اکستان میں بچوں کے لئے پہلے امراضِ قلب کے چلڈرن ہارٹ اسپتال اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پہلے چلڈرن ہارٹ اسپتال اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب لاہور کی نجی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی، جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد، ٹیسٹ کپتان اظہر علی، عابد علی، محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد عباس، احمد شہزاد سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی سی ایچ ایف کے بورڈ ممبر اور قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی سمیت کرکٹ فیملی نے اس پراجیکٹ کو شروع کرنے میں بہت ساتھ دیا، ﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نیک کام کا حصہ بنا. انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہسپتال کے لئے زیادہ سے زیادہ عطیہ کریں تاکہ مستحق بچوں کا مفت علاج ممکن ہوسکے
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بچوں کے علاج کے لئے بہترین سہولیات کی فراہمی ہمارا وژن ہے
واضح رہے کہ 2 سال قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اب چیف سلیکٹر مصباح الحق نے لاہور میں 2 ارب روپے کی لاگت سے 125 بستروں پر مشتمل چائلڈ ہارٹ اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا.