جنوبی افریقہ کی حکومت کی طرف سے کرکٹ بورڈ کے معاملات میں مداخلت اور بورڈ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کا انٹرنیشنل اسٹیٹس ایک بار پھر خطرے سے دوچار ہو گیا ہے
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی حکومت نے ایک مہینے کے لیے کرکٹ ٹیم کی تمام سرگرمیاں معطل کرتے دی ہیں اور جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں. کرکٹ بورڈ کے معاملات میں حکومت کی مداخلت کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی اسپورٹس کنفیڈریشن اور اولمپک کمیٹی نے کرکٹ بورڈ میں مداخلت کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے، جس کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ بحران کا شکار ہوگئی ہے۔
کرکٹ بورڈ کا کنٹرول سنبھالنے والی انتظامی کمیٹی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بورڈ کے معاملات کو درست کرنے کے لیے انکوائری کے بعد اس کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق کرکٹ بورڈ کے معاملات میں ملکی حکومت کو دخل اندازی کی اجازت نہیں ہے. اس سے متعلق آئی سی سی کی جانب سے ردعمل آج سامنے آنے کا امکان ہے.