیابیوں کے گُن گا کر متاثر کرنے کی کوشش کرتے اور کامیاب ہو جاتے ہیں۔ سننے والوں کے دماغ کی بتی بجھانا، سماعتوں کو نشے کا عادی بنانا اور جیب ہلکی کرنا ان کی کمال پروڈکٹ ہے۔ بہت سے لوگ انہی کے ہاتھوں نقصان اٹھاتے ہیں۔ مانا کہ بہت سے مواقع پر موٹیویشن کی ضرورت ہوتی ہوگی، بلکہ ضروری ہے۔ جہاں ضرورت ہو، وہاں ضرور مدد کیجیے اور مدد لیجیے۔ موٹیویٹ کیجیے، ہمت دیجیے، ہاتھ تھام کر چلائیے، لیکن یوں دھوکے کے کاروبارِ زندگی سے زندگیوں کے پہیوں کو زنگ آلود کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ یوں تو بس سست گدھے ہی تیار ہو سکتے ہیں۔
آج کل چوں کہ یہ کاروبار زوروں پر ہے، مقررین کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مرد و زن برابر محنت کر رہے ہیں تو بچے پیچھے کیوں رہیں۔ ایک متحرک تصویر (ویڈیو) کا ربط (لنک) ملا تھا۔ یہ کسی کم عمر موٹیویشنل اسپیکر کا لیکچر تھا۔ نام تھا لٹل اسٹار چغد خان، تیرہ چودہ سال عمر، چہرے پر تجربے کا نشان، نہ ہی علم کی محراب؛ اور لیکچر دیتے ہوئے کسی قصے کا ذکر کیا اور پھر کہنے لگا کہ یہ اس وقت کی بات ہے، جب میں ایک کرکٹ ٹیم کا کوچ تھا۔۔ یار کمال ہے! ماں کے پیٹ میں کرکٹ ٹورنامنٹ۔۔!! ہاں بھئی، تُو کھیل سکتا ہے! یہ اس بچے کے ساتھ بھی ظلم ہے جو والدین نے کیا۔ بچپن چھن گیا، خبر ہی نہیں۔ ہاں انہیں کیا دکھ ہوگا؟ انویسٹمنٹ کی تھی۔۔ اب اگر باتوں کے بکنے سے مال مل رہا ہے تو برائی کیا ہے؟
ایسے لیکچر میں سامنے سامعین میں بڑے بڑے لوگ بیٹھے سن رہے ہوتے ہیں۔ نجانے وہ سیکھتے کیا ہیں؟ شاید عبرت حاصل کرنے بیٹھے ہوں۔۔ بھئی کیا سیکھ رہے ہیں؟ آپ کے چہرے کی ایک جُھری میں چھپی کہانی ہزار سبق لیے ہوئے ہے۔ وہ سنائیے تو سیکھنے والے راستے پا لیں گے۔ تجربات، مشاہدات کے باکس میں سے کچھ نکال کر تقسیم کر دیں گے تو زندگیاں سنور جائیں۔
من موہنی حرکات، چکنی چپڑی باتیں کر کے آپ بھی موٹیویشنل اسپیکر بن سکتے ہیں۔ بس دوسروں کے قصے یاد رکھنے ہیں۔ باتونی بنیے، باتوں کو گھمانا سیکھیے۔ چند محاورے، منقول واقعات، سوانح عمریوں کا منجن بھی کام آئے گا۔ بیچ میں مذہب کا تڑکا کامیابی کی دلیل ہے۔ باتیں بِکیں گی اور خوب بِکیں گی۔ کہتے ہیں، جیسا بننا چاہتے ہو، اس کی عادات اپناؤ۔ اب اپنے لیے موٹیویشنل اسپیکر چن لیجیے۔
جنہیں ہم سنتے ہیں، یہ خود اگر اتنے ذہین، فطین اور زندگیاں سنوارنے کے گرو ہوتے تو اپنی نہ سنوار چکے ہوتے؟ مقابلے کے امتحان میں شریک نہ ہو چکے ہوتے؟ لیکن نہیں! یہ ناکامیاں سنا کر کامیابیوں پر ابھارتے ہیں۔ اِلاّ ماشاءاللہ! اب کوئی کہے کہ میاں تم کیوں جل رہے، تو حضور! شدھ سکون ہے، کرائے کا ٹٹو نہیں۔۔ وگرنہ مجھے جاننے والے جانتے ہیں کہ بہت اچھا موٹیویشنل اسپیکر ہوں۔ باتونی بھی ہوں اور جھوٹ بھی بول سکتا ہوں۔۔ لیکن ناکامیوں سے اس طور نہیں سیکھا کہ زندگیوں کی واٹ لگا دوں۔ بس بات اتنی ہے کہ دانت نکوس کر کامیابی سمیٹنا قبول نہیں۔
تو بھائی لوگو! دیدہ زیب چوغوں تلے چھپے ان مداریوں، مسخروں سے بچو۔ ان کے پاس فرسودہ باتوں کے علاوہ کچھ نہیں۔ تمام تر لوگوں کی زندگیوں کی تکالیف، مسائل ایک سے نہیں ہوتے، نہ ہی آٹھ نمبر کا نٹ ہے کہ آٹھ نمبر کی چابی لی اور ٹائٹ کر لیا۔ ہر ایک کے مسائل دوسرے سے الگ ہوتے ہیں۔ ہر انسان کی پیچیدگیاں مختلف ہوتی ہیں۔ ایک ہی دوا سب کے لیے کارگر نہیں ہو سکتی۔ بھیڑ بھڑکّے سے بچیے۔ کچھ مشورہ کرنا ہے تو اساتذہ سے مشورہ کیجیے۔ اپنے دوستوں سے، والدین سے مشورہ کیجیے۔ جہاں کہیں ضرورت ہو موٹیویشن کی، ضرور بڑوں سے مدد لیجیے۔۔ لیکن اگر صرف سننا مقصود ہے تو واش روم میں بیٹھ کر سچائیاں سننے سے بہتر کوئی جگہ نہیں کہ آپ خود ایک بہترین موٹیویشنل اسپیکر ہیں۔
بشکریہ: ایکسپریس نیوز
(نوٹ: کسی بھی بلاگ، کالم یا تبصرے میں پیش کی گئی رائے مصنف/ مصنفہ/ تبصرہ نگار کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے سنگت میگ کا متفق ہونا ضروری نہیں۔)