ٹانڈہ: خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی اور دست درازی کے پے در پے واقعات نے معاشرے کو جہنم بنا دیا. اسی طرح ایک اور واقعہ پنجاب کے شہر ٹانڈہ سے رپورٹ ہوا ہے
ٹانڈہ میں بااثر مسلح افراد کی بھرے بازار 2 سگی بہنوں کے ساتھ فحش حرکات، بوس و کنار کے علاوہ ایک کی انگلی نوچ ڈالی جب کہ پولیس نے لڑکیوں کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تین ملزمان کوگرفتار کرلیا
نواحی گاؤں بڑیلہ شریف کی رہائشی (ش) اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ سودا سلف لینے ٹانڈہ بازار گئی، تو راستہ میں جمشید چوہان اور غلام جیلانی وغیرہ 7 افراد نے ان پر بے ہودہ جملے کسے، دونوں بہنیں واپس گھر جانے کے لیے چنگ چی میں سوار ہوئیں تو ملزمان کار اور دو موٹر سائیکلوں پر ان کا پیچھا کرتے آگئے اور اسلحے کی نوک پر چنگ چی رکشے کو زبردستی روک لیا
دونوں بہنوں کو گھسیٹ کر کار میں ڈالنے کی کوشش کی اور بوس و کنار کرنے لگے، ایک کی انگلی نوچ ڈالی، روڈ پر آرمی کی گاڑی آتی دیکھ کر ملزمان دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گے
مرکزی ملزم غلام جیلانی ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکا جب کہ متاثرہ خاندان سیاسی دباو اورملزمان کے بااثر ہونے کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہیں
اس کے علاوہ جنسی استحصال کی ایک اور وڈیو کلپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے. اس وڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بے بس اور خوفزدہ خاتون خوفناک صورتحال میں گھری ہوئی ہے. نئی موبائل فون فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ کچھ نوجوان مرد دائرہ بنا کر ایک لڑکی کو شرمناک طریقے سے پکڑ کر اس کے کپڑے پھاڑ رہے ہیں جبکہ کچھ افراد اسے حملہ آوروں سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں
کچھ افراد نے اسے بچانے کی کوشش کی لیکن حملہ آوروں کا مجمع کافی بڑا تھا اور لڑکی بے بسی کے ساتھ ان نوجوانوں کے حملے سے بچنے کی کوشش کرتی رہی
اس واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے ایک بڑی کارروائی کر کے تیس افراد کو گرفتار کیا گیا
دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں 14 اگست کو سامنے آنے والی وڈیو میں چنگچی رکشہ میں لڑکی کے ساتھ غیراخلاقی حرکت کرنے والے نوجوان کی شناخت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رکشے والے واقعے میں بظاہر لڑکے کی شکل نظر نہیں آئی تاہم سی سی ٹی وی کیمروں سے لڑکے کی نشاندہی کرلی گئی
فیاض چوہان نے کہا کہ میری آئی جی سے صبح بھی بات ہوئی تھی، ایک بات طے شدہ ہے ملزم بچ نہیں سکتا، بچوں اور بچیوں سے جو بھی زیادتی کرے گا وہ بچ نہیں سکے گا جب کہ مجمع کی صورت میں اگر کوئی ظلم کرے گا تو اسے بھی نہیں چھوڑیں گے
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ گریٹ راقبال پارک کے واقعے کے وقت 28 ہزار لوگ تھے، بچی کے ساتھ موجود مجمع کو ٹریس کرلیا گیا ہے، 354 کی دفعہ لگائی گئی ہے جس کی سزا سزائے موت ہے، گریٹر اقبال پارک کیس میں 28 ہزار افراد کی جیو فینسنگ کی گئی، واقعہ میں ملوث 350 افراد کو ٹریس کر لیا گیا ہے اور 100 کے قریب افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دو چار لوگ نشان عبرت بنیں گے تو ماں باپ کے ساتھ اولاد بھی سوچے گی، اس طرح کے شیطان غلط حرکت کرنے سے پہلے سوبار سوچیں گے
واضح رہے 14 اگست والے دن گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر لڑکی کے واقعے کے بعد گزشتہ روز ایک اور لڑکی کی وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک اوباش نوجوان چنگچی رکشہ میں سفر کرنے والی لڑکی کو بوسہ دے کر فرار ہوجاتا ہے
ادہر کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سعید آباد میں سابقہ بیوی پر تیزاب پھینکے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے
پولیس کے مطابق ملزم ذیشان کو پولیس نے سعید آباد سیکٹر 9 سی سے گرفتار کیا ہے، ذیشان کو گزشتہ روز اپنی سابقہ اہلیہ پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے
واضح رہے کہ بلدیہ ٹاؤن سعید آباد نمبر 9 میں صبح تقریباً 8 بجے انیس سالہ رمشا پر اس کے سابق شوہر ذیشان عرف شانی نے تیزاب پھینک دیا تھا، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب رمشا گھر سے دفتر کے لیے جا رہی تھی. متاثرہ خاتون کے چہرے اور جسم کے مختلف حصے متاثر ہوئے ہیں
رمشا کے والد کے مطابق تیزاب سے ان کی بیٹی کے جسم کا 39 فیصد حصہ جھلس گیا ہے.